پہلا باب
دربار شاہجہانی
دولت مغلیہ کا پانچواں شہنشاہ شاہجہاں بادشاہ دیوان خاص میں اپنے عدیم النظیر سریرِ شہریاری یعنی تخت طاؤسی پر جلوہ فرما ہے۔ مرصع تخت کے سونے کی آب و تاب اور اُس کے جواہرات کی چمک دمک اہل دربار کی آنکھوں کو خیرہ کر رہی ہے۔ اور ان کا عکس علی مردان خان کی نہر کے نزاکت سے بہنے والے پانی پر عجیب عجیب شوخیوں اور بے قراریوں کا انداز دکھا رہا ہے۔
سامنے اُمرائے دربار لمبے دامنوں کے جامے پہنے، چھجے دار پگڑیاں باندھے، کمروں میں تلواریں اور پٹکوں میں پیش قبض لگائے دست بستہ کھڑے ہیں جن میں زیادہ ممتاز سعد اللہ خان وزیر سلطنت، حکیم رُکنائے کاشی، سعید ائے گیلانی، حکیم مسیح الزمان علامی افضل خان جو بڑے عالم تھے اور مُلا علاء الملک تولی میر سامان ہیں۔
اتنے میں حکیم رکنائے کاشی بڑھ کے زمیں بوس ہوئے اور کمال خوش الحانی سے اپنا ایک نو تصنیف قصیدہ سُنانے لگے۔ حاضرین داد دیتے جاتے تھے اور بادشاہ جہاں پناہ جن میں دینداری نے نہایت سادگی اور بے نفسی پیدا کر دی تھی، اگرچہ اپنے چشم و ابرو سے اور آہستہ آہستہ زبان سے بھی شاعر کی طباعی و سخن آفرینی کی داد دے رہے تھے مگر ساتھ ہی اپنی تعریف سننے سے نادم بھی ہوتے جاتے تھے۔ فرشتۂ ہدایت اُن کے کان میں کہتا کہ تعریف کے قابل صرف خدائے واحد ذو الجلال کی ذات ہے، اَور زیادہ نادم ہو جاتے۔ اس کا انجام یہ ہوا کہ ادھر رُکنائے کاشی نے قصیدہ ختم کیا، اُدھر شاہجہاں تخت ہی پر خدا کے سامنے سجدے میں گر پڑا اور درگاہِ خداوندی میں عرض کیا: الٰہ العالمین! میں کسی قابل نہیں ہوں مگر تیری رحمت و بندہ نوازی ہے کہ مجھے ایسی عزت و حکومت عطا کی کہ یہ شعرا میری مدح سرائی کر رہے ہیں۔
اب بادشاہ نے سجدے سے سر اُٹھا کے حکم فرمایا کہ رکنائے کاشی کو سونے میں تول کے سونا اُس کے حوالے کرو۔ وہ سونے میں تُل رہا تھا اور بادشاہ کہہ رہا تھا: “الحمد للہ کہ ہمارے دربار میں ایسے ایسے نازک طبع و خیال آفریں شاعر موجود ہیں جیسے اور کسی دربار میں نہیں ہیں”۔
اس پر علامی افضل خان نے جو اپنے زمانے کے علمائے بے بدل میں سے تھے، ہاتھ جوڑ کے عرض کیا: “ہندوستان میں اور دربار ہی کون ہے جو اس آستان فلک تواَمان کا مقابلہ کر سکے گا۔ میرا خیال تو یہ ہے کہ آج ممالک فارس و خراسان میں بھی کوئی ایسا صاحب کمال شاعر نہیں موجود ہے جس کو ایران کی دولت صفویہ ہمارے سامنے پیش کر سکے۔ وہاں جو شاعر شہرت و نمود حاصل کرتا ہے، وطن چھوڑ کے یہاں چلا آتا ہے۔ اور اگرچہ ہمارے ملک کی عام زبان فارسی نہیں ہے مگر اس دربار گُہر بار کی اقبال مندی نے ہمیں شعر و سخن میں اہل زبان پر فوقیت عطا کر دی ہے”۔
حکیم مسیح الزمان: ہمارے دربار کے علم و فضل اور ہمارے شعرا کے کمالات نے ہند کو زمین عجم بنا دیا ہے۔ ایران کے آئے ہوئے شعرا اور ہندی مسلمانوں کی سخن سنجی درکنار، یہاں بعض ہندو ایسے خوش گو شاعر ہیں کہ دربار عجم کے شعرا پر فوقیت لے گئے ہیں۔ داتا رام جو برہمن تخلص کرتا ہے فی الحال دہلی میں موجود ہے، فارسی کا ایسا اچھا شاعر ہے کہ اُس کا کلام سُن کر کوئی بے داد دیے نہیں رہ سکتا، بے اختیار زبان سے واہ نکل جاتی ہے۔
یہ سنتے ہی بادشاہ جو تکیے سے پیٹھ لگائے بیٹھا تھا سیدھا ہوا اور کہا: “ہاں میں نے بھی برہمن کی بڑی تعریف سُنی ہے۔ کیا آج کل وہ یہیں ہے؟”
مسیح الزمان: حضور یہیں ہے۔ شہر بھر میں دھوم مچی ہوئی ہے۔ لوگ بڑے ذوق و شوق سے اُس کا کلام سننے کو جانتے ہیں اور بعض لوگ دعوت کے بہانے اپنے یہاں بُلوا کے اُس کا کلام سنتےہیں۔
بادشاہ (ملا عطاء الملک میر سامان کی طرف دیکھ کر): تو اُسے اسی وقت بُلواؤ۔ مجھے اُس کے اشعار سننے کا بڑا شوق ہے۔
ملّا صاحب جو بالذات فرید زمانہ علمائے نامدار میں سے تھے اور میر سامانی و داروغگیِ محل کے عہدے پر سرفراز تھے “بہت خوب” کہہ کے باہر گئے اور داتاؔ رام کے لانے کے لیے ایک ہرکارے کو دوڑا کے واپس آئے۔
اب جہاں پناہ نے سعیدائے گیلانی کی طرف متوجہ ہو کر کہا: “جب تک یہ ہندو برہمن آئے، تم کچھ اپنا کلام سُناؤ۔ مگر قصیدہ خوانی کی ضرورت نہیں اپنی غزلیں پڑھو”۔
سعیدائے گیلانی نے اپنے اشعار سُنانا شروع کیے جن کو بادشاہ دلچسپی اور شوق سے سُن رہے تھے۔ اکثر اشعا پر داد دیتے اور پھر پڑھواتے۔ اس صحبت کو گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ گذرا ہوگا کہ معلوم ہوا داتاؔ رام آ گیا۔ ملا عطاء الملک اُسے جا کے باہر سے لے آئے۔ وہ تخت کے سامنے آیا ہی تھا کہ نقیب نے اس کی طرف متوجہ ہو کر کڑک کے کہا “ادب سے ملاحظے سے!” اور ساتھ ہی دوسرے نے آواز لگائی “نگاہ روشن!” بادشاہ کی نظر اُس کی طرف اُٹھی اور وہ نذر دکھانے کے لیے بڑھا۔ چوبداروں نے بڑھ کر دونوں بازو پکڑ لیے۔ ایک نے بڑھ کے اپنا ہاتھ اُس کے دونوں ہاتھوں کے آگے اڑا دیا کہ زیادہ ہاتھ نہ بڑھا سکے۔ اس شان اور ہیئت سے داتاؔ رام تخت کے قریب پہنچا اور پانچ اشرفیاں پیش کیں۔ بادشاہ نے اُن پر ہاتھ رکھ دیا اور وہ پلٹ کے امرائے دربار کے آخر میں فاصلے پر جا کھڑا ہوا۔
اب بادشاہ نے خندہ جبینی سے اُس کی طرف متوجہ ہو کر کہا: “داتاؔ رام! میں بہت دنوں سے تمھارا نام سُن رہا ہوں اور تمھارے دیکھنےکا شوق تھا۔ میرے قریب آ کے کھڑے ہو اور اپنا کچھ کلام سُناؤ”۔
داتاؔ رام جھک کر آداب بجا لایا، حسب معمول زمین دوز ہو کے سات سلام کیے اور تخت کے قریب آ کے سعد اللہ خان کے برابر کھڑا ہوگیا۔ اب اُس نے اپنا کلام سنانا شروع کیا۔ اُس کی طبیعت میں عاشقانہ جوش تھا اور مذاق میں صوفیانہ رند مشربی، جس کو اُس زمانے کے قدر دانان سخن بے انتہا پسند کرتے تھے۔ بادشاہ اُس کے اشعار سُن کے خوش ہوتے۔ جن اشعار پر زیادہ لطف آتا، آہستہ سے داد دیتے۔ کبھی سعد اللہ خان وزیر کی طرف داد کی نگاہیں ڈال کے اُن سے بھی داد چاہتے اور سارے دربار میں واہ وا کا غلغلہ بلند ہو جاتا۔
بہت سے اشعار سُنانے کے بعد داتاؔ رام نے اپنا یہ شعر پڑھا
مرا دلی است بہ کُفر آشنا کہ چندیں بار
بہ کعبہ بُردم و بازش برہمن آوردم
رُکنائے کاشی نے چونک کے بے اختیار کہا “وہ! وہ! چہ خوش گفتی، بارش بخواں”، اُس نے دوبارہ پڑھا اور اب جو دیکھتے ہیں تو بادشاہ کا مزاج برہم ہے اور کبیدہ خاطری سے سعد اللہ خاں پر غیظ کی نگاہیں ڈال رہے ہیں۔ اس مذاق و خیال کو شعرائے سلف خصوصاً صوفیوں نے فارسی میں بہت عام کر دیا ہے۔ مولانائے روم ملاؔ جامی اور دیگر اساتذۂ سخن کے کلام میں یہ خیال بہ کثرت موجود ہے۔ مگر ایک دیندار بادشاہ کو ایسی مذہبی آزادی سخت ناگوار گذری۔ یہی شعر اگر کسی مسلمان شاعر کی زبان سے سنا جاتا تو اُسے بہت داد ملتی، مگر ایک ہندو شاعر کی زبان سے مسلمان تاجدار کو ناگوار گذرا۔
مزاج شناس و حاضر طبع وزیر سعد اللہ خان نے مسکرا کے دست بستہ عرض کیا: “جہاں پناہ! اس کا جواب تو حضرت مصلح الدین سعدی شیرازی پہلے ہی دے گئے ہیں”۔
بادشاہ: کیا جواب دے گئے ہیں؟
سعد اللہ خان: فرماتے ہیں
خرِ عیسیٰ اگر بمکہ رود
چوں بیاید ہنوز خر شد
یہ شعر سنتےہی بادشاہ پھڑک اُٹھے۔ وزیر کی حاضر جوابی کی داد دی اور سارے دربار نے قہقہہ لگایا۔ داتاؔ رام کو ایک مسلمان بادشاہ کے سامنے ایسا شعر پڑھنے پر بہت ندامت ہوئی اور سر جھکا کے خاموش کھڑا ہوگیا۔
