Skip to content

بغاوت سے سفاہت تک

شذرہ

15 فروری 2020 ء

مجھے ڈر تو لگ رہا ہے کہ بدتمیزی کا یہ سلسلہ میری ذات کو بھی محیط نہ ہو جائے مگر پھر بھی بعض دوستوں کے خیال سے یہ معاملہ زیرِ بحث لانا چاہتا ہوں۔ اللہ کرے سلمان حیدر صاحب یہ اقتباس دیکھ ہی نہ پائیں!

وزیر اعظم کے معاون طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے وزیراعظم طویل ذلالت کے بعد بھی انتقال کرنے پر تیار نہیں ہیں۔۔۔نوٹ: اس جملے میں لطیفہ نعیم الحق کا انتقال کر جانا نہیں ہے خان صاحب کا زندہ ہونا ہے۔

Posted by Salman Haider on Saturday, February 15, 2020

محولہ مراسلے میں صاحب نے نعیم الحق صاحب کے انتقال کو بہانہ بنا کر ایک پھلجڑی چھوڑی ہے۔ ادب کے طلبہ اول تو طنز اور مزاح کا فرق یہاں بہت اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ مزاح ہر وہ بات، کام یا کیفیت ہے جو ہنسی پیدا کرے۔ طنز اس سے ایک درجہ آگے ہے۔ اس میں مزاح کو مقصد برآری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ گویا مزاح ہنسانا ہے اور طنز ہنسانے کے بہانے متوجہ اور متاثر کرنا ہے۔ مزاح کی کوئی سمت نہیں ہوتی۔ اس کے برعکس طنز تیر کی مانند ایک معین ہدف پر گرتا ہے۔

دوسری بات یہ ہے کہ پاکستان کے وہ حلقے بھی جو غیر روایتی افکار رکھتے ہیں معاصر روایت کے کم از کم ایک پہلو سے جان نہیں چھڑوا سکے۔ اور وہ پہلو ہے انتہا پسندی۔ مذہبی و غیر مذہبی دونوں حلقے شدت میں انتہا کو چھو رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ برابر کی غیر معقولیت دونوں کے ہاں پائی جاتی ہے۔

مقتبس مراسلے کے تبصرے ملاحظہ فرمائیے تو آپ کو اندازہ ہو گا کہ سلمان حیدر صاحب اپنے بعض احباب کے اعتراض کے باوجود یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ یہ پھلجڑی اس وقت نہایت نامناسب تھی۔ ممکن ہے کوئی اسے عناد، بغض یا ہٹ دھرمی پر محمول کرے مگر میں خیال کرتا ہوں کہ وہ واقعی معاملے کی حساسیت کو نہیں سمجھ پا رہے۔

واقعہ یہ ہے کہ انتہا پسندی شدتِ جذبات سے پیدا ہوتی ہے۔ اور شدتِ جذبات میں عقل کا ماؤف ہو جانا ایسا امر ہے کہ فلسفی اور ملا ہر دو پر ایک ہی طرح وارد ہوتا ہے۔ اب سلمان حیدر صاحب کا مسئلہ بالکل وہی ہے جو ایک کٹھ ملا کا ہوتا ہے۔ ایک چیز وہ نہیں دیکھ پا رہے اور سونے پر سہاگہ یہ ہے کہ اسے دیکھنا بھی نہیں چاہتے۔ اور وہ چیز ہے تناظر۔ پس منظر۔ ماحول۔

جدید دنیا کے بعض خطوں میں جب مذہبی روایت معطل ہوئی تو اس کی کمی پوری کرنے کے لیے ثقافتی روایت کو ترقی دی گئی۔ مختلف علاقوں کے تہذیبی اثاثے جو اس سے پیشتر مذہبی اشرافیہ کے تکبر کی بھینٹ چڑھے رہے تھے نمایاں ہو کر سامنے آنے لگے۔ تہوار، ملبوسات، مشروبات و ماکولات، عادات و اطوار، ادبیات و فنونِ لطیفہ۔ ان سب کا احترام ثقافت کے نام پر پہلے سے بدرجہا زیادہ ہو گیا۔ اشتراکیت وغیرہ نے تو ثقافت کو باقاعدہ مذہب کے متبادل کے طور پر استعمال کیا۔

