مواد پر جائیں۔
  • راحیلؔ
  • قرارداد
  • تشہیر
  • ضوابط
  • رابطہ
  • راحیلؔ
  • قرارداد
  • تشہیر
  • ضوابط
  • رابطہ
اردو گاہ
  • زبان

    فرہنگِ آصفیہ

    • لغت
    • تعارف
    • معروضات
    • لغت
    • تعارف
    • معروضات

    املا نامہ

    • املا
    • املا نامہ
    • مقدمہ
    • ابواب
    • املا
    • املا نامہ
    • مقدمہ
    • ابواب

    اردو محاورات

    • تعارف
    • فہرست
    • مقدمہ
    • اہمیت
    • ادب
    • مراجع
    • تعارف
    • فہرست
    • مقدمہ
    • اہمیت
    • ادب
    • مراجع

    اردو عروض

    • تعارف
    • فہرست
    • ابواب
    • مصطلحات
    • تعارف
    • فہرست
    • ابواب
    • مصطلحات
  • کلاسیک

    ادبِ عالیہ

    • تعارف
    • کتب
    • موضوعات
    • مصنفین
    • شمولیت
    • تعارف
    • کتب
    • موضوعات
    • مصنفین
    • شمولیت

    لہجہ

    • تعارف
    • فہرست
    • ادبا
    • اصناف
    • تعارف
    • فہرست
    • ادبا
    • اصناف
  • حکمت

    اقوالِ زریں

    • اقوال
    • فہرست
    • شخصیات
    • زمرے
    • زبان
    • اقوال
    • فہرست
    • شخصیات
    • زمرے
    • زبان

    ضرب الامثال

    • تعارف
    • فہرست
    • زبان
    • زمرہ
    • تعارف
    • فہرست
    • زبان
    • زمرہ
  • نگارشات

    اردو شاعری

    • تعارف
    • فہرست
    • اصناف
    • زمرے
    • تعارف
    • فہرست
    • اصناف
    • زمرے

    زار

    • تعارف
    • فہرست
    • پیش لفظ
    • پی ڈی ایف
    • تعارف
    • فہرست
    • پیش لفظ
    • پی ڈی ایف

    اردو نثر

    • تعارف
    • فہرست
    • اصناف
    • زمرے
    • تعارف
    • فہرست
    • اصناف
    • زمرے

    کیفیات

    • کیفیت نامے
    • کیفیت نامے
  • معاصرین

    معاصرین

    • معاصرین
    • فہرست
    • مصنفین
    • اصناف
    • موضوعات
    • لکھیے
    • برأت
    • معاصرین
    • فہرست
    • مصنفین
    • اصناف
    • موضوعات
    • لکھیے
    • برأت

پند نامۂِ داغؔ دہلوی

اصول

19 اگست 2019ء

منظوم اصولِ شاعری

 

اردو کی کلاسیکی اور معیاری شاعری سے رغبت رکھنے والوں اور اپنے ذوق کی اصلاح چاہنے والوں کے لیے ایک جمالیاتی منشور کی حیثیت رکھنے والا منظوم ہدایت نامہ!

پند نامہ

نوآموز شعرا کی رہنمائی کے لیے اردو کے استاد شاعر نواب مرزا خان داغؔ دہلوی کا ایک نادر و نایاب قطعہ جس میں فنِ شعر پر مختلف پہلوؤں سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس پند نامے میں مختلف ادبی و عروضی اصطلاحات مذکور ہیں جن کا مفہوم اصولاً ادب کے طلبہ کو معلوم ہونا چاہیے اور داغؔ کے زمانے میں ہوا بھی کرتا تھا۔ تاہم فی زماننا اغلب ہے کہ لوگ ان کے مطالب سے کماحقہٗ آشنا نہ ہوں۔ ایسوں کے لیے پندِ سود مند یہ ہے کہ اردو عروض کی تازہ اشاعتوں سے باخبر رہیں۔ ہم وقتاً فوقتاً مضامین اور مصطلحات کے زمروں میں تشریحات و توضیحات شائع کرتے رہیں گے۔ ان شاءاللہ۔

