مواد پر جائیں۔
  • راحیلؔ
  • قرارداد
  • تشہیر
  • ضوابط
  • رابطہ
  • راحیلؔ
  • قرارداد
  • تشہیر
  • ضوابط
  • رابطہ
اردو گاہ
  • زبان

    فرہنگِ آصفیہ

    • لغت
    • تعارف
    • معروضات
    • لغت
    • تعارف
    • معروضات

    املا نامہ

    • املا
    • املا نامہ
    • مقدمہ
    • ابواب
    • املا
    • املا نامہ
    • مقدمہ
    • ابواب

    اردو محاورات

    • تعارف
    • فہرست
    • مقدمہ
    • اہمیت
    • ادب
    • مراجع
    • تعارف
    • فہرست
    • مقدمہ
    • اہمیت
    • ادب
    • مراجع

    اردو عروض

    • تعارف
    • فہرست
    • ابواب
    • مصطلحات
    • تعارف
    • فہرست
    • ابواب
    • مصطلحات
  • کلاسیک

    ادبِ عالیہ

    • تعارف
    • کتب
    • موضوعات
    • مصنفین
    • شمولیت
    • تعارف
    • کتب
    • موضوعات
    • مصنفین
    • شمولیت

    لہجہ

    • تعارف
    • فہرست
    • ادبا
    • اصناف
    • تعارف
    • فہرست
    • ادبا
    • اصناف
  • حکمت

    اقوالِ زریں

    • اقوال
    • فہرست
    • شخصیات
    • زمرے
    • زبان
    • اقوال
    • فہرست
    • شخصیات
    • زمرے
    • زبان

    ضرب الامثال

    • تعارف
    • فہرست
    • زبان
    • زمرہ
    • تعارف
    • فہرست
    • زبان
    • زمرہ
  • نگارشات

    اردو شاعری

    • تعارف
    • فہرست
    • اصناف
    • زمرے
    • تعارف
    • فہرست
    • اصناف
    • زمرے

    زار

    • تعارف
    • فہرست
    • پیش لفظ
    • پی ڈی ایف
    • تعارف
    • فہرست
    • پیش لفظ
    • پی ڈی ایف

    اردو نثر

    • تعارف
    • فہرست
    • اصناف
    • زمرے
    • تعارف
    • فہرست
    • اصناف
    • زمرے

    کیفیات

    • کیفیت نامے
    • کیفیت نامے
  • معاصرین

    معاصرین

    • معاصرین
    • فہرست
    • مصنفین
    • اصناف
    • موضوعات
    • لکھیے
    • برأت
    • معاصرین
    • فہرست
    • مصنفین
    • اصناف
    • موضوعات
    • لکھیے
    • برأت

غلام یاسین فوت ہو گیا

انشائیہ

27 دسمبر 2023ء

غلام یاسین فوت ہو گیا۔

اطلاع ملنے پر میں نے اس کے نمبر پر کال کی۔ آدمی کی عقل کا یہ عالم ہے کہ میں جانتا تھا کہ اطلاع جھوٹی نہیں ہو سکتی۔ میں یہ بھی جانتا تھا کہ آدمی ایسے موقعوں پر اچانک کتنا خوش فہم ہو جاتا ہے۔ مگر پھر بھی میرے دل میں خیال آیا کہ وہ فون اٹھائے گا تو اس سے کہوں گا، گھٹیا انسان! تم نے یہ کیا کمینگی کی۔ حد ہے یار۔ میرا تو دل دہل گیا تھا۔ وغیرہ وغیرہ۔ یاسین کا نمبر مصروف رہا اور میں وہ بکواس سوچتا رہا جو مجھے اس کے ساتھ کرنی تھی۔ پھر اچانک آواز آئی۔ سر، ابو فوت ہو گئے ہیں۔ میں گڑبڑا گیا۔ یہ تو بالکل یاسین کی آواز تھی۔ اس نے کہا، میں علی حسن بول رہا ہوں۔

علی حسن یاسین کا بیٹا ہے۔ یاسین ایک ناکام آدمی تھا۔ مگر ایک انتہائی کامیاب باپ۔ علی حسن اس کی نقل ہے مگر اس سے بہت بہتر۔ یاسین علی حسن سے بہت چھوٹا تھا جب میری اس سے دوستی ہوئی۔ ہم دونوں ہم جماعت تھے۔ پرائمری ہم نے اکٹھے پاس کی۔ پھر وہ شاید رکشہ چلانے لگا۔ کھینچ تان کے مڈل بھی اس نے کر لیا مگر میٹرک نہ کر سکا۔ خیر، کیا فرق پڑتا ہے؟ خاص طور پر اب جب وہ مر گیا ہے۔