بادشاہ (کمال شگفتگی کے ساتھ): رُک کیوں گئے۔ کوئی اور غزل پڑھو۔
اس نے سات سلام کرکے عفوِ تقصیر کی درخواست کی اور پھر اپنا کلام سنانے لگا۔ دیر تک سنتے رہنے کے بعد بادشاہ نے اُسے خلعت مرحمت کیا، ایک ہزار اشرفیاں عطا کیں۔ انعام و اکرام سے سرفراز ہو کر داتا رام شکریہ کا آداب بجا لایا اور اپنی جگہ پر کھڑا ہوگیا۔ اب علامی افضل خان نے جو ایک عہدہ دار درباری ہونے کے ساتھ فاضل گراں پایہ اور مقتدائے دین سمجھتے جاتے تھے بارگاہ شاہی میں عرض کیا: “داتاؔ رام حضرت عرش آشیانی (اکبر بادشاہ) کے عہد میں ہوتا تو بڑا شخص ہوتا”۔
بادشاہ (ہنس کر): بے شک وہ اس کے سچے قدردان ہوتے۔ مگر شریعت اسلامیہ کی ایسی توہین تو انھیں بھی گوارا نہ ہوتی اور ہندو عہدہ داروں اور بہادروں کی جیسی قدر و منزلت اُ ن کے زمانے میں ہوتی تھی اب بھی ہوتی ہے۔
افضل خان: بے شک بلکہ اُس سے زیادہ بڑے بڑے عہدوں پر ممتازہیں۔ اپنی جاگیروں اور ریاستوں پر نہایت عزت کے ساتھ قابض و متصرف ہیں۔ فوجی افسروں میں اُن کا مرتبہ اور شمار مسلمان سپہ سالاروں سے کم نہیں ہے۔ عرش آشیانی نے جو قرابت کے تعلقات ہندو راجاؤں کے ساتھ پیدا کیے تھے آج تک بڑھتے جاتے ہیں اور پہلے ہندو اگر دربار کے معزز سردار تھے تو آج ہمارے قرابت دار اور عزیز ہیں۔
بادشاہ: اور میں اِن تعلقات کو زیادہ بڑھانا چاہتا ہوں۔ مجھے یہ سُن کر خوشی ہوتی ہے کہ راجستھان میں عام ہندو مسلمانوں میں شادی بیاہ کا طریقہ جاری ہوگیا جس کے باعث ہم ہندوؤں سے اور ہندو ہم سے زیادہ قریب ہوتے جاتے ہیں۔
سعد اللہ خان: عرش آشیانی کا کوئی کام مصلحت سے خالی نہ تھا۔ کہا جاتا ہے کہ انھیں ہندوؤں سے زیادہ اُنس تھا۔ بے شک تھا اور صرف اس لیے کہ وہ ہندو مسلمانوں کو ملا کے ایک خیال اور ایک دین پر کر دینا چاہتے تھے۔
افضل خان: اور اس میں بہت اندرونی اور گہرا راز یہ تھا کہ کوئی مسلمان چاہے ہندوؤں کی کتنی ہی رسمیں اختیار کر لے اور اُن کے طریقوں پر چلنے لگے، ہندو نہیں ہو سکتا۔ بخلاف اس کے ہندو جب مسلمانوں سے ملے گا اور اُن کی وضع اختیار کرے گا خواہ مخواہ مسلمان ہو جائے گا۔ ہندو اپنے مذہب پر قائم ہیں مگر کسی غیر مذہب والے کو ہندو نہیں بنا سکتے اور مسلمان ہر فرد بشر کو اپنے دین میں شامل کرنے کو تیار ہیں۔ لہذا اس میں ذرا شک نہیں کہ دونوں گروہوں میں جتنا میل جول بڑھتا جائے گا، اُسی قدر مسلمانوں کا شمار زیادہ ہوتا جائے گا۔ لہذا میرے خیال میں ان باتوں میں حضرت آشیانی کا اصلی مقصد اشاعت اسلام تھا۔
بادشاہ: میرا بھی یہی خیال ہے۔ بعض ناسمجھ مؤرخین نے ان کے دین اور عقائد پر حملے کیے ہیں لیکن حقیقت یہی ہے جو تم نے کہی کہ اپنے اس طرز عمل سے وہ سارے ہندوستان کو مسلمان کر لینا چاہتے تھے۔ اور یہ انھیں کی برکت ہے کہ ہندوستان میں آج اتنے اہل اسلام موجود ہیں۔
سعد اللہ خان: اسی پر موقوف نہیں، انھوں نے جتنے کام کیے سب کسی بڑی مصلحت پر مبنی تھے۔ مثلاً انھوں نے ایک مینا بازار قائم کیا۔ علمائے ظاہر خیال کرتے ہیں کہ اس میں مسلمان خاتونوں کی بے حُرمتی و رسوائی منظور تھی۔ لیکن حقیقت کا پتہ لگائیے تو صاف ظاہر ہو جاتا ہے کہ اس میں اُن کا اصلی مقصد یہ تھا کہ پردے میں میں رہنے والی عورتیں جو دنیا و مافیہا سے بے خبر ہیں اور قیدیوں کی طرح اپنے گھروں میں اکیلی پڑی رہتی ہیں ایک دوسرے سے ملیں جلیں، زمانے اور حالات زمانہ سے واقف ہوں۔ ہندو مسلمان عورتیں جو الگ تھلگ رہتی ہیں آپس میں مل جُل کے ایک دوسرے کے اوضاع و اطوار اختیار کریں۔ مسلمان خاتونیں ہندو عورتوں کی شوہر پرستی و خود فراموشی سیکھیں اور ہندو عورتیں مسلمان بیویوں سے شائستگی، خوش اخلاقی، وضعداری اور سلیقہ شعاری کا سبق لیں۔
افضل خان: اور میں کہتا ہوں کہ اس میں بھی تمام مصلحتوں کے دامن میں چھپی ہوئی سب سے بڑی مصلحت یہ تھی کہ ہندو عورتیں مسلمان عورتوں سے مل کے اُن کی دنیوی خوبیوں کے ساتھ اُن کا سچا دین اور اُن کی توحید و رسالت کو بھی سیکھ کے مسلمان ہو جائیں اور پھر اپنے اثر سے اپنے مردوں کو مسلمان بنا لیں۔
بادشاہ: یقیناً اس میں بھی عرش آشیانی کا یہی مقصد تھا کہ اسلام کو ترقی ہو۔ مگر یہ مینا بازار کیا تھا اور کیسا تھا؟ میں نے محل کی عورتوں میں بارہا اس کا ذکر سنا ہے اور تمام عورتوں کو اُس کا شائق پاتا ہوں۔
سعد اللہ خان: یہ ایک زنانہ بازار تھا، جس میں تمام اُمرا و معززین کی عورتیں دُکانیں رکھ کے اپنے جواہرات اور دوسری نادر چیزیں فروخت کرتی تھیں۔ خود حضرت عرش آشیانی، کُل شہزادے اور تمام امرائے دربار اُس بازار میں جا کے خریداری کرتے اور عورتیں جو دام مانگتیں دیتے۔ مردوں کے علاوہ عام عورتیں بھی سیر و تفریح کے لیے اُس بازار میں آتیں اور عجیب لطف کا مجمع ہوتا۔
بادشاہ: تو عورتیں خریدار امیروں سے پردہ نہ کرتی تھیں؟
سعد اللہ خان: قدیم الایام سے شرفائے ترک و تاجیک اور عرب و عجم کے معززین میں یہ رواج چلا آتا ہے کہ بادشاہ ظل اللہ سب کے پدر مشفق مانے جاتے ہیںاور کوئی عورت اُن سے پردہ نہیں کرتی۔ رہے شاہزادے اور اُمرائے دربار، اُن کے سامنے انھیں اختیار تھا کہ چاہیں تو چہرے پر زرتار نقاب ڈال لیں۔ لیکن سنا جاتا ہے کہ عرش آشیانی کے مینا بازار میں کسی مسلمان عورت کے چہرے پر نقاب نہ تھی۔
بادشاہ: تو کیا تمام اُمرا و شرفا کی عورتیں آنے پر مجبور کی گئی تھیں؟
سعد اللہ خان: مجبور کوئی نہیں کیا گیا تھا۔ مگر اس بازار کی شرکت میں بادشاہ کی خوشنودی کے علاوہ اس قدر زیادہ فائدے کی امید تھی کہ کوئی شریف گھرانا نہ تھا جس کی عورتیں نہ آئی ہوں اور سیر دیکھنے کو عوام و خواص کی سبھی عورتیں آتی تھیں۔
بادشاہ:اُس بازار کی وجہ سے لوگوں میں کوئی ناراضی اور شکایت تو نہیں پیدا ہوئی؟
سعد اللہ خان: مطلق نہیں۔ آج تک لوگ اس کو خوشی اور شکر گزاری کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔
بادشاہ: جی چاہتاہے کہ میرے زمانے میں بھی ایک ایسا بازار ہو۔ تمھارا کیا خیال ہے؟
سعد اللہ خان: بہت مناسب ہے۔ تمام خاندانوں میں زندہ دلی پیدا ہو جائے گی اور چونکہ عورتوں میں اس کا بہت شوق ہے اور حضرت عرش آشیانی کے عہد والے مینا بازار کے حالات کہانیوں کی طرح بیان کیا کرتی ہیں، لہذا بہت خوش ہوں گی اور نہایت شوق سے آئیں گی۔
بادشاہ: میں اپنے عہد کے مینا بازار کے لیے اُس کے مناسب ایک خاص عمارت تعمیر کراؤں گا تاکہ مدتوں کے لیے اُس کی بنیاد قائم ہو جائے اور ہر سال مناسب وقت پر چند روز تک یہ لطف قائم رہا کرے، لیکن چونکہ عورتوں کا معاملہ ہے اس لیے پہلے بادشاہ بیگم سے مشورہ کر لوں۔ اگر انھوں نے پسند کیا تو کل ہی سے اس کی عمارت تعمیر کرانا شروع کر دوں گا۔
سعد اللہ خان: اس عالی شان کام کو انھیں کے مبارک ہاتھوں سے انجام پانا چاہیے۔ بلکہ یہ بہتر معلوم ہوتا ہے کہ اس بازار کو وہی اپنے حکم سے قائم کریں۔ اُن کا حکم ہوا تو ساری عورتیں بغیر کسی خرخشے کے چلی آئیں گی۔
بادشاہ: میں انھیں آمادہ کروں گا کہ اس مینا بازار کا اعلان اپنے حکم سے کریں اور انھیں کے حکم سے اس کی عمارت بھی تعمیر ہو۔
سعد اللہ خان: نہایت مناسب ہے۔
اب چونکہ دیر ہو گئی تھی لہذا حضرت جہاں پناہ دربار برخاست کر کے محل میں تشریف لے گئے اور اُمرائے دولت نے اپنے اپنے گھروں کی راہ لی۔
