گلے ہی لگ نہ سکو تم تو عید کیا معنیٰ
خوشی نہ ہو تو خوشی کی نوید کیا معنیٰ
نہ آؤ ہاتھ تو پھر ہاتھ میں بھی کیوں دو ہاتھ
فروخت ہوتے نہیں ہو رسید کیا معنیٰ
فراق اور وبا کے کڑے دنوں کا فراق
جفا اور ایسی جفائے شدید کیا معنیٰ
بشر کا روگ وہی بے بضاعتی کا ہے
وہی ہے حال قدیم و جدید کیا معنیٰ
جہاں لپیٹ کے منہ چارہ گر گزر جائیں
کسی سے چارہ گری کی امید کیا معنیٰ
تمھارے لب پہ تبسم نظر نہیں آتا
یہ ساتھ ساتھ کہاں کا یہ دید کیا معنیٰ
نقاب خوف کا جلووں نے کیا برا اوڑھا
قریب ہو کے بھی ایسے بعید کیا معنیٰ
وہ دیکھتے ہیں کہ میں دیکھنے کو مرتا ہوں
وہ پوچھتے ہیں کہ زندہ شہید کیا معنیٰ
خدا سے اور تو کچھ عرض ہم نہیں کرتے
جو ہو چکا ہے بہت ہے مزید کیا معنیٰ
قفس میں خوش خبری کیا بہار کی راحیلؔ
وبا کے عہد میں عیدِ سعید کیا معنیٰ