میں دیوانہ ہوں دیوانے کا کیا ہے

میں دیوانہ ہوں دیوانے کا کیا ہے
زمانہ خود تماشا بن گیا ہے

ہم اپنی داستاں خود کیوں سنائیں
جو ظالم پوچھتا ہے جانتا ہے

دھوئیں کی گود میں بیٹھا زمانہ
گل و بلبل پہ فقرے کس رہا ہے

ہمارا نام ان کے نام کے ساتھ
کسی بدخط نے عمداً لکھ دیا ہے

حقیقت سے جو منہ پھیرے سو کافر
حرم ہے دیر ہے بت ہیں خدا ہے

ترا غصہ تو پھر غصہ ہے ظالم
ترا یہ صبر بھی صبر آزما ہے

ہر اک سے حال مت دریافت کیجے
اسی سے پوچھیے جس کو پتا ہے

خدا کے ذکر میں تسکین ہو گی
بتوں کی بات کا اپنا مزا ہے

حسد ہے منعموں کو منعموں سے
فقیروں کو فقیروں کی دعا ہے

اسی دکھ میں مرا جاتا ہے راحیلؔ
کوئی سمجھے کہ دکھ کس بات کا ہے

راحیلؔ فاروق

راحیلؔ فاروق

راحیلؔ فاروق پاکستانی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اردو شاعر ہیں۔

فہرستِ کلام
یہ کلام اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on telegram
Share on email
لطفِ سخن کچھ اس سے زیادہ

”میں دیوانہ ہوں دیوانے کا کیا ہے“ پر 2 عدد تبصرے

  1. دھوئیں کی گود میں بیٹھا زمانہ
    گل و بلبل پہ فقرے کس رہا ہے

    ہمارا نام ان کے نام کے ساتھ
    کسی بدخط نے عمداً لکھ دیا ہے

    کیا بات کیا بات ہے کیا بات ہے واللہ
    اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ
    سلامت رہیں واہ واہ واہ ندرت کا شاہکار ہیں یہ دو اشعار

آپ کیا فرماتے ہیں بیچ اس مراسلے کے؟