دوسرا باب
مینا بازار کی تجویز
اُسی دن شام کو حضرت صاحب قرانِ ثانی شاہجہاں بادشاہ اپنے خاص محل میں ایک طلائی تخت پر بیٹھے تھے اور اُن کے برابر ملکہ جہاں تاج محل ممتاز الزمانی ارجمند بانو بیگم بیٹھی تھیں۔ خواصیں اِدھر اُدھر دروازوں کے پاس خاموش کھڑی تھیں اور گوش برآواز تھیں کہ کوئی حکم ہو اور دوڑ کے بجا لائیں۔
تاج محل نہایت متین و سنجیدہ ملکہ تھیں۔ اگرچہ عمر پچاس سال سے گذر گئی تھی مگر چہرے پر اگلے حُسن کی شوخیوں کی جگہ اب بلا کی متانت و سنجیدگی تھی۔ ہر امر میں اپنے صاحب طبل و علم شوہر کی مرضی پر چلتیں اور ممکن نہ تھا کہ کبھی کسی بات میں اُن کے حکم کے خلاف کریں۔ اسی طرح صاحب قران ثانی کی بھی یہ حالت تھی کہ کوئی بات بغیر اُن سے پوچھے نہ کرتے اور وجہ یہ تھی کہ نواب ممتاز محل صرف جوانانہ عشق و محبت کا کھلونا نہ تھیں، بلکہ بادشاہ کے چاروں نامور و جواں بخت فرزندوں کی ماں تھیں اور حضرت ظل اللہ کی محل کی زندگی پر پوری قابض و حکمران تھیں۔
بادشاہ کے چہرے سے معلوم ہوتا تھا کہ کوئی بات کہنا چاہتے ہیں مگر کسی مصلحت سے نہیں ظاہر کرتے۔ بات مُنہ تک آتی اور رُک جاتی ہے اور اس گومگو میں ہیں کہ کہیں یا نہ کہیں۔ اس بات کو ممتاز الزمانی بیگم نے بھی محسوس کیا، مگر وہ بھی اس بلا کی عقلمند و ضابط تھیں کہ اپنی متانت میں فرق نہ آنے دیا۔ بلکہ حتی الامکان اس کو بادشاہ پر ظاہر بھی نہ ہونے دیا کہ میں نے صاحب تاج شوہر کے صفحۂ دل کی تحریر کا کچھ حصہ پڑھ لیا ہے۔
آخر بادشاہ دل کو مضبوط کر کے ملکہ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہا: “بیگم! ایک بات کہنا چاہتا ہوں مگر دیر سے پس و پیش کر رہا ہوں کہ کہوں یا نہ کہوں؟
تاج محل (سنجیدگی کے ساتھ): وہ نگوڑی کون سی بات ہے کہ جہاں پناہ کو اُس کے ظاہر کرنے میں تردد ہے؟ کیا کوئی سلطنت کا راز ہے جس کا اگلوں کی نصیحت کے مطابق عورتوں پر ظاہر کرنا مناسب نہیں؟
جہاں پناہ (ہنس کر): سلطنت کا کون سا راز تم سے چھپا ہے، جو اب میں کسی بات کو پردے میں رکھوں گا؟ اور تم جانتی ہو میں اس پُرانی نصیحت کا قائل بھی نہیں ہوں کہ کسی بات کو اپنی ہمدم و ہم راز بیوی سے چھپانا چاہیے۔
تاج محل: بے شک مجھے اقرار ہے کہ حضرت کسی گہرے سے گہرے راز کو بھی مجھ سے نہیں چھپاتے مگر ممکن ہے کہ آج کل کسی نے اُس پُرانی حکمت و نصیحت کو ایسے الفاظ میں بیان کیا ہو کہ اب دل میں یہ خیال پیدا ہوگیا ہو کہ عورت کا اعتبار نہ کرنا چاہیے۔
یہ کہتے وقت باوجود فطری سنجیدگی کے ارجمند بانو بیگم کے چہرے پر ایک مسکراہٹ نمودار ہوئی۔
جہاں پناہ: اب مجھے کوئی کیا بہکائے گا۔ اور سچ یہ ہے کہ اس پُرانی حکمت پر میں زندگی بھر کبھی عمل نہ کر سکوں گا اور نہ مجھے یہ نصیحت صحیح معلوم ہوتی ہے۔ انسان کی سچی اور سب سے زیادہ محرم راز اُس کی باوفا و ہمدم بیوی ہوتی ہے۔ اُس سے اپنی باتوں کو وہ چھپا ہی کیسے سکتا ہے؟ اور میری تو یہ حالت ہے کہ اگر اپنی باتوں کو تم سے چھپانے لگوں تو گھر میں بیٹھنا دشوار ہو جائے۔ بلکہ کیا عجب کہ سڑی ہو جاؤں۔
بادشاہ کا یہ کلمہ سنتے ہی بے اختیار ارجمند بانو بیگم کی زبان سے نکلا “خدا نہ کرے، نصیب دشمناں!” پھر کہنے لگیں: “اور میں بھی آپ کی اسی وضع اور انھیں مہربانیوں سے اکثر اپنے دل میں کہا کرتی ہوں کہ دنیا کی کسی بادشاہ بیگم کو ایسا سچا اور سچی محبت والا شوہر نہ نصیب ہوا ہوگا جیسا کہ خوش قسمتی سے مجھے نصیب ہوا ہے۔ تو پھر آپ ہی فرمائیں کہ اس وقت جو بات آپ کے دل میں ہے اُس کے ظاہر کرنے میں کس بات کا تردد ہے”۔
جہاں پناہ: یہ کہ تمھیں بد گمانی نہ ہو؟
تاج محل (سراپا حیرت بن کر): تو وہ بد گمانی کی بات ہے؟
جہاں پناہ: ہونا تو نہ چاہیے۔ مگر ممکن ہے کہ تم بد گمان ہو اور اسی وجہ سے مجھے اندیشہ ہے کہ خدا جانے تم اُسے منظور کرو گی یا نہیں؟
تاج محل: میری بد گمانی کا اندیشہ ہے اور پھر اس کی ضرورت بھی ہے کہ وہ بات مجھ سے کہی جائے۔ میں تو جانتی ہوں کہ ایسی بات کو مجھ سے نہ کہنا چاہیے۔
جہاں پناہ: یہ نہیں ہو سکتا۔ اول تو میں تم سے چھپا کے کوئی کام نہیں کرنا چاہتا۔ دوسرے وہ تو ایسا کام ہے کہ تمھارے ہی ہاتھ سے انجام پا سکتا ہے۔
تاج محل: اچھا تو آپ کہیں۔ میں وعدہ کرتی ہوں کہ بد گمان نہ ہوں گی۔
جہاں پناہ: بس میں یہی چاہتا تھا۔ تو اب سنو۔ جی چاہتاہے کہ دادا عرش آشیانی کی طرح ایک مینا بازار میں بھی قائم کروں اور اس کا سارا انتظام تمھارے ہاتھ سے ہو۔ تم ماشاء اللہ سے نہایت عقلمند اور میری سب سے بڑی مشیر سلطنت ہو۔ اس قسم کے بازار سے پردہ نشین عورتوں میں میل جول بڑھے گا، وہ دنیا اور اُس کے کاروبار سے فائدہ اُٹھائیں گی، ہند و مسلمان خاتونوں میں ربط و ضبط بڑھے گا اور پھر معزز بیویاں اس بازار سے فائدہ بھی بہت اُٹھائیں گی۔ بعض غریب گھرانوں کی عورتیں کیا عجب کہ اس بازار کے ذریعے سے دولت مند ہو جائیں۔پھر تمھیں بھی یہ بڑا فائدہ حاصل ہوگا کہ عام عورتوں کی وضع قطع مذاق و کردار سے خوب واقف ہو جاؤ گی جس کا تمھیں بے حد شوق ہے۔
تاج محل: بے شک مجھےشوق ہے اور عورتوں کے نفع کےلیے اس کو پسند بھی کرتی ہوں۔ مگر بہتر یہ ہوتا کہ یہ صرف زنانہ بازار ہوتا۔ دُکاندارنیں بھی عورتیں ہوتیں اور خریداری کرنے والی بھی عورتیں ہوتیں۔ عرش آشیانی کے زمانے کا مینا بازار مجھے پسند نہیں کہ پردے والی عورتوں میں بادشاہ اور اُن کے مصاحبین و اُمرا سب گھس پڑیں۔
جہاں پناہ: مگر حضرت عرش آشیانی نے اپنا مینا بازار بڑی مصلحت سے کھولا تھا۔ اگر خود وہ اور اُن کے ہمراہی اُس بازار میں جا کے خریداری نہ کرتے تو عورتوں کو اتنا فائدہ ہرگز نہ ہوتا اور عورتوں نے جس نفاست و سلیقہ شعاری سے اپنی دکانوں کو بادشاہ کے آنے کے شوق میں سنوارا اور آراستہ کیا تھا، یوں ہرگز نہ سنواریں گی۔
تاج محل: یہ سب فائدے ایک طرف اور یہ خرابی ایک طرف کہ عورتوں اور مردوں کے ملنے سے بدکاری بڑھے گی، صدہا فتنے پیدا ہوں گے۔ کوئی غیر مرد کسی کی جورو پر فریفتہ ہو کر اُس کے شوہر کا دشمن ہو جائے گا اور اُس کو اُس کے گھر سے نکالنا چاہے گا۔ کوئی عورت کسی غیر مرد کی شیفتہ ہو کر اپنے شوہر اور بچوں تک کے چھوڑنے پر آمادہ ہو جائے گی۔ ان باتوں سے جیسے جیسے فساد ہوں گے، وہ اُن ظاہری فائدوں سے بدرجہا زیادہ بڑھے ہوئے ہوں گے۔
جہاں پناہ: بیگم! تم نے برائیوں کی بہت ہی ناقابل برداشت تصویر میری آنکھوں کے سامنے بنا کے کھڑی کر دی لیکن جب میں دیکھتا ہوں کہ حضرت عرش آشیانی کے عہد میں اس بازار کی وجہ سے کوئی ایسی خرابی نہیں پیدا ہوئی تو اطمینان ہو جاتا ہے کہ ہمارے شریفوں اور امیروں کی بیویاں ایسی نفس پرست و بدکار نہیں ہیں جیسا تم انھیں بتاتی ہو۔
تاج محل: کون جانتا ہے کہ خرابی نہیں پیدا ہوئی۔ صدہا فساد ہوئے ہوں گے مگر ایسی باتوں کو شریف لوگ جہاں تک ممکن ہوتا ہے دباتے اور چھپاتے ہیں۔ اور اس مینا بازار کا سب سے بڑا فساد تو سب ہی جانتے ہیں کہ اُسی کی بدولت حضرت جنت مکانی کے دل میں مہر النسا کا شوق پیدا ہوا۔ اُن کا شوہر شیر افگن خان جان سے گیا اور وہ مہر النسا سے نور جہاں بیگم بن گئیں۔
جہاں پناہ (قہقہہ مار کے): یہ مینا بازار سے نہیں ہوا بلکہ جنت مکانی والد مرحوم کی رنگیلی طبیعت کا تقاضا تھا اور ایسی باتیں کسی نہ کسی طریقے سے سب ہی بادشاہوں کو پیش آ جاتی ہیں۔
