سانچ کو آنچ نہیں۔
सांच को आंच नहीं|
ترجمہ
سچ کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔
مطلب
سچائی ایسی چیز ہے کہ جھوٹ اس کا مقابلہ تو کر سکتا ہے مگر اسے عاجز نہیں کر سکتا۔ سچائی چونکہ حق تعالیٰ کا ایک روپ ہے اس لیے اسے نقصان پہنچانا کسی کے بس کی بات نہیں۔
پس منظر
کہتے ہیں کہ ایک جولاہا بڑا سچا اور کھرا آدمی تھا۔ ایک ساہوکار نے اس سے کچھ شالیں خریدیں اور قیمت نہ دی۔ جولاہے نے پھر تقاضا کیا تو ساہوکار نے شالوں کو آگ لگ جانے کا بہانہ کر کے جان چھڑانا چاہی۔ جولاہے نے کہا، "ہو ہی نہیں سکتا کہ کسی صادق کے کام کو آگ چھو بھی جائے۔” اور اپنے کاندھے سے شال اتار کر آگ پر رکھ دی۔ خدا کا کرنا یہ ہوا کہ آگ نے واقعی شال پر کچھ اثر نہ کیا۔ وہاں سے یہ مثل مشہور ہوئی۔
سانچ لفظ سچ ہی کی ایک شکل ہے۔ آنچ آگ کی گرمی یا تپش کو کہتے ہیں۔
استعمال
وہاں کہتے ہیں جہاں یہ ثابت ہو جائے یا کرنا مقصود ہو کہ سچائی اور حقیقت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