فصیح الملک نواب مرزا خاں داغؔ دہلوی کا شاعری کے محاسن و معائب پر ایک بصیرت افروز ہدایت نامہ جو انھوں نے حضرت احسنؔ مارہروی کی فرمائش پر اپنے شاگردوں کے لیے فی البدیہہ نظم فرمایا۔

شعرا اور ادب کے سنجیدہ قارئین کے لیے خاصے کی چیز۔

پند نامہ

 

قطعہ بطور ہدایت نامہ کہ حسبِ استدعائے خاکسار احسنؔ وقتِ تالیفِ جلوۂِ داغؔ برائے

فصیح اللغات ارشاد فرمودند فی البدیہہ

 

اپنے شاگردوں کو یہ عام ہدایت ہے مری
کہ سمجھ لیں تہِ دل سے وہ بجا و بے جا

شعر گوئی میں رہیں مدِ نظر یہ باتیں
کہ بغیر ان کے فصاحت نہیں ہوتی پیدا

چست بندش ہو نہ ہو سست یہی خوبی ہے
وہ فصاحت سے گرا شعر میں جو حرف دبا

عربی فارسی الفاظ جو اردو میں کہیں
حرفِ علت کا برا ان میں ہے گرنا دبنا

الفِ وصل اگر آئے تو کچھ عیب نہیں
لیکن الفاظ میں اردو کے یہ گِرنا ہے روا

جس میں گنجلک نہ ہو تھوڑی بھی صراحت ہے وہی
وہ کنایہ ہے جو تصریح سے بھی ہو اولیٰ

عیب و خوبی کا سمجھنا ہے اک امرِ نازک
پہلے کچھ اور تھا اب رنگِ زباں اور ہوا

یہی اردو ہے جو پہلے سے چلی آتی ہے
اہلِ دہلی نے اسے اور سے اب اور کیا

مستند اہلِ زباں خاص ہیں دلی والے
اس میں غیروں کا تصرف نہیں مانا جاتا

جوہری نقدِ سخن کے ہیں پرکھنے والے
ہے وہ ٹکسال سے باہر جو کسوٹی نہ چڑھا

بعض الفاظ جو دو آئے ہیں اک معنیٰ میں
ایک کو ترک کیا ایک کو قائم رکھا

ترک جو لفظ کیا اب وہ نہیں مستعمل
اگلے لوگوں کی زباں پر وہی دیتا تھا مزا

گرچہ تعقید بری ہے مگر اچھی ہے کہیں
ہو جو بندش میں مناسب تو نہیں عیب ذرا

شعر میں حشو و زواید بھی برے ہوتے ہیں
ایسی بھرتی کو سمجھتے نہیں شاعر اچھا

گر کسی شعر میں ایطائے جلی آتا ہے
وہ بڑا عیب ہے کہتے ہیں اسے بے معنیٰ

استعارہ جو مزے کا ہو مزے کی تشبیہ
اس میں اک لطف ہے اس کہنے کا پھر کیا کہنا

اصطلاح اچھی مثل اچھی ہو بندش اچھی
روزمرہ بھی رہے صاف فصاحت سے بھرا

ہے اضافت بھی ضروری مگر ایسی تو نہ ہو
ایک مصرع میں جو ہو چار جگہ بلکہ سوا

عطف کا بھی ہے یہی حال یہی صورت ہے
وہ بھی آئے متوالی تو نہایت ہے برا

لف و نشر آئے مرتب وہ بہت اچھا ہے
اور ہو غیر مرتب تو نہیں کچھ بے جا

شعر میں آئے جو ایہام کسی موقع پر
کیفیت اس میں بھی ہے وہ بھی نہایت اچھا

جو نہ مرغوبِ طبیعت ہو بری ہے وہ ردِیف
شعر بے لطف ہے گر قافیہ ہو بے ڈھنگا

ایک مصرع میں ہو تم دوسرے مصرع میں ہو تو
یہ شتر گربہ ہوا میں نے اسے ترک کیا

چند بحریں متعارِف ہیں فقط اردو میں
فارسی میں عربی میں ہیں مگر ان سے سوا