تاج محل: ہاں پیش آ جاتی ہیں اور اس نئے مینا بازار سے آپ کو پیش آ جائیں تو۔
جہاں پناہ: دیکھو تم وعدہ کر چکی ہو کہ بد گمانی نہ کرو گی اور تمھیں مجھ سے ایسی بد گمانی ہرگز نہ کرنی چاہیے۔ تمھارے ہوتے ممکن نہیں کہ میں کسی عورت پر آنکھ ڈالوں۔ تم میرے دل و جان کی مالک ہو۔ سلطنت تمھارے اختیار میں ہے اور میرے بعد تمھارا ہی بیٹا ہندوستان کا تاجدار ہوگا۔
تاج محل: ایسی باتیں نہ کیجیے۔ میری زندگی آپ کے دم کے ساتھ ہے۔ خدا وہ دن نہ لائے کہ میں کسی بیٹے کا زمانہ دیکھوں۔ میری پانچوں وقت کی نماز کے بعد یہ دعا رہتی ہے کہ آپ کے سامنے مروں اور آپ کے ہاتھوں ٹھکانے لگوں۔
جہاں پناہ: تمھاری چاہے یہ تمنا ہو، مگر میری زندگی بغیرتمھارے بے مزہ ہو جائے گی۔ مجھے سلطنت کا لطف صرف تمھارے وجہ سے آتا ہے۔ اب ان باتوں کو چھوڑو جن کا خیال آنے سے دنیا بے کار اور جینا بے مزہ نظر آنے لگتا ہے اور خیر اگر تم مینا بازار کو نہیں پسند کرتیں تو میں اُس کے خیال سے باز آ جاتا ہوں۔
تاج محل (مُسکرا کے): میں فقط آپ کے چھیڑنے کے لیے کہتی تھی۔ ورنہ میرا تو یہ کام ہے کہ آپ کو جس چیز کا شوق ہو اُسے جس طرح بنے پورا کروں۔ جب اگلے دنوں جوانی میں آپ پر بد گمانی نہ ہوئی تو اب کیا ہوگی۔ اس مینا بازار کو شوق سے کھولیے، میں مانع نہیں ہوں۔
جہاں پناہ: مانع ہونا کیسا، میں تو یہ چاہتا ہوں کہ میرے عہد کے مینا بازار کو تم ہی قائم کرو۔ تمھاری ہی طرف سے اس کا اعلان ہو۔ تمھارے ہی حکم سے شہر کے باہر اُس کی عمارت بنے اور تم ہی اپنے ہاتھ سے اس کا افتتاح کرو۔
تاج محل: آپ کی خوشی کے لیے میں ان سب کاموں کے کرنےکو تیار ہوں۔ مگر مجھ سے وعدہ کیجیے کہ کسی عورت پر آپ بُری نگاہ نہ ڈالیں گے۔ شیطان انسان کے پاس ہی رہتا ہے اور ذرا بھی کمزوری پاتا ہے تو بہکا دیتا ہے۔ بازار کو سجا کے دلہن بنا دینا اور ہر قسم کی دلچسپی کا سامان پیدا کر دینا میرا کام ہے۔ مگر آپ کا یہ کام ہے کہ کسی خوبصورت عورت کو دیکھیں، قدم کو لغزش نہ ہو۔ یہ وعدہ میں فقط اپنے لیے نہیں لیتی، میں تو جیسی ہوں ویسی ہی رہوں گی اور کوئی آئے گی بھی تو میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ اس لیے کہ میرے دل میں بہت کم ہوسیں رہ گئی ہیں۔ میں یہ وعدہ آپ ہی کے بھلے کے لیے لیتی ہوں۔ آپ جانتے ہیں کہ جو کہا جاتا ہے کہ بادشاہ سے کسی عورت کو پردہ نہ کرنا چاہیے۔ کس اطمینان پر کہا جاتا ہے؟ اس اطمینان پر کہ بادشاہ ساری رعایا کا محافظ اور سب کی آبرو بچانے والا ہے۔ آپ اس بازار میں آئیں تو دل میں یہ خیال جما لیں کہ ان عورتوں میں جتنی بڑھیاں ہیں آپ کی مائیں ہیں، جوانیں آپ کی بہنیں ہیں اور کنواری لڑکیاں آپ کی بیٹیاں ہیں۔
جہاں پناہ: میں اپنے ملک کی تمام عورتوں کو ہمیشہ ایسا ہی سمجھا کیا اور اس مینا بازار میں تمھارے کہنے سے خاص طور پر اس کا خیال رکھوں گا۔
تاج محل: تو پھر اس مینا بازار کے بعد ساری رعایا میں آپ کا اعتبار اور بڑھ جائے گا۔
جہاں پناہ: یہ تو پھر میری خواہش کے مطابق تم مینا بازار قائم کرنے کو تیار ہو؟
تاج محل: دل و جان سے، اور مجھے یقین ہے کہ یہ بازار عورتوں کے لیے ایک بڑی بھاری نعمت ہوگا۔ اُن کو اس سے بہت فائدے پہنچیں گے۔
جہاں پناہ: تو پھر کل ہی اُس کی عمارت تعمیر کرنے کا حکم جاری کر دو۔ میں چاہتا ہوں کہ اس بازار کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے جاری ہو جائے اور دنیا میں ہمیشہ کے لیے تمھاری یہ یادگار قائم رہے۔ یہ عمارت مستقل طور پر اسی کام کے لیے محفوظ رہے اور ہر سال کسی مناسب موسم میں اس میں زنانہ بازار لگا کرے۔
تاج محل: میں بھی ہر سال اس کے لیے خاص اہتمام کیا کروں گی۔ لیکن یہ بازار اُسی وقت تک ہے جب تک آپ سے یا آپ کے کسی شہزادے یا امیر سے کوئی بے اعتدالی نہ ظاہر ہو۔ اس لیے کہ اگر اس سے کوئی خرابی پیدا ہوئی تو پھر میں اُسے اچھا نہ کہوں گی اور ہرگز نہ پسند کروں گی کہ دنیا میں کوئی بد اخلاقی کی چیز میری یادگار سمجھی جائے۔
جہاں پناہ: ان شاء اللہ کوئی خرابی نہ ہوگی اور جب میں خود احتیاط کروں گا اور نگرانی رکھوں گا تو کسی کی مجال نہیں کہ کسی عورت پر بُری نگاہ ڈالے۔
تاج محل: تو بہتر ہے۔ کل ہی میری طرف سے میر عمارت کو حکم دے دیجیے کہ اس عمارت کے لیے ایک اچھا اور مناسب نقشہ تیار کر کے میرے سامنے پیش کریں۔ اور اس کے بعد اتنی جلدی اس عمارت کو تیار کر کے کھڑا کر دیں کہ اب کی فصل بہار میں یہ بازار کھول دیا جائے۔
جہاں پناہ: میں بہت جلد اس عمارت کو تعمیر کراؤں گا اور اُس کا نقشہ تین ہی چار روز میں بن جائے گا۔
حضرت صاحب قران ثانی کے دل میں مینا بازار کا خیال اس طرح جم کے بیٹھ گیا تھا کہ رات بھر بار بار نیند اُچٹ جاتی اور جب آنکھ کھلتی اُسی کا خیال ہوتا اور صبح کو نماز سے فارغ ہوتے ہی جب تک ممتاز الزمانی نواب تاج محل صاحبہ کی طرف سے اس عمارت کی تعمیر اور بہت جلد اُس کے نقشے کی تیاری کا حکم جاری کرا لیا، باہر دربار میں نہیں تشریف لائے۔
برآمد ہوتے ہی امرائے دولت کو بُلوا کے ملکۂ زمانہ کے حکم سے آگاہ کیا اور میر عمارت کو بلا کے حکم فرمایا کہ دو ہی تین دن کے اندر نقشہ بنا کے محتشم الیہا کے ملاحظے میں پیش کر دیں۔ ساتھ ہی اس کا بھی اعلان کرا دیا کہ “اب کی موسم بہار میں نواب ممتاز محل صاحبہ شہر کے باہر ایک نہایت عالیشان مینا بازار کھولیں گی۔ تمام ہندو مسلمان امرا و معززین کی بیویوں کو اُس میں شریک ہونا چاہیے۔ چند ماہ پیشتر سےاس لیے اعلان کر دیا گیا کہ ملک کی تمام سلیقہ والی بیویاں اس بازار میں لانے کے لیے قیمتی جواہرات اور اپنی دستکاری کی نادر چیزیں تیار کر لیں اور دوسرے شہروں اور صوبوں کی جو خاتونیں آنا چاہیں وہ سفر کے لیے تیار ہو جائیں۔ اس بازار میں ملک کی ہنر والی عورتوں کو دولت حاصل کرنے کا بہت اچھا موقع ہے۔ اس لیے کہ مُنہ مانگے دام دیے جائیں گے۔ جس تاریخ بازار کھولا جائے گا، اُس سے بعد اطلاع دی جائے گی”۔
اس اعلان کے ہوتے ہی تمام گھروں میں ایک عجیب جوش و شوق پیدا ہو گیا اور ہر گھر میں اسی کا تذکرہ تھا۔ بہت سی عورتیں اپنے مذاق و شوق کے مطابق فروخت کرنے کی چیزیں تیار کرنے لگیں۔ امیر گھرانوں کی عورتیں اپنے وضع و لباس کے متعلق طرح طرح کی تراش خراش اور ایجادیں کرنے لگیں۔
تیسرا باب
اُس کی تعمیر و تزئین
تیسرے ہی روز مینا بازار کی عمارت کا نقشہ ملکۂ زمانہ نواب ارجمند بانو بیگم کے ملاحظہ میں پیش ہوا۔ بادشاہ اور بادشاہ بیگم نے اُس پر خوب غور کیا۔ محل کی معزز و نفیس مزاج عورتوں اور بعض وزرا و امرا کی بیگموں کو بھی دکھا کے مشورہ لیا۔ اور ایک ہی ہفتہ کے اندر مناسب ترمیموں کے بعد وہ نقشہ میر عمارت کو واپس دیا گیا کہ اسی کے مناسب عالیشان عمارت بہت جلد تعمیر کرا دیں۔
اب حضرت جہاں پناہ کا معمول تھا کہ ہر ہفتہ میں دو تین بار بذات خود تشریف لے جا کے ملاحظہ فرماتے کہ عمارت کتنی بنی اور کس عجلت کے ساتھ تعمیر کا کام جاری ہے۔ محل کے اندر ہوتے تو اکثر تاج محل صاحبہ سے اسی مینا بازار کا تذکرہ رہتا۔ اُس کی آراستگی اور زیب و زینت کی چیزوں پر غور کیا جاتا۔
