اہم اردو ویب گاہیں
زبان و ادب
اردوئے معلّٰی
انٹرنیٹ پر حمد و نعت اور سلام و منقبت کا سب سے بڑا یونیکوڈ اردو ذخیرہ۔ یونیکوڈ سے سادہ طور پر یہ مراد ہے کہ تمام مواد ٹائپ شدہ شکل میں دستیاب ہے اور بآسانی تلاش اور نقل کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، شعر و ادب کا بھی معتد بہ سرمایہ اس قیمتی ویب گاہ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔ متعدد جدید شعرا کے مکمل مجموعہ ہائے کلام اہلِ ذوق کے لیے بالکل مفت میسر ہیں۔
ویب گاہ کے روح و رواں ڈاکٹر عامر شہزاد صاحب ہیں جو طب کے ساتھ ساتھ ادب سے بھی محبت کا رشتہ قائم رکھے ہوئے ہیں۔ اللہ انھیں سلامت رکھے اور ان کی کاوشوں میں برکت ڈالے!
بازگشت
یوٹیوب پر ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے زبان و ادب کی خدمت میں سرگرم علامہ راغب اختر ہندوستان سے تعلق رکھتے ہیں۔ اپنے چینل کی صورت میں انھوں نے معیاری ادب کے فروغ میں قابلِ قدر کام کیا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ اب ان کی باقاعدہ ویب گاہ بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔ علامہ صاحب اردو میں ڈاکٹریٹ کی سند رکھتے ہیں اور یہ بات بلاخوفِ تردید کہی جا سکتی ہے کہ اس سطح کے آدمی انٹرنیٹ کی اردو دنیا میں بہت کم اس قدر متحرک نظر آتے ہیں۔
ویب گاہ کے علاوہ بازگشت کا یوٹیوب چینل اور فیس بک صفحہ بھی دیکھنے کے لائق ہیں۔ صلائے عام ہے یارانِ نکتہ داں کے لیے!
اردو گاہ
اردو زبان و ادب کی منفرد ترین ویب گاہ۔ انٹرنیٹ کا سب سے بڑا ذاتی اردو بلاگ جس کا مواد متعدد عالمی جامعات کے نصاب میں شامل ہے۔
آپ کے لیے
میں کہتا ہوں کہ اس کائنات کا ایک خدا ہے۔ ایک شخص ناک سکیڑ کر کہتا ہے، نہیں۔ تم ایک احمقانہ واہمے کا شکار ہو۔ مجھے غصہ آ جاتا ہے۔ کس لیے؟
اس لیے کہ خدا جھٹلایا گیا؟ نہیں۔ بلکہ اس لیے کہ میں جھٹلایا گیا۔
سمجھنا چاہیے کہ جو ہے سو ہے۔ اور جو نہیں ہے سو نہیں ہے۔ کسی کے نہ ماننے سے موجود معدوم نہیں ہو جاتا اور کسی کے مان لینے سے معدوم موجود نہیں ہو جاتا۔ اگر خدا ہے تو اسے کسی کے اقرار یا انکار کی کیا پروا ہو سکتی ہے؟ ایک حقیر سی مکھی کو تو اس سے فرق پڑتا نہیں کہ کوئی اسے تسلیم کرتا ہے یا نہیں۔ خدا کو کیسے پڑ سکتا ہے؟
ہاں، البتہ میری اپنی ذات کو فرق پڑتا ہے۔ اور بہت پڑتا ہے۔ جھٹلانے والے نے میرا تصور جھٹلا دیا۔ میری بات رد کر دی۔ میرے ایمان کا انکار کر دیا۔ میری توہین کر دی۔ میرا تصور، میری بات، میرا ایمان، میری آبرو اس کی تصدیق کے محتاج تھے۔ وہ اس نے نہیں کی۔ مجھے اس لیے غصہ آتا ہے۔
وَقَالَ مُوۡسٰٓى اِنۡ تَكۡفُرُوۡۤا اَنۡـتُمۡ وَمَنۡ فِى الۡاَرۡضِ جَمِيۡعًا ۙ فَاِنَّ اللّٰهَ لَـغَنِىٌّ حَمِيۡدٌ ۞
(سورۂ ابراهيم - آیت 8)
اور موسیٰ نے کہا کہ اگر تم انکار کرو اور وہ سب بھی جو زمین میں ہیں تو بھی اللہ بے نیاز اور حمد کے لائق ہے۔
- کیفیت نامہ
- 27 دسمبر 2021 ء
- ربط