میری چھوٹی بہن اکثر مذاق کرتی ہے کہ بھائی کے سبھی دوست انتہائی ذہین، انتہائی قابل ہوتے ہیں۔ عام آدمی کبھی کوئی سنا ہی نہیں۔ میں بہت بےبس محسوس کرتا ہوں۔ وہ نہیں سمجھ سکتی کہ ذہانت، قابلیت اور لیاقت صرف وہ نہیں جس کی پیمائش آپ کچھ خاص کامیابیوں سے کر سکیں۔ وہ بیچاری تو ایک طرف رہی، زمانہ آج تک نہیں سمجھ سکا۔ اگر سمجھتا ہوتا تو یاسین کی قدر نہ کر لیتا؟

اس دور میں میں نے ایک ہی آدمی اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے جس کے پاس بڑے بڑے رجسٹروں میں لمبے لمبے حساب لکھے نظر آتے تھے۔ میٹرک فیل ہونے کے باوجود یاسین کو پیچیدہ سے پیچیدہ حساب کتاب کے لیے کبھی کیلکولیٹر استعمال کرتے نہیں دیکھا۔ لیکن اسے تو میں نے پےدرپے ناکامیوں کے باوجود کبھی حوصلہ ہارتے بھی نہیں دیکھا تھا۔ وہ ہر منصوبے کی ناکامی کے بعد اور زیادہ جوش سے نئے منصوبے پر کام کرنے کا عادی تھا۔ ہر بار لگتا تھا کہ وہ ماضی کی سب ناکامیوں کا بدلہ مستقبل سے لے کر رہے گا۔ اس نے رکشہ چلایا، رکشے بنائے، فیکٹریوں میں نوکریاں کیں، کاروبار کیے، اے سی مکینک بنا، امپورٹر بننے کی کوشش کی، ماہرِ تعلیم بھی بننے والا تھا کہ اچانک سانس اکھڑ گئی۔ لڑکے رکشہ میں رکھ کر ہسپتال لے گئے۔ مگر وہ مر چکا تھا۔

بہت سے لوگوں کے نزدیک وہ ایک بےوقوف آدمی تھا۔ لیکن ذہین بہرحال تھا۔ کیسا عجیب مذاق ہے!

زندگی ایسے ہی مذاق کرتی ہے۔ بہت سے ذہین لوگ بہت بےوقوف ہوتے ہیں۔ اور زندگی بھر بےوقوف ہی رہتے ہیں۔ اپنی ذہانت سمیت۔ حق یہ ہے کہ انسانی دماغ لوٹے کی مانند ہے۔ زیادہ پانی بھر جائے تو ٹونٹی سے نکلنا شروع ہو جاتا ہے۔ انسان کے دماغ میں بھی جب ایک حد سے زیادہ فعالیت پیدا ہوتی ہے تو کسی دوسری جانب سے عقل کا نکاس شروع ہو جاتا ہے۔ اگر کوئی شخص غیرمعمولی طور پر ذہین ہو تو اس کی غیرمعمولی حماقتوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

ہم لوگوں کو یاسین کی غیرمعمولی ذہانت اور حماقت دونوں ہی کی عادت پڑ گئی تھی۔ وہ ایک غریب آدمی تھا۔ غریب آدمیوں کی حماقتیں ان کی ذہانتوں سے زیادہ جانی جاتی ہیں۔ شہر کے لوگوں میں بھی یاسین کی پہچان اس کی بےوقوفیاں ہی ہوں گی۔ خیر، اب وہ مر گیا ہے۔ کیا فرق پڑتا ہے؟

میں نے یہ سطریں معلوم نہیں کیوں لکھی ہیں۔ مجھے کئی بار لگا ہے کہ میری سانس اکھڑ رہی ہے۔ میں بھی مر جاؤں گا۔ مگر پھر خیال آتا ہے کہ نہیں یار۔ میرا چھوٹا سا بچہ ہے۔ ماں ہیں۔ بیوی ہے۔ بہن بھائی ہیں۔ دوست یار ہیں۔ اتنی بھرپور زندگی ہے۔ پھر خیال آتا ہے کہ یاسین۔ وہ تو ابھی چند گھنٹے پہلے تک مجھ سے بھی زیادہ مصروف تھا۔ خبیث آدمی ساری زندگی مصروف رہا۔ ہم ہمیشہ اس سے کہتے تھے، بریک پر پاؤں رکھو۔ دھیرے چلو۔ اتنی جلدی نہ کرو۔ اسے بہت جلدی تھی۔ ترقی کرنے کی۔ کامیاب ہونے کی۔ ماضی کے بدلے مستقبل سے لینے کی۔ ایک لمحہ ضائع نہیں کرتا تھا ظالم۔ لیکن اب کیا فائدہ؟ اب تو خود ضائع ہو گیا۔