تقریباً تین مہینے میں عمارت مکمل ہو گئی اور ساتھ ہی اُس کی سجاوٹ بھی ہو گئی۔ ڈیوڑھی کی جگہ ایک بہت بڑا وسیع احاطہ رکھا گیا تھا جس کے اندر ہاتھی، گھوڑے، رتھیں، بہلیں اور ہر قسم کی سواریاں بہت آسانی سے جا سکیں۔ احاطے کے گردا گرد تقریباً سو سوا سو کوٹھریاں تھیں، جو اس مقصد سے بنائی گئی تھیں کہ اُن میں رتھیں اور گاڑیاں رکھی جائیں، بیل یا گھوڑے باندھے جائیں۔ داخل ہونے کے دروازے کے پاس اندر کی طرف فیل خانہ کے طور پر بہت بلند مکانات تھے تاکہ ان میں ہاتھی باندھے جائیں۔ غرض جو عالی مرتبہ شاہزادیاں اور بیگمیں آئیں ان کی سواریوں کے ٹھہرانے اور رکھنے کے لیے یہ احاطہ کافی تھا۔
اس کے بعد دوسری ڈیوڑھی تھی جس میں پردے کا انتظام تھا کہ ہر خاتون اُس میں داخل ہو کے آرام و اطمینان سے اُتر کے بازار کے اندر چلی جائے اور اس کے اُترنے کے بعد سواری بیرونی احاطے میں آ کے ٹھہرے۔
اس کے بعد بازار کا خاص دروازہ تھا جو نہایت ہی خوبصورت اور دلکش تھا۔ اس پر چابکدست کاریگروں نے بڑی خوبی سے بیل بوٹے بنائے تھے۔ خوب خوب رنگ آمیزیاں کی تھیں۔ جابجا سونے کا پانی پھیر کے اس قدر چمکا دیا تھا کہ دیکھنے والوں کی آنکھیں دولت تیموریہ کا عروج و کمال دیکھ کے خیرہ ہونے لگتیں۔ اس دروازے میں داخل ہوتے ہی بازار ملتا جس پر نظر پڑتے ہی آنکھیں روشن ہو جاتیں۔ دو بڑی وسیع سڑکیں ایک دوسرے کو کاٹتی ہوئی چاروں طرف پھیلتی چلی گئی تھیں۔ چوراہے پر ایک وسیع میدان رکھا گیا تھا جس کے درمیان میں ایک نہایت ہی خوشنما و دلکش بُرج نُما کوشک تھی، اس کی چوٹی پر سنہرا کلس تھا اور اُس کے چاروں طرف چھوٹی چھوٹی کلس دار گنبدیوں کا سلسلہ چلا گیا تھا جن کے دائرے کے اندر مذکورہ درمیانی کلس مرکز کا کام دیتا اور چھوٹے کلسوں میں وہ ایسا نظر آتا تھا کہ گویا ماہتاب نے تاروں کو پاس سے ہٹا کے گردا گرد حلقہ میں قائم کر دیا ہے۔
اس کوشک میں بوٹے دار اطلس کے فرش پر سونے چاندی کے تخت اور پلنگ قرینے سے آراستہ تھے۔ تختوں پر اعلیٰ درجے کے ایرانی اور ترکی قالین بچھے تھے اور صدر میں زربفت کی مسند اور تکیے تھے۔ یہ مقام خاص ممتاز محل اور اُن کے دربار کی خاتونوں کے لیے مخصوص تھا۔
چاروں طرف جو سڑکیں گئی تھیں اُن میں ہر جانب ڈیڑھ ڈیڑھ سو دکانیں نہایت زیبائش سے آراستہ کی گئی تھیں۔ اس طرح ہر سڑک پر دونوں طرف ملا کے تین سو دکانیں اور سارے بازار میں کل بارہ سو دکانیں تھیں۔ دُکانوں کو بیل بوٹوں اور مینا کاری کی صنعتوں سے شداد کی جنت بنا دیا گیا تھا اور اُن کی پیشانی پر اِس سرے سے اُس سرے تک ایک چوڑی سنہری بیل چلی گئی تھی جو عجب بہار دکھاتی اور جس کی نظر پڑتی محو حیرت ہو جاتا۔ تمام دکانوں کے بازؤں پر گوٹے کے ہار لٹک رہے تھے اور کپڑے کے کٹاؤ سے کام لے کر نہایت شگفتہ خوش رنگ سدا بہار پھولوں سے ان کا سارا بیرونی رُخ آراستہ کر دیا گیا تھا۔ ان کے اندر دو جانب اطلس کے پردے لٹک رہے تھے جن میں عورتوں کے مذاق کے مطابق زربفت کی بیلوں اور سنہرے لچکوں کا حاشیہ تھا اور ان کے درمیان میں نقرۂ چٹکی کا جال بنا دیا گیا تھا۔ اور چونکہ سب دُکانیں دوہری تھیں، لہذا پشت کی طرف تین تین محرابیں تھیں جن کے چاروں طرف تو وہی کام تھا جو دونوں طرف تھا۔ مگر محرابوں کی پیشانیاں کپڑے کے سدا بہار پھولوں سے آراستہ تھیں جن کے نیچے مقیش کی جھالریں لٹک رہی تھیں اور دروں میں منقش چلمنیں پڑی ہوئی تھیں۔ دکانوں کے پشت کے کمروں کی زینت میں سادگی سے کام لیا گیاتھا۔ ان کمروں کے پیچھے مختصر مکانات تھے تاکہ جو بیویاں آئیں اپنے گھروں کی طرح آرام سے رہیں اور پشت کے کمرے اور ان کے متعلق مکانوں میں آزادی سے اٹھیں بیٹھیں۔
جب یہ بازار سج کے تیار ہوگیا تو ممتاز الزمانی بیگم مع اپنی خواصوں اور محل کی عورتو ں کے بڑے دھوم دھام سے اُس کے دیکھنے کو آئیں۔ پہلے اُس کوشک کو دیکھا جو خاص اُن کے لیے تھی، پھر ہر ہر دکان اور مکان کو جا کے اندر سے دیکھا اور بہت خوش ہوئیں۔ جہاں پناہ بھی اُسی وقت تشریف لائے اور ملاحظہ کے بعد بیگم سے کہا: “تم نے اس بازار کو دیکھا؟ اگر کسی چیز کی کمی ہو تو بتا دو”۔
تاج محل: جو چیز آپ کے اہتمام سے بنے بھلا اُس میں کوئی کمی رہ سکتی ہے؟ واقعی بہت خوب بنا ہے اور تعمیر سے زیادہ خوبی اس کی آراستگی و زینت میں ہے۔
جہاں پناہ: جہاں تک بنا عورتوں کے مذاق کا خیال رکھا گیا ہے۔
تاج محل: عمارت کے بنانے اور سجانے میں جو کمال خدا نے آپ کو دیا ہے کسی بادشاہ کو نہیں دیا تھا۔ میں نے سُنا ہے ولایت میں اور نیز اور بہت سے ملکوں میں بازار اُوپر سے پٹے ہوتے ہیں۔ اگر یہ چاروں سڑکیں وہاں کی طرح پاٹ دی جائیں اور ساری چھت میں نقش و نگار بنا دیے جائیں تو کیسا ہے؟
جہاں پناہ: پٹے ہوئے بازار ان ملکوں میں اس لیے بنائے جاتے ہیں کہ برف باری اور برسات کی کیچڑ سے محفوظ رہیں۔ پھر وہاں سردی ایسی ہوتی ہے کہ ٹھنڈی ہوا سے بچنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان میں اگر ایسا بازار بنایا جائے تو ہوا کے رُکنے سے گھٹن ہو جائے گی اور پھر روشنی بھی کم رہے گی۔ روشندانوں کے رکھنےپر بھی اتنی روشنی نہ ہوگی کہ ہر چیز اپنی اصلی حالت میں نظر آ سکے۔ اور چونکہ یہاں زیادہ تر جواہرات کی خرید و فروخت منظور ہے اس لیے روشنی کی زیادہ ضرورت ہے۔ ہمارے یہاں نہ برف باری کا اندیشہ ہے اور نہ بہار کے موسم میں بارش کا خیال۔ اس لیے یہی اچھا معلوم ہوتا ہے کہ کھلا بازار رہے جس میں ہوا کے جھونکے چلتے ہوں۔ لیکن اگر تمھیں وہی پسند ہے تو میں حکم دیے دیتا ہوں کہ چاروں سڑکوں کی چھتیں پٹوا دی جائیں۔
تاج محل: نہیں میں آپ کے بتانے سے سمجھ گئی۔ واقعی اگر چھتیں پاٹی گئیں تو لوگوں کو تکلیف ہوگی اور اندھیرا ہو جانے سے جو زیب و زینت کا سامان کیا گیا ہے ماند نظر آئے گا۔ مگر ان باتوں سے مجھے دو باتوں کا اور خیال آیا۔ اول تو یہاں کوئی حوض نہیں ہے، حالانکہ بہت سے حوٖضوں کی ضرورت ہے۔ جو لوگ یہاں آ کے رہیں گے پانی کہاں سے لائیں گے؟ اور بہشتیوں کے دور سے لانے میں پورا مطلب نہ نکلے گا۔ دوسرے یہ کہ جو عورتیں یہاں آ کے ٹھہریں اور رہیں گی اُن کی دلچسپی اور تفریح کے لیے ایک گلباغ بھی بنا دیا جائے تاکہ مختلف اوقات میں وہاں جا کے بیٹھیں اور ملیں جلیں۔ آپ کا جو مقصد ہے کہ عورتوں میں میل جول بڑھے وہ ایک پُر فضا باغ ہی سے پورا ہو سکتا ہے۔
جہاں پناہ: بے شک دونوں باتیں بہت ضروری ہیں۔ تو چلو ہر طرف چکر لگا کر غور کروں کہ حوض کہاں کہاں بنائے جائیں اور باغ کس جگہ ہو۔
اس کے بعد بادشاہ اور تاج محل درمیان والی کوشک کے پاس آئے اور جہاں پناہ نے چاروں طرف نظر دوڑا کے کہا: “اس کوشک کے گرد میدان کافی ہے اور سڑکیں بھی چوڑی ہیں۔ لہذا میری رائے میں کوشک کے گردا گرد ایک گول حلقہ چار ہاتھ چوڑی خوبصورت نہر کا بنا دیا جائے اور چاروں طرف ہر سڑک کے مقابل نازک اور خوبصورت پل تعمیر کر دیے جائیں۔ حوض کے کنارے کنارے دونوں جانب مصنوعی پھولوں کے گلدستے رکھ دیے جائیں اور پلوں کے دونوں طرف نہایت آبدار برنجی کٹہرے ہوں۔ اسی طرح چاروں سڑکوں کے بیچ میں بھی سو سو قدم کے فاصلے پر مُدوّر حوض جن کا قطر دو گز سے زیادہ نہ ہو سنگ مرمر کے بنا دیے جائیں اور اُن کے اوپر خوبصورت اور نفیس بُرج قائم کر دیے جائیں۔
