Skip to content
  • نثر
  • فہرست
  • اصناف
    • انشائیہ
    • مضمون
    • کہانی
    • مقالہ
    • شذرہ
  • زمرے
    • نقد و نظر
    • انسان
    • مذہب
    • معاشرہ
    • سوانح
    • طنز و مزاح
    • متفرقات
Menu
  • نثر
  • فہرست
  • اصناف
    • انشائیہ
    • مضمون
    • کہانی
    • مقالہ
    • شذرہ
  • زمرے
    • نقد و نظر
    • انسان
    • مذہب
    • معاشرہ
    • سوانح
    • طنز و مزاح
    • متفرقات

اصلاح

انشائیہ

10 مارچ 2023ء

ایک بوڑھا بازار میں چلا جا رہا ہے۔ ایک طرف سے ایک آدمی لپک کر اس کا بازو پکڑتا ہے اور چلا کر کہتا ہے، "منہ دھو کر نہیں آئے، بزرگو۔ ماں باپ نے تمیز نہیں سکھائی؟”

بڈھا راہگیر ہکا بکا رہ جاتا ہے۔ اسے غصہ تو بہت آتا ہے مگر یہ دیکھ کر پی جاتا ہے کہ ٹوکنے والے کے ساتھ بہت سے لوگ ہیں جو آستینیں چڑھائے خشمگیں نگاہوں سے اسے گھور رہے ہیں۔

اتنے میں ایک عورت سامان کا تھیلا سنبھالے گزرتی ہے۔ لوگوں میں سے ایک آگے بڑھ کر چیختا ہے، "او باجی! کوئی ڈھنگ کا تھیلا نہیں ملا تھا تمھیں؟ چار پیسے زیادہ خرچ کر لیے ہوتے تو اتنی بری نہ لگ رہی ہوتیں۔”

عورت ٹھٹھک کر رک جاتی ہے۔ اس کا منہ سرخ ہو جاتا ہے۔ کچھ کہنا چاہتی ہے مگر ہجوم دیکھ کر گھبرا جاتی ہے۔ لوگ ہنسنے لگتے ہیں۔ "بول، بی‌بی۔ بول۔ بول نا!”

خاتون سر جھکا کر تیز تیز قدموں سے نکل جاتی ہے۔

ایک خوش پوش نوجوان مسکراتا، گنگناتا، جھومتا جا رہا ہے۔ یکلخت بازار کے در و دیوار ایک کرخت للکار سے گونج اٹھتے ہیں۔

"ابے او گدھے، اوپر والا بٹن تیری ماں بند کرے گی کیا؟ آ جاتے ہیں منہ اٹھا کر بازار میں، سالے!”

گالی سن کر نوجوان کا خون کھول اٹھتا ہے۔ وہ مکا تان کر گالی دینے والے کی طرف لپکتا ہے۔ پورا مجمع نوجوان پر پل پڑتا ہے۔

نوجوان کے کراہنے کی آواز ابھی مدھم نہیں ہوئی کہ دو بچے اٹکھیلیاں کرتے ہوئے منظر پر نمودار ہوتے ہیں۔

کوئی آدمی دھاڑ کر کہتا ہے، "پڑھائی تمھارا باپ کرے گا کیا؟ بڑے آئے مستقبل کے معمار۔”

بچے دہشت زدہ ہو کر بھاگ نکلتے ہیں۔

—

یہ حکایت فرضی ہے۔ ظاہر ہے کہ اتنی بدتمیزی کوئی نہیں کرتا۔ ورنہ معاشرے والے اسے جنگل میں چھوڑ آئیں۔ لیکن کیسی دلچسپ بات ہے کہ اس سے زیادہ بدتمیزی ہم لوگ کر لیتے ہیں۔ بلکہ اس پر شاباش بھی ملتی ہے۔ سمجھ رہے ہیں نا؟

کپڑے جوتے، رہن سہن، صورت شکل وغیرہ ظاہری معاملات ہیں۔ ہم کسی کی خامی یا کوتاہی دیکھیں تو چشم پوشی کرتے ہیں۔ کم از کم لوگوں کے سامنے مذاق نہیں اڑاتے۔ ایمان، عقیدہ، تعلق باللہ، حبِ رسولؐ باطنی معاملات ہیں۔ کسی کو نظر نہیں آتے سوائے اس کے جس کے دل میں ہوں۔ مگر کیسی جرأت کی بات ہے کہ کوئی بھی کھڑا ہو کر سرِ بازار فیصلہ دے دیتا ہے کہ یہ کافر ہے۔ یہ زندیق ہے۔ یہ مشرک ہے۔ یہ مرتد ہے۔ یہ ملحد ہے۔ اللہ کی پناہ!

