وہ لفظ جو کسی شعبۂِ علم میں کچھ خاص اور جداگانہ معانی کے ساتھ مروج ہو۔
اصطلاحات عموماً وہی الفاظ ہوتے ہیں جو روزمرہ زندگی میں بھی بولے جاتے ہیں۔ تاہم کسی خاص علمی یا تکنیکی میدان کے لوگ اس کے معانی کچھ مختلف طے کر لیتے ہیں تاکہ نئے الفاظ گھڑنے کی ضرورت نہ پڑے۔
مثال کے طور پر عوام وزن سے مراد مادے کی مقدار لیتے ہیں۔ اہلِ عروض کے ہاں وزن ایک اصطلاح ہے جس کے معانی حرکات و سکنات کی ترتیب اور تکرار کے ہیں۔ ماہرینِ طبیعیات کے ہاں یہی اصطلاح اس قوت کا مفہوم رکھتی ہے جس سے زمین مادے کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