تاج محل: ایسا ہوا تو کیا کہنا۔ بازار کی رونق دوبالا ہو جائے گی۔ یہ کوشک کے گرد والا حوض اور اس کے پُل عجب شان دکھائیں گے۔ پھر سڑکوں کے درمیان میں جو حوضوں کے بُرجوں کا سلسلہ قائم ہوگا، بازار میں نہایت اعلیٰ درجہ کا لطف پیدا کر دے گا۔
جہاں پناہ: مگر باغ کا معاملہ دشوار ہے۔ اول تو اس کا جلدی تیار ہو جانا مشکل ہے۔ دوسرے اس عمارت کے تعمیر ہونے سے پہلے اس کا خیال نہیں آیا۔ تاہم تمھاری خوشی کے لیے میں یہ کروں گا کہ چاروں سڑکوں میں ہر ایک سے دوسری تک جو مثلث میدان چھوٹا ہے اُس میں زمین کو مسطح کرا کے ہری دوب لگا دوں گا، تاکہ پُر فضا مرغزار بن جائے۔ جہاں جہاں بن پڑے پھولوں کے درخت بھی لگا دیے جائیں۔ جابجا اُس میں حوض بنا دیے جائیں جن میں فوارے چھوٹا کریں۔ اس طرح چار طرف چار پُر فضا سبزہ زار ہوں گے جو بہت اچھی تفرج گاہ کا کام دیں گے۔ ان میں بیٹھنے کے لیے متعدد وسیع چبوترے بنوا کے ان پر قالینوں کا فرش بچھوا دوں گا تاکہ وہاں عورتیں سیر کی غرض سے آ کے ایک دوسرے سے ملیں، باہم ربط و ضبط پیدا کریں۔
تاج محل: یہ باغ سے اچھا رہے گا۔ اور عورتیں اس کی سیر میں باغ سے زیادہ خوش ہوں گی مگر چار مرغزاروں کے مَیں خلاف ہوں۔ اس لیے کہ اُن کی وجہ سے صحبت منتشر ہو جائے گی اور میں چاہتی ہوں کہ سب ایک ہی جگہ جمع ہوں۔
جہاں پناہ: ایک ہی سہی مگر اس سے باغ کی عمارت کا نقشہ کانا رہے گا۔ کیا یہ اچھا نہ ہوگا کہ چار مرغزاروں کو چار گروہوں کی عورتوں میں تقسیم کر دیا جائے؟ دو مسلمان بیگموں کے لیے ہوں اور دو ہندو خاتونوں کے لیے۔ اور ہر ایک کی دو سیر گاہوں میں سے ایک معزز عورتوں کے لیے ہو اور ایک عام عورتوں کے لیے۔
تاج محل: اس تفریق کے میں خلاف ہوں۔ میرا خیال ہے کہ ہندو مسلمان اور ادنیٰ اعلیٰ کا امتیاز نہ رہے۔ ہندو عورتیں مسلمان عورتوں کے پاس اور غریب عورتیں امیر زادیوں کے پہلو میں بیٹھیں۔ یہ آپ کا دربار نہیں ہے بلکہ عام لوگوں کی محفل ہے جس میں کوئی اختلاف و امتیاز نہ ہونا چاہیے۔ تاکہ سب ایک دوسرے سے مانوس ہوں اور یہاں سے جاتے وقت باہمی محبت و ہمدردی کا جوش دل میں لے کے جائیں۔
جہاں پناہ: بہتر۔ ایک ہی تفرج گاہ رکھی جائے گی۔
تاج محل: اور میں روز دو گھڑی دن رہے خود اس میں آ کے بیٹھوں گی اور ہندو مسلمان بیویوں کی ان کے مذاق کے مطابق ضیافت کیا کروں گی، ادنیٰ و اعلیٰ سب سے ملوں گی۔ ایک ایک کے پاس جا کے اُس کی مزاج پُرسی کروں گی اور سب کو باہمی محبت کا سبق دوں گی۔
جہاں پناہ: اگر تمھارا یہ ارادہ ہے تو تمھارا یہ اخلاقی مدرسہ ملک کے لیے بہت ہی مفید ثابت ہوگا۔
اس بازار کی جوا بھی سنسان پڑا تھا خوب سیر کر کے اور ہر ہر چیز پر غور کر کے جہاں پناہ اور بادشاہ بیگم سوار ہو کر اپنے محل میں آئے اور جو امور طے ہوئے تھے اُن کا اُسی وقت حکم جاری کر دیا گیا۔ اور اس تاکید کے ساتھ کہ زیادہ سے زیادہ ایک مہینے کے اندر حوض، اُن کے فوارے، پل، حوضوں کے بُرج اور مرغزار تیار ہو جائیں۔ کثرت سے مدد لگا دی جائے تاکہ سب کام اس مدت سے پہلے ہی انجام پا جائیں۔
ساتھ ہی اعلان کر دیا گیا کہ آج سے ڈیڑھ ماہ بعد عہد شاہجہانی کا مینا بازار کھل جائے گا۔ اسی اعلان میں اُس کے تفصیلی مراتب بیان کر دیے گئے اور ہر ادنیٰ و اعلیٰ کو امید دلائی گئی کہ ملکۂ زمانہ تاج محل ممتاز الزمانی نواب ارجمند بانو بیگم خاص اپنے ہاتھ سے اس بازار کا افتتاح کریں گی اور تمام اعلیٰ و ادنیٰ عورتیں جو شریک ہوں گی اُن سے روزانہ ملیں گی اور اپنی شفقتوں سے سرفراز فرمائیں گی۔ ہرکارے دُور دُور کے شہروں میں اس اعلان کے ساتھ دوڑا دیے گئے کہ شہری و دیہاتی سب کو اس شاہی بازار میں عزت و مساوات سے جگہ دی جائے گی اور غریب بیویوں کی امیر زادیوں سے زیادہ خاطر داشت کی جائے گی۔ اعلان کو پندرہ بیس ہی روز گذرے ہوں گے کہ ہزارہا رتھیں، محملیں، سکھ پالیں اور فنسیں دھوم دھام اور کر و فر سے دہلی کی طرف آنے لگیں اور دولت مغلیہ کے دار السلطنت میں عورتوں کا اتنا مجمع ہوگیا کہ کبھی نہیں دیکھا گیا تھا اور نہ تاریخ میں سُنا گیا تھا۔
چوتھا باب
مخالفتیں اور اعتراضات
بازار کی تکمیل کے لیے جو مدت مقرر کی گئی تھی پوری ہو گئی اور اس اثنا میں بعض معزز ہندو فرماں رواؤں کی طرف سے نواب تاج محل کی خدمت میں اس مضمون کی عرضداشتیں پیش ہوئیں کہ “ہندو رانیاں اور تمام معزز و شریف عورتوں کو شرکت میں مطلق تامل نہیں، اس لیے کہ مینا بازار کی شرکت اُن کے لیے باعث عزت و سرفرازی ہے اور حضرت عرش آشیانی اکبر بادشاہ انار اللہ برہانہ کے عہد سے اُنھیں محلات عصمت آیات سے ملنے میں کوئی تامل بھی نہیں رہا۔ چنانچہ اُس عہد دولت مہد کے مینا بازار میں انھیں شرکت کا فخر بھی حاصل ہو چکا ہے مگر یہ مینا بازار چونکہ بڑے اعلیٰ اور وسیع پیمانے پر کھولا جائے گا اور اس میں ہر درجے اور ہر طبقے کی مسلمان خاتونیں شریک ہوں گی، لہذا انھیں اندیشہ ہے کہ کوئی بات ان کی شان اور ان کے رتبے کے خلاف نہ ہو۔ اُن کے اور مسلمان خاتونوں کے مذاق میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ اُن کی زبان جُدا، وضع جُدا، مذہب جُدا، مذاق جُدا اور معاشرت جُدا ہے۔ جس طرح وہ مسلمان بیویوں کے آداب و اخلاق سے واقف نہیں ہیں، اُسی طرح مسلمان بیگمیں اُن کے آداب و اخلاق سے ناآشنا ہیں۔ ممکن ہے کہ دونوں کے باہمی میل جول میں کوئی ایسی بات پیدا ہو جو انھیں یا اُن کی وجہ سےمسلمان خاتونوں کو ناگوار گذرے۔
اس کے جواب میں ملکہ جہاں تاج محل صاحبہ کی جانب سے پورا اطمینان دلایا گیا اور پھر عام طور پر اعلان کر دیا گیا کہ اس مینا بازار کا مقصد اصلی یہ ہے کہ ہندو مسلمان بیویوں اور اعلیٰ و ادنیٰ عورتوں میں خلوص و محبت کے تعلقات بڑھیں اور سب عورتیں باہمی الفت اور ایک دوسرے کے حفظ مراتب کا خیال کرنا سیکھیں۔ ہندو رانیوں اور معزز بیویوں کے ساتھ بالکل برابری اور بہناپے کا برتاؤ ہوگا۔ اُن کی بود و باش اور اُن کی ضیافت کا اہتمام خاص اُن کے مذاق و رواج کے مطابق کیا جائے گا اور اس میں پوری کوشش صرف کر دی جائے گی کہ دونوں مذہبوں کی خاتونوں کے ساتھ اُن کے درجے اور رتبے کے مطابق سلوک ہو اور امیر زادیاں غریب عورتوں سے اپنی بہنوں کی طرح ملیں۔ ان باتوں کا خود حضرت ملکۂ آفاق بہ نفس نفیس شریک ہو کر اندازہ فرمائیں گی۔ مگر ہاں ہندو رانیوں سے امید کی جاتی ہے کہ نہ اپنی قوم کی غریب بیویوں کو سُبکی و حقارت کی نگاہ سے دیکھیں نہ دوسری قوم کی عورتوں کو، اس لیے کہ ہمارا اصلی مقصد یہ ہے کہ ہندوستان کے سارے رہنے والوں کو جہاں تک بنے ایک قوم اور ایک درجے کا بنا دیں۔
اس اطمینان بخش جواب نے سارے ہندو مسلمانوں کو اطمینان دلا دیا۔ خصوصاً اُن قصباتی مسلمان گھرانوں کو جو اپنی عورتوں کے کسی غیر خاندان میں چلے جانے کو بھی اپنی سُبکی و بے عزتی تصور کرتے ہیں۔ اگرچہ ایسے خاندانوں کی بہت ہی کم عورتیں اس بازار میں آئیں مگر ان کے لیے بھی اعتراض کی کوئی گنجائش نہ تھی۔