جو کام تہذیب کے نام پر نہیں کر سکتے وہ دین کے نام پر کرتے ہیں۔ جس حرکت پر لوگ محلے سے نکال دیں اس کی بنیاد پر جنت میں گھسنا چاہتے ہیں۔ جن باتوں سے انسانوں کو دھوکا نہیں دیا جا سکتا ان سے خدا کو فریب دینا چاہتے ہیں۔

وَقُلْ لِّعِبَادِىْ يَقُوْلُوا الَّتِىْ هِىَ اَحْسَنُ ۚ اِنَّ الشَّيْطَانَ يَنْزَغُ بَيْنَـهُـمْ ۚ اِنَّ الشَّيْطَانَ كَانَ لِلْاِنْسَانِ عَدُوًّا مُّبِيْنًا ۝ رَّبُّكُمْ اَعْلَمُ بِكُمْ ۖ اِنْ يَّشَاْ يَرْحَـمْكُمْ اَوْ اِنْ يَّشَاْ يُعَذِّبْكُمْ ۚ وَمَآ اَرْسَلْنَاكَ عَلَيْـهِـمْ وَكِيْلًا ۝
(بنی اسرائیل: 53-54)

اور میرے بندوں سے کہہ دو کہ (لوگوں سے) ایسی باتیں کہا کریں جو بہت پسندیدہ ہوں۔ کیونکہ شیطان (بری باتوں سے) ان میں فساد ڈلوا دیتا ہے۔ کچھ شک نہیں کہ شیطان انسان کا کھلا دشمن ہے۔ تمھارا پروردگار تم سے خوب واقف ہے۔ اگر چاہے تو تم پر رحم کرے یا اگر چاہے تو تمھیں عذاب دے۔ اور ہم نے تم کو ان پر داروغہ (بنا کر) نہیں بھیجا۔

راحیلؔ فاروق

پنجاب (پاکستان) سے تعلق رکھنے والے اردو نثر نگار۔

Prevپچھلی نگارشسبق
اگلی نگارشمحبت کی قیمتNext

تبصرہ کیجیے

اظہارِ خیال

اردو نثر

راحیلؔ فاروق کی نثری نگارشات۔ شعری، ادبی، فکری، معاشرتی اور مذہبی موضوعات پر انشائیے، مضامین اور شذرات۔

آپ کے لیے

مائے نی میں کنوں آکھاں

15 مارچ 2016ء

زبان کی سند

20 اپریل 2020ء

شوخئِ اندیشہ سے اردو گاہ تک

3 دسمبر 2019ء

دین اور دکان

5 مئی 2017ء

مجھے ایک سائنس چاہیے

12 مئی 2017ء

تازہ ترین

محبت کی قیمت

21 مارچ 2023ء

سبق

6 مارچ 2023ء

عنایت، کرم، شکریہ، مہربانی!

12 فروری 2023ء

علم اور انصاف کا تعلق

14 جنوری 2023ء

گالی

3 دسمبر 2022ء
ہمارا ساتھ دیجیے

اردو گاہ کے مندرجات لفظاً یا معناً اکثر کتب، جرائد، مقالات اور مضامین وغیرہ میں بلاحوالہ نقل کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ کسی مراسلے کی اصلیت و اولیت کی بابت تردد کا شکار ہیں تو براہِ کرم اس کی تاریخِ اشاعت ملاحظہ فرمائیے۔ توثیق کے لیے web.archive.org سے بھی رجوع لایا جا سکتا ہے۔

© 2022 - جملہ حقوق محفوظ ہیں۔