یاسین بہت ذہین آدمی تھا۔ زمانہ سمجھے یا نہ سمجھے، میری بہن مانے یا نہ مانے۔ میں جانتا ہوں۔ اور اگر آپ کو مجھ پر اعتماد ہے تو میں آپ سے ایک بات کہنا چاہتا ہوں۔ اپنے اردگرد ہر ذہین آدمی کو یہ پیغام پہنچا دیجیے۔ ذہانت، قابلیت، عقل وغیرہ دنیا کی بیکار ترین چیزیں ہیں۔ یہ ایک نوالہ روٹی کا آپ کے منہ میں نہیں ڈال سکتیں۔ آپ کو محبت کرنا اور وصول کرنا نہیں سکھا سکتیں۔ آپ کو جینا نہیں سکھا سکتیں۔ ذہانت پر ناز کرنے کی کوئی وجہ نہیں۔ ذہین لوگوں کی زندگیاں بےوقوفوں سے کہیں زیادہ عبرتناک ہوتی ہیں۔ ظاہر تو جو ہے سو ہے مگر جو اندر گزرتی ہے وہ یا عقل والے جانتے ہیں یا ان کا خدا۔ یہی حقیقت ہے۔ دنیا عقل سے نہیں چلتی۔ ورنہ احمقوں اور معصوموں کو لوگ کچا چبا جاتے۔ دنیا کے قاعدے اور ہیں۔ یہ قاعدے شاید ہمیں کتوں سے سیکھنے چاہئیں۔ وہ دن بھر لوگوں کی ٹھوکریں اور دھتکاریں سہہ کر رات کا انتظار کرتے ہیں۔ پھر سونی گلیاں انھیں تاج پہناتی ہیں۔ وہ شیر اور شاہ ہو جاتے ہیں۔ پھر دن نکل آتا ہے۔ پھر رات ہو جاتی ہے۔ اگر کتے اس پھیر پر غور و فکر کرنا شروع کر دیں تو ایک ہی لمحے میں پھڑک کر جان دے دیں۔ جیسے یاسین نے دے دی۔ مگر خیر۔ اب تو وہ مر گیا ہے۔

راحیلؔ فاروق

پنجاب (پاکستان) سے تعلق رکھنے والے اردو نثر نگار۔

Prevپچھلی نگارششاعرانہ مزاج
اگلی نگارشالوداع، اماں!Next

تبصرہ کیجیے

اظہارِ خیال

آپ کا کیا خیال ہے؟ جواب منسوخ کریں

آپ کا ای میل کا پتا شائع نہیں کیا جائے گا۔ تبصرہ ارسال کرنے کے لیے * کے نشان والے خانے پر کرنا ضروری ہے۔

اردو نثر

راحیلؔ فاروق کی نثری نگارشات۔ شعری، ادبی، فکری، معاشرتی اور مذہبی موضوعات پر انشائیے، مضامین اور شذرات۔

آپ کے لیے

فاؤل لینگوئج

10 اپریل 2017ء

گھمنڈی ماں

27 جنوری 2015ء

بغاوت سے سفاہت تک

15 فروری 2020ء

ملّا اور گالی

2 دسمبر 2017ء

انفرادیت کی تلاش

30 جنوری 2026ء

تازہ ترین

انفرادیت کی تلاش

30 جنوری 2026ء

صحبتِ بد

10 جنوری 2026ء

رعایت

24 دسمبر 2025ء

کتے

20 دسمبر 2025ء

روٹی اور پڑھائی

10 اگست 2025ء
ہمارا ساتھ دیجیے

اردو گاہ کے مندرجات لفظاً یا معناً اکثر کتب، جرائد، مقالات اور مضامین وغیرہ میں بلاحوالہ نقل کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ کسی مراسلے کی اصلیت و اولیت کی بابت تردد کا شکار ہیں تو براہِ کرم اس کی تاریخِ اشاعت ملاحظہ فرمائیے۔ توثیق کے لیے web.archive.org سے بھی رجوع لایا جا سکتا ہے۔

© 2022 - جملہ حقوق محفوظ ہیں۔