پھر بعض مذہبی لوگوں اور پُرانی وضع کے نباہنے والوں کی طرف سے اعتراض ہوا کہ “عہد اکبری کےمینا بازار کی طرح اس میں بھی عورتوں کی بے پردگی ہوگی۔ اگر بادشاہ اور اُمرا وغیرہ بازار کے اندر نہ جاتے تو مناسب تھا۔ اس کا جواب حضرت بادشاہ بیگم کی طرف سے یہ دیا گیا کہ “مینا بازار میں کسی کی پردہ دری ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ حضور شاہنشاہ کی رونق افروزی کے وقت جو بیویاں چاہیں اپنے چہروں پر نقاب ڈال لیں، کوئی انھیں نقاب اُلٹنے پر مجبور نہ کرے گا اور دین اسلام میں بس اتنا ہی پردہ ہے۔ حضرت رسول خدا صلعم کے عہدِ ہُمایوں میں معزز و شریف بیویاں مسجدوں میں جاتی تھیں، عید گاہوں میں پہنچتی تھیں، سودے سُلَف اور ضروری کاموں کے لیے باہر نکلتی تھیںا ور بعض بہادر بیویاں جہاد میں کفار سے مقابلہ کرتی تھیں۔ اگر مروجہ پردہ ہوتا تو ان میں سے کوئی کام بھی نہ ہو سکتا۔ اگرچہ حضرت ظل اللہ جہاں پناہ تمام عورتوں کے محرم سمجھے جاتے ہیں، ملک کی تمام عورتیں یا اُن کی مائیں ہیں یا بہنیں ہیں یا بیٹیاں؛ مگر مینا بازار چونکہ حضور رَس اہل دربار ہی کے لیے خاص نہیں ہے، اس لیے اس میں یہ قاعدہ اٹھا دیا گیا اور تمام شریک ہونے والیوں کو اختیار ہے کہ چاہیں اپنا چہرہ کھولیں چاہیں نہ کھولیں۔ مگر اتنی اصلاح کے ساتھ کہ انھیں برقع کی اجازت نہیں ہے۔ صرف نقاب چہرے پر ڈال لیں جو نہایت پُرتکلف اور زرتار ہوگی اور بازار ہی میں درخواست کرنے پر حضور ملکۂ جہاں کی سرکار سے اُن کو عطا ہوگی”۔
مگرعلما بھلا کب خاموش رہنے والے ہیں۔ انھوں نے پھر اعتراض کیا کہ “ایسی زرتار و پرتکلف نقابیں تو زیور یا زینت کا کام دیں گی اور قرآن مجید میں عورتوں کو اپنی زینت ہی کے چھپانے کا حکم ہے۔ اس نے سارے شہر میں پھر ایک جھگڑا پیدا کر دیا۔ گھروں میں مینا بازار میں جانے کے جائز یا ناجائز ہونے پر بحثیں ہونے لگیں۔ صاحب علم اور جاہل ہر طبقے کے مردوں میں مباحثے ہونے لگے اور انجام یہ ہوا کہ بہت سی عورتیں جو آنے پر آمادہ تھیں، اُن کے ارادے بھی متزلزل ہو گئے۔
محل کی ملازمہ عورتوں سے یہ خبر نواب تاج محل کے کانوں تک پہنچی اور انھوں نے جیسے ہی حضرت جہاں پناہ محل میں آئے اُن سے کہا “وہ جو میں نے کہا تھا کہ اس بازار میں عورتیں ہی بیچنے والی اور عورتیں ہی خریدار ہوں وہ آج سارے شہر کی عورتوں کی زبان پر ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ علما کہتے ہیں زرتار نقاب بھی عورتوں کی زینت میں داخل ہے جس کو چھپانا چاہیے۔ اور اس کا اثر یہ ہوا کہ بہت سی پابند شرع عورتیں مینا بازار میں آنے کے خلاف ہو گئیں”۔
جہاں پناہ: یہ بُرا ہوا مگر میری سمجھ میں نہیں آتا کہ علما کو باوجود ہر طرح کی بُری بھلی باتیں گوارا کر لینے کے اس پر اعتراض کرنے سے کیا ملا گیا؟
تاج محل: اس کو علما ہی سے بُلوا کے دریافت کیجیے۔ مگر میں بھی انھیں کے کہنے کو سچ جانتی ہوں اور فرض کیجیے انھوں نے کسی امر میں سُستی کی تو کیا ضرور ہے کہ اس میں بھی سُستی کریں۔
جہاں پناہ: میں تو اس معاملے میں اُن سے بحث کروں گا۔
تاج محل: تو اور عالموں کے بلانے سے پہلے بہتر معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے محل کے میر سامان علاء الملک تولی کو اندر بُلوا کے گفتگو کیجیے۔ وہ بہت بڑے عالم و فاضل اور علامہ دہر ہیں۔ میں بھی چلمن کی آڑ میں بیٹھ کے سنوں گی۔ دیکھوں وہ آپ کوقائل کرتےہیں یا آپ اُن کو۔
جہاں پناہ: بہتر، میں اُن سے گفتگو کرنے کو تیار ہوں۔ اگرچہ میں اُن کے برابر عالم و فاضل نہیں ہوں۔ مگر اس مسئلہ میں اکثر عالموں اور فقیہوں سے خوب خوب بحثیں کر کے خوب سمجھ گیا ہوں کہ شرع کا کیا منشا ہے؟
اُسی وقت بادشاہ بیگم کے حکم سے ایک خواص دوڑی کہ علاء الملک کو بُلا لائے۔ وہ محل کے مردانے حصے میں ہر وقت موجود رہتے تھے۔ حکم ہوتے ہی آ گئے۔ ایک صحنچی میں چلمن چھوڑ دی گئی۔ بادشاہ بیگم اُٹھ کے اُس کی آڑ میں ہو گئیں، محل میں مردانہ ہوگیا۔ دو چار خواصیں چلمن کے پاس اُدھر جا کے کھڑی ہوئیں کہ ملکۂ جہاں کے احکام بجا لانے کے لیے تیار رہیں۔
پردے کا بخوبی انتظام ہو جانے کے بعد مُلا علاء الملک اندر بُلائے گئے جنھوں نے سامنے آتے ہیں حسب آداب شاہی جھک کے سات سلام کیے اور ہاتھ باندھ کے کھڑے ہو گئے۔ جہاں پناہ نے اپنے قریب ایک چوکی پر بیٹھنے کا اشارہ کیا اور کہا: “میں نے اس وقت تم کو ایک شرعی مسئلہ پوچھنےکےلیے بلایا ہے۔مگر شرط یہ ہے کہ آزادی سے گفتگو کرو اور جو سچ ہو صاف کہہ دو۔ اگر میں مخالفت کروں تو تم کو مروت یا ادب کے خیال سے موافقت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
مُلا صاحب: حضرت جہاں پناہ کے حکم کے بموجب فدوی آزادی سے گفتگو کرے گا۔
جہاں پناہ: تم کو معلوم ہے کہ عنقریب ملکۂ زمانہ ایک مینا بازار کھولنے والی ہیں۔ اگرچہ اُس میں پردے کا یہ انتظام کر دیا ہے کہ جو عورت سامنے آنا پسند نہ کرے ایک زرتار نقاب چہرے پر ڈال لے۔ مگر سُنتا ہوں کہ علما اُس کے بھی خلاف ہیں اور اس کو ناجائز بتاتے ہیں۔
مُلا صاحب: میں اس اعتراض کو سُن چکا ہوں۔ اصلی فتوی دینے والے مولانا عبد الحکیم سیالکوٹی ہیں۔ اُن کا دعوی ہے کہ زرتار نقاب بجائے خود زینت ہے اور قرآن مجید میں عورتوں کو اپنی زینت ہی کے چھپانے کا حکم ہے۔
جہاں پناہ: تمھارے زینت کے ساتھ ہی کہنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اور کسی چیز کے چھپانے کا حکم قرآن مجید میں نہیں ہے۔
مُلا صاحب: بے شک قرآن مجید میں اتنا ہی ہے۔
جہاں پناہ:تو اس کے یہ معنی ہوئے کہ عورتیں اپنے کپڑوں اور اپنی نقابوں کو چھپائیں اور اپنے چہروں کو کھلا رکھیں۔ مولانا اس کا فتوی دیں گے؟ کیونکہ پھر عورتوں کو اختیار ہو جائے گا کہ آزادی سے ہر جگہ آیا جایا کریں۔
ملا صاحب: بے شک یہ نتیجہ نکلتا ہے اور اسی وجہ سے اگلے اور پچھلے تمام مفسرین اور فقہا و محدثین نے یہ رائے قرار دی ہے کہ قرآن پاک میں “زینت” کا جو لفظ آیا ہے، اُس سے مُراد “محل زینت” ہے یعنی وہ حصہ جسم چھپائیں جس کی زینت کی جاتی ہو۔
جہاں پناہ: کیا اس تاویل پر اگلے پچھلے تمام علما کو اتفاق ہے؟ اور اسی پر فقہا کا فتوی ہے؟
ملا صاحب: بے شک سب کا اتفاق ہے اور اسی پر سب کا عملدرآمد بھی ہے۔
جہاں پناہ (ذرا مسکرا کر): تو اس تاویل سے یہ نتیجہ نکلا کہ از روئے کلام اللہ عورتیں اپنے ان اعضا کو چھپائیں جن کی زینت کی جاتی ہے۔ یہی ہے نہ؟
مُلا صاحب: بالکل یہی۔
جہاں پناہ: تو پھر مولانا عبد الحکیم صاحب نقاب کی کیوں ممانعت کرتےہیں؟ جس آیت کی بنا پر وہ یہ حکم دیتے ہیں وہ تو اعضا سے متعلق ہو گئی۔ اب خود زینت کی چیز یا سامان زینت کا چھپانا وہ کس آیت سے ناجائز ثابت کرتے ہیں؟
ملا صاحب (ذرا پریشان و متردد ہو کر): حضرت ظل سبحانی کا اعتراض بالکل بجا و درست ہے۔ مگر اس مسئلے کی بنا صرف نص قرآنی پر نہیں ہے بلکہ احادیث، تصریحات سلف خصوصاً قرون اولیٰ، علمائے متاخرین کے فتووں اور رواج پر ہے۔
جہاں پناہ: تم نے اپنے لیے بڑی بھاری گنجائش نکال لی لیکن یاد رکھو کہ تمھاری سندوں کے اس ذخیرے میں اختلاف بھی بہت ہوگا جیسا کہ فتاووں اور اقوال سلف میں اکثر ہوا کرتا ہے۔
ملا صاحب: اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا مگر طریقہ یہ ہے کہ علمائے زمانہ اُس ذخیرۂ اسناد پر غور کر کے جس نتیجے کو پہنچیں اور فتوی دیں اس پر عمل کرنا چاہیے۔