سلمان حیدر صاحب پاکستان کی مذہبی اور سیاسی روایت سے بیزاری میں آزاد ہیں۔ تاہم یہ انھوں نے سراسر اپنا نقصان کیا ہے کہ اس آزادی کی راہ پر اتنا دور نکل گئے ہیں کہ ثقافتی معمولات (norms) بھی ان کی نظر سے اوجھل ہو گئے ہیں۔ ہماری ہی نہیں دنیا بھر کی انسانی تہذیبوں میں موت فوت کے موقع پر اس قسم کے اشقلے چھوڑنا اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ روایت سے بغاوت آپ کا حق سہی مگر فطرت سے بغاوت بڑی ٹیڑھی کھیر ہے۔ آدمی معاشرتی حیوان ہے اور موت کا حادثہ معاشرے کا سب سے بڑا معمول ہے۔ ہو نہیں سکتا کہ ایسے موقع کی حساسیت کا خیال ایک باشعور آدمی کے دل سے محو ہو جائے۔ مگر جیسا میں نے اوپر عرض کیا، اس قسم کا ہر رویہ ایک نہیں تو دوسری طرح کی انتہا پسندی کا شاخسانہ ہوتا ہے جو عقل کو ماؤف کر دیتی ہے۔

فحوائے کلام یہ ہے کہ صاحب اپنے باغیانہ جذبات کی رو میں ایک سانحے کے ثقافتی تناظر کو فراموش کر بیٹھے ہیں اور ہماری دانست میں اس سے بھی زیادہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ اپنے ہم خیال اور ہم درد معترضین کا اعتراض سمجھنے سے بھی معذور ہو گئے ہیں۔

راحیلؔ فاروق

پنجاب (پاکستان) سے تعلق رکھنے والے اردو نثر نگار۔

Prevپچھلی نگارشمذہب، الحاد، سائنس اور زمانہ
اگلی نگارشزبان کی سندNext

تبصرہ کیجیے

اظہارِ خیال

اردو نثر

راحیلؔ فاروق کی نثری نگارشات۔ شعری، ادبی، فکری، معاشرتی اور مذہبی موضوعات پر انشائیے، مضامین اور شذرات۔

آپ کے لیے

فاؤل لینگوئج

10 اپریل 2017 ء

نمبروں کی دوڑ

21 ستمبر 2021 ء

کتابیں خریدنے والوں کے لیے چند مشورے

27 اپریل 2021 ء

پرستش سے خدائی تک

27 فروری 2018 ء

اردو حروفِ تہجی کی کہانی

4 جولائی 2020 ء

تازہ ترین

آزادی کی مختصر ترین تاریخ

14 اگست 2022 ء

تعریب، تفریس، تارید اور تہنید

21 جولائی 2022 ء

دور بینیں، کہکشائیں اور دور کی کوڑیاں

13 جولائی 2022 ء

غلطی ہائے مضامیں مت پوچھ!

27 مئی 2022 ء

آدمی، لفظ اور کہانی

23 مئی 2022 ء
ہمارا ساتھ دیجیے

اردو گاہ کے مندرجات لفظاً یا معناً اکثر کتب، جرائد، مقالات اور مضامین وغیرہ میں بلاحوالہ نقل کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ کسی مراسلے کی اصلیت و اولیت کی بابت تردد کا شکار ہیں تو براہِ کرم اس کی تاریخِ اشاعت ملاحظہ فرمائیے۔ توثیق کے لیے web.archive.org سے بھی رجوع لایا جا سکتا ہے۔

© 2022 - جملہ حقوق محفوظ ہیں۔
ہمارا ساتھ دیجیے

اردو گاہ کے مندرجات لفظاً یا معناً اکثر کتب، جرائد، مقالات اور مضامین وغیرہ میں بلاحوالہ نقل کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ کسی مراسلے کی اصلیت و اولیت کی بابت تردد کا شکار ہیں تو براہِ کرم اس کی تاریخِ اشاعت ملاحظہ فرمائیے۔ توثیق کے لیے web.archive.org سے بھی رجوع لایا جا سکتا ہے۔

© 2022 - جملہ حقوق محفوظ ہیں۔
اردو گاہ
Facebook-f Twitter Instagram Pinterest Youtube

ہم روایت شکن روایت ساز

  • لغت
  • ادب
  • لہجہ
  • شاعری
  • نثر
  • اقوال
  • امثال
  • محاورات
  • املا
  • عروض
  • معاصرین
  • زار
  • کیفیات
Menu
  • لغت
  • ادب
  • لہجہ
  • شاعری
  • نثر
  • اقوال
  • امثال
  • محاورات
  • املا
  • عروض
  • معاصرین
  • زار
  • کیفیات
[ivory-search id="65831" title="Main"]
  • تشہیر
  • ضوابط
  • رابطہ
Menu
  • تشہیر
  • ضوابط
  • رابطہ
اطلاقیہ