ہمارے بچپن میں فلمیں دیکھنا اچھے لوگوں کا مشغلہ نہیں سمجھا جاتا تھا۔ مگر اب سماجی واسطوں (social media) پر کئی کئی گھنٹے ضائع کر دینے کی نسبت روزانہ ایک فلم دیکھ لینا کہیں زیادہ مفید سرگرمی معلوم ہوتا ہے۔ انقلابات ہیں زمانے کے!
میں ایک مخبوط الحواس آدمی ہوں۔ سال پلٹے تو چھ ماہ حافظے کو اس افتاد سے سنبھلنے میں لگ جاتے ہیں۔ جب تک عادی ہوتا ہوں پھر نیا سال آن دھمکتا ہے۔ پاکستان کے یومِ آزادی، والد کے یومِ وفات اور اپنے یومِ ولادت کے سوا ہر تاریخ مورخین کے ایمان پہ چھوڑ رکھی ہے۔ یہ تین بھی یاد نہ دلائے جائیں تو گزرنے کے بعد یا پہلے شدت سے یاد آتے ہیں۔
کل فیضؔ کی برسی تھی۔ پہلے کہیں اقبالؔ کی سالگرہ گزری ہے۔ لوگ ایسے مواقع کا اہتمام٭ چاہتے ہیں۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ جس سال والد کی برسی اور اپنی سالگرہ یاد رہی اس سال دیگر ارواح کو بھی ہرگز ایصالِ ثواب سے محروم نہیں کروں گا۔
٭ لہجہ کی پیشکشوں کے تناظر میں۔
راحیلؔ فاروق
- کیفیت نامہ
- 21 نومبر 2020 ء
- ربط