آپ سلطان ہوا کیجے گدا ہم بھی نہیں
اس قدر تو گئے گزرے بخدا ہم بھی نہیں
اب انا کو کرے سجدہ تو محبت ہی کرے
جبہہ سا آپ نہیں ناصیہ سا ہم بھی نہیں
جائیے جائیے مت دیکھیے مڑ کر پیچھے
ایسے شوقینِ جفا خوارِ وفا ہم بھی نہیں
چارۂِ سرکشئِ دل کریں اللہ اللہ
وہ خدا بندہ نواز آپ تو کیا ہم بھی نہیں
دوستی دشمنی اب آپ نبھائیں تو نبھائیں
ہم کو ربط آپ سے ایسا کوئی باہم بھی نہیں
مہربان آپ بھی ہیں اور بھی ہوں گے لیکن
چاہتے تو دلِ ناداں کا برا ہم بھی نہیں
لاکھ لیلائیں امڈ آئیں غزل پر راحیلؔ
آخر اس دشت کی آوارہ صدا ہم بھی نہیں
4 خیالات ”آپ سلطان ہوا کیجے گدا ہم بھی نہیں“ پر
جائیے جائیے مت دیکھیے مڑ کر پیچھے
ایسے شوقینِ جفا خوارِ وفا ہم بھی نہیں
دوستی دشمنی اب آپ نبھائیں تو نبھائیں
ہم کو ربط آپ سے ایسا کوئی باہم بھی نہیں
مہربان آپ بھی ہیں اور بھی ہوں گے لیکن
چاہتے تو دلِ ناداں کا برا ہم بھی نہیں
بہت عمدہ راحیل بھائی!
ڈھیروں داد۔۔۔!
ڈھیروں شکریہ، پیارے بھائی۔
کمال بہت خوب آپ کی کتاب کہاں سے مل سکتی ہے
اب انا کو کرے سجدہ تو محبت ہی کرے
جبہہ سا آپ نہیں ناصیہ سا ہم بھی نہیں
واہ واہ بھائی کمال است
چارۂِ سرکشئِ دل کریں اللہ اللہ
وہ خدا بندہ نواز آپ تو کیا ہم بھی نہیں
خوب واہ واہ
لاکھ لیلائیں امڈ آئیں غزل پر راحیلؔ
آخر اس دشت کی آوارہ صدا ہم بھی نہیں
کمال