شعر میں ہوتی ہے شاعر کو ضرورت اس کی
گر عروض اس نے پڑھا وہ ہے سخن ور دانا

مختصر یہ ہے کہ ہوتی ہے طبیعت استاد
دین اللہ کی ہے جس کو یہ نعمت ہو عطا

بے اثر کے نہیں ہوتا کبھی مقبول کلام
اور تاثیر وہ شے ہے جسے دیتا ہے خدا

گرچہ دنیا میں ہوئے اور ہیں لاکھوں شاعر
کسبِ فن سے نہیں ہوتی ہے یہ خوبی پیدا

سید احسنؔ جو مرے دوست بھی شاگرد بھی ہیں
جن کو اللہ نے دی فکرِ رسا طبعِ رسا

شعر کے حسن و قبائح جو انھوں نے پوچھے
ان کی درخواست سے اک قطعہ یہ برجستہ کہا

پند نامہ جو کہا داغؔ نے بیکار نہیں
کام کا قطعہ ہے یہ وقت پہ کام آئے گا

بحوالۂ یادگارِ داغؔ

راحیلؔ فاروق

پنجاب (پاکستان) سے تعلق رکھنے والے عروض فہم۔

Prevپچھلی نگارشسرقہ، شعر اور اس کے حقوقِ ملکیت
اگلی نگارشتنافر کی تعریف، اقسام اور جوازNext

تبصرہ کیجیے

اظہارِ خیال

2 خیالات ”پند نامۂِ داغؔ دہلوی“ پر

  1. Marghoob Ahmed
    23 اگست 2019ء بوقت 16:01

    Ap sa rabta krna chahata hun

    جواب دیں
    1. راحیلؔ فاروق
      24 اگست 2019ء بوقت 01:24

      رابطہ کے صفحے پر تشریف لائیے۔

      جواب دیں

جواب دیں جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل کا پتا شائع نہیں کیا جائے گا۔ تبصرہ ارسال کرنے کے لیے * کے نشان والے خانے پر کرنا ضروری ہے۔

اردو عروض

علمِ عروض کے اسباق و دروس۔ اردو شعری روایت کے تناظر میں بحور، زحافات، تقطیع، قافیہ اور بلاغت کے مباحث!

آپ کے لیے

تشدید، غنہ اور مخلوط حروف

اردو عروض
  • اصول
  • 16 دسمبر 2018ء

الفاظ کے حرفِ اول اور حرفِ آخر کی کیفیت

اردو عروض
  • اصول
  • 17 دسمبر 2018ء

الف اور اس کی قسمیں

اردو عروض
  • اصول
  • 2 جنوری 2019ء

چہار حرفی الفاظ

اردو عروض
  • مبادیات
  • 23 دسمبر 2018ء

عروض کیا ہے؟

اردو عروض
  • مبادیات
  • 14 دسمبر 2018ء

اصطلاحات

حرکت

مصطلحاتِ عروض
  • عربی
  • اسمِ مؤنث

ارکان

مصطلحاتِ عروض
  • عربی
  • اسمِ مذکر

مصطلح

مصطلحاتِ عروض
  • عربی
  • اسمِ صفت

اوزان

مصطلحاتِ عروض
  • عربی
  • اسمِ مذکر
ہمارا ساتھ دیجیے

اردو گاہ کے مندرجات لفظاً یا معناً اکثر کتب، جرائد، مقالات اور مضامین وغیرہ میں بلاحوالہ نقل کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ کسی مراسلے کی اصلیت و اولیت کی بابت تردد کا شکار ہیں تو براہِ کرم اس کی تاریخِ اشاعت ملاحظہ فرمائیے۔ توثیق کے لیے web.archive.org سے بھی رجوع لایا جا سکتا ہے۔

© 2022 - جملہ حقوق محفوظ ہیں۔