لہجہ
تعارف
زبان کی نسبت یہ خیال ہم نے اکثر ظاہر کیا ہے کہ اس کا مدار تحریر کی بجائے کلام پر ہے۔ تحریر محض کلام کی کاغذ پر اتاری ہوئی نقل ہے۔ اولیت اور اصلیت کا تاج کلام یعنی بول چال کے سر ہے۔ لہٰذا ہماری رائے میں زبان کو سمجھنے اور برتنے کا صحیح ذوق گفتگو سے پیدا ہوتا ہے۔ لکھنا پڑھنا اسی ذوق کو پاکیزہ تر کر دیتا ہے مگر پیدا نہیں کر سکتا۔ ادب دراصل خود بھی پاکیزہ کلام ہی کی ایک شکل ہے جو تحریر کی صورت میں محفوظ کر لی گئی ہو۔
کلام اپنے حسن اور ابلاغ کے لیے الفاظ کے علاوہ تلفظ، لہجے، آہنگ اور طرزِ ادا وغیرہ پر بھی انحصار کرتا ہے۔ تحریر میں یہ چیز نہیں ہوتی۔ اس لیے جو علم کلام سے حاصل ہوتا ہے وہ تحریر سے حاصل نہیں ہو سکتا۔ یہی سبب ہے کہ کتاب کو استاد کا متبادل نہیں مانا گیا۔ استاد کلام کرتا ہے جبکہ کتاب تحریر پیش کرتی ہے۔ کلام مطالب کی راہ لہجے، زیر و بم اور ادا کے ذریعے نہایت آسان کر دیتا ہے مگر تحریر کے معانی کی منازل تمام تر قاری کو خود طے کرنی پڑتی ہیں۔ گویا کلام شخصیت ہے اور تحریر فقط اس کی تصویر۔ فرق صاف ظاہر ہے۔
لہجہ
لہجہ اردو ادب کے شاہکاروں کو واپس کلام کی صورت میں دریافت کرنے، سمجھنے اوران سے لطف اٹھانے کی ایک مودبانہ کوشش ہے۔ یہ ایک یوٹیوب چینل ہے جس پر اردو کے کلاسیک شہ پارے راحیلؔ فاروق کی آواز میں پیش کیے جاتے ہیں۔ ہماری توجہ اب تک زیادہ تر شاعری کی تحت اللفظ پیشکش پر رہی ہے تاہم گاہے گاہے منتخب نثر پاروں کی امید بھی رکھی جا سکتی ہے۔
ہم اہلِ زبان نہیں۔ زبان دان نہیں۔ تحقیق کے مردِ میدان بھی نہیں۔ ہماری تمام کاوشیں محض اردو کی محبت سے عبارت ہیں۔ ان میں گاہے گاہے مختلف کوتاہیاں بھی در آتی ہیں جن کی ذمہ دار محض ہماری بشریت ہے۔ تاہم ہمیں اپنے ناظرین سے امید ہے اور رہے گی کہ وہ ایک پنجابی کی اردو سے محبت کا بھرم رکھیں گے اور اسی عالی ظرفی اور کشادہ دلی سے کام لیں گے جو اردو نے ہمیشہ پنجاب کے باب میں روا رکھی ہے۔
تحت اللفظ / بلند خوانی
اردو گاہ پر لہجہ کا شعبہ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ہر پیشکش میں یوٹیوب چینل سے اصل وڈیو کی تضمین (embedding) کی گئی ہے اور اس کے نیچے مطالعے کے لیے کلام کا یونیکوڈ (Unicode) اردو متن درج کر دیا گیا ہے۔آغاز میں شعبے کے مختلف حصوں کی جانب رہنمائی کے لیے ایک لائحہ (menu) بھی ہے جس میں مختلف کارآمد روابط موجود ہیں۔
ذیل میں تازہ واردانِ بساط کی ایک فہرست دی گئی ہے جن سے آپ تسکینِ ذوق کا آغاز کر سکتے ہیں۔