جہاں پناہ: میں متفق علیہ مسائل میں اس اصول کو مان لوں گا۔ لیکن اگر باہم اختلاف پڑے تو اُس وقت اس سے مفر نہ ہوگا کہ قرآن و حدیث کی طرف رجوع کیا جائے۔ خود خدائے تعالیٰ فرماتا ہے فَإِن تَنَازَعْتُمْ فِي شَيْءٍ فَرُدُّوهُ إِلَى اللَّـهِ وَالرَّسُولِ (اگر تم میں کسی معاملے میں نزاع پیدا ہو تو خدا و رسول کی طرف رجوع کرو)۔ اس مسئلہ میں چونکہ بعض اہل علم مولانا کے خلاف بھی ہیں لہذا اب تم کو یا ان کو قرآن و حدیث سے دلیل لانی پڑے گی۔ بغیر اس کے کچھ فرض نہیں ہے کہ ہر شخص آپ کے فتوے کو مانے اور آپ کے کہنے پر عمل کرے۔
ملا صاحب: مگر عوام الناس اپنے زمانے ہی کے علما کی پیروی پر مجبور ہیں۔ یہ فقہ کا اصولی مسئلہ ہے کہ “العامی لا مذہب لہ” (عام آدمی کا کوئی مذہب نہیں)۔
جہاں پناہ: اس صورت میں کہ کسی دوسرے عالم کو اختلاف نہ ہو۔ لیکن اگر علما میں اختلاف ہو تو عام لوگوں کے لیے جائز ہے کہ جس کی پیروی چاہیں اختیار کر لیں۔ اس معاملے میں علمائے دہلی نے کبھی اعتراض نہیں کیا۔ اُن میں سے کسی کو بھی اس مینا بازار کے جائز ہونے میں شک نہیں۔ صرف ملا عبد الحکیم صاحب اور چند اُن کے ہم خیالوں نے اعتراض کر دیا تو عام لوگوں کو حق حاصل ہے کہ چاہیں ملا صاحب کی پیروی کریں اور چاہیں دیگر علما کے کہنے پر عمل کریں۔
ملا صاحب: حضرت کا فرمانا بالکل درست اور شرعاً قابل تسلیم ہے۔ میں اس وقت مولانا عبد الحکیم صاحب کی نیابت کر رہا تھا اور دل میں کہتا تھا کہ جب ایک بزرگ عالم نے کوئی فتوی دے دیا تو اُس سے اختلاف کرنا خلاف مصلحت ہے۔ لیکن بندگان خسروی نے بحث کو کُرید کے یہاں تک پہنچا دیا تو اب اپنا اصلی مسلک بھی ظاہر کیے دیتا ہوں۔ مجھے خود اس مسئلہ میں مولانائے سیالکوٹی سے اختلاف ہے۔ اگر مینا بازار میں یہ ہوتا کہ عورتیں بے برقع و نقاب مردوں کے سامنے آئیں تو بے شک ناجائز ہوتا۔ نقاب کی اجازت دیے جانے کے بعد چاہے وہ کیسی اور کس قسم کی ہو اس بازار کے جواز میں کسی کو شک نہ کرناچاہیے۔
ملا علاء الملک کی یہ تقریر سُن کے جہاں پناہ کو بڑی مسرت ہوئی اور فرمایا: “اگرچہ اس مسئلہ میں بعض اہل علم کے ساتھ میں غور کر چکا ہوں مگر تم سے بحث کرنے کی لیاقت مجھ میں نہیں ہے۔ تم عالم و فاضل ہو، تمام علوم دینیہ کا مطالعہ کر چکے ہو، اور میں تمھارے مقابل جاہل بحت۔ سچ بتاؤ میں نے اس بحث میں کوئی بےجا بات تو نہیں کہی؟
ملا صاحب: حضور نے جو کچھ فرمایا بالکل بجا ارشاد ہوا اور ایسی معقول بحث کی کہ مجھے قائل کر کے اپنا اصلی مسلک ظاہر کرنے پر مجبور کر دیا۔
جہاں پناہ: تو پھر ایک کام کرو۔ اس مسئلہ کا ایک استفتا لکھ کر اس کا جواب اپنے فیصلے کے مطابق تم بھی لکھو اور دہلی کے تمام علما سے بھی اُس پر دستخط کراؤ۔ پھر اُسے عام طور پر شائع کر دو اور اس کی نقلیں جابجا شاہراہوں اور گلیوں میں لگا دی جائیں تاکہ عوام کے دلوں سے مینا بازار کی شرکت کے ناجائز ہونے کا خیال دور ہو۔
ملا صاحب: حضرت ظل السبحان کے حکم میں مجھے کوئی عذر نہیں ہے۔ تاہم اگرچہ کوئی عذر نہیں ہے لیکن اگر کوئی ایسی صورت پیدا ہوتی کہ علمائے اسلام میں تفرقہ نہ پڑے تو زیادہ بہتر ہوتا ہے۔
جہاں پناہ: وہ کون سی صورت ہے؟
ملا صاحب: ضرورت ہی کیا ہے کہ وہ نقابیں زرتار یا رنگین ہوں۔ اعلان کر دیا جا سکتا ہے کہ عورتیں جس قسم کی سادی یا پُرتکلف نقابیں چہروں پر ڈال کے آئیں آ سکتی ہیں اور زرتار نقابوں کی جو قید لگائی گئی تھی اور اُن کی تیاری کے لیے جو خاص اہتمام ہونے والا تھا ملتوی کیا گیا۔
جہاں پناہ: ہے تو آسان اور معقول بات مگر میرا جی نہیں چاہتا کہ ملکۂ زمانہ جو حکم جاری کر چکیں اُس میں رد و بدل کیا جائے۔
قبل اس کے کہ ملا صاحب کچھ کہیں ایک خواص نے سامنے آ کے دست بستہ عرض کیا: “حضرت ملکہ زمانہ ارشاد فرماتی ہیں کہ مجھے ملا صاحب کی رائے سے اتفاق ہے۔ رعایا کے اطمینان کے لیے میں اپنے ہر حکم کے بدلنے کو تیار ہوں۔ اگر حضرت جہاں پناہ کی مرضی کے خلاف نہ ہوتو اعلان کر دیا جائے کہ کسی خاص قسم کی نقاب کی قید نہیں۔ عورتیں جیسی نقابیں چہروں پر ڈال کے چاہیں آئیں۔
یہ سُن کے جہاں پناہ نے فرمایا: “جب انھیں منظور ہے تو مجھے بھی کچھ عذر نہیں۔ لہذا جیسا وہ فرمائیں کل ہی سارے شہر میں شائع کر دیا جائے”۔
ملا صاحب: حضرت ملکہ عالم کی اس بے نفسی، رعایا نوازی و دینداری دیکھ کر میں حضرت خدائے عز و جل کا ہزار ہزار شکر کرتا ہوں۔ اگر جناب عالیہ پہلے حکم کے برقرار رکھنے اور حضرت ظل اللہ کے ارشاد کے مطابق مخالفانہ فتوی شائع کرنے پر اصرار فرماتیں تو انھیں اس کا حق تھا اور ان کے لیے جائز بھی تھا۔ مینا بازار کامیابی سے ہوتا، لوگوں کو اطمینان ہو جاتا اور عورتیں وہی خوبصورت نقاب چہروں پر ڈالتیں جو حضور کے شوق کے مطابق تھی۔ مگر علما میں تفرقہ پڑ جاتا اور آخر میں اس سے شرع شریف میں رخنہ پڑتا۔ الحمد للہ کہ اسلام سے یہ مصیبت دُور ہو گئی۔
اب ملا علاء الملک تولی خلعت و انعام دے کر رخصت کیے گئے اور ان کے جاتے ہی نواب ممتاز الزمانی پھر آ کے حضرت جہاں پناہ کے پاس بیٹھ گئیں ا ور اپنی عادت کے خلاف ہنس کے کہنے لگیں: “حضرت نے تو آج بڑے بڑے علم والوں کی طرح گفتگو کی اور بحث میں عالموں کے کان کاٹ لیے۔ میں آپ کو اتنا بڑا عالم نہ سمجھتی تھی۔”
جہاں پناہ: اور جو تم سمجھتی تھیں وہی صحیح بھی ہے۔ میں نے کم سنی میں عربی علموں کو بخوبی حاصل کیا تھا۔ تفسیر و حدیث و فقہ کی درسی کتابیں بھی پڑھی تھیں، اس لیے مسائل دینی کی بعض اصولی باتیں آج تک ذہن میں باقی ہیں۔ ان دینی علموں کو چھوڑ کے فنون جنگ میں ایسا پھنسا کہ جو کچھ سیکھا تھا بھول گیا۔ علما درسیات پڑھنے کے بعد بڑی بڑی کتابوں کا مطالعہ کر کے تبحر پیدا کرتے ہیں۔ مجھے اس کی کبھی فرصت نہیں ملی۔ اس لیے میں ان لوگوں سے کبھی کسی مسئلہ میں بحث نہیں کرتا کیونکہ ان کے مقابل طفل مکتب ہوں۔ لیکن اس مسئلہ میں محض تمھارے شوق کے خیال سے مدت کی چھوڑی ہوئی کتابوں کو منگوا کے پھر پڑھا، دربار کے ذی علم لوگوں سے بحثیں کیں اور خیال کیا کہ اب میں اس مسئلہ میں بحث کر لوں گا۔ اور اسی کا نتیجہ تھا کہ علاء الملک سے ایسی بحث کی کہ انھیں خاموش ہو جانا پڑا۔
تاج محل: خاموش ہونا کیسا، حضرت نے تو ایسا قائل کیا کہ انھیں جواب نہ بن پڑتا تھا اور آخرمیں آپ کا کلمہ پڑھنے لگے۔
جہاں پناہ: میرا یہ خیال تو نہیں ہے کہ وہ مجھ سے قائل ہو گئے اور میرے بحث کرنے سے ان کی راے بدل گئی۔ اصل میں وہ ملا عبد الحکیم صاحب کے فتوے کی مخالفت کرنا نہ چاہتے تھے اور ان کی یہ بات مجھے بہت پسند آئی کہ عالموں میں اختلاف ہونے کو دین کا رخنہ خیال کرتے ہیں۔ وہ اگرچہ اپنے ذاتی فیصلے میں ملا صاحب کے خلاف تھے مگر میرے سامنے انھیں کی جنبہ داری کر رہے تھے۔ پھر جب میں نے اصولی الزام دیے اور گفتگو کی گنجائش نہ باقی رکھی تو اپنا مذہب صاف ظاہر کر دیا۔ یہ نہ سمجھو کہ میں نے قائل کر کے ان کی رائے بدل دی۔
تاج محل: چاہے جو ہو مگر مجھے تو یہی نظر آیا کہ آپ نے قائل کر کے انھیں اپنے موافق بنا لیا۔
جہاں پناہ: اور تم نے بھی بہت اچھا کیا کہ سادی نقاب منظور کر کے جھگڑا مٹا دیا۔
تاج محل: جی تو چاہتا تھا کہ آپ ہی کے فتوےپر عمل کر کے پہلا اعلان قائم رکھوں مگر پھر دل نے یہ کہا کہ یہ دین و ایمان کا معاملہ ہے، اس میں ضد نہ کرنی چاہیے۔
جہاں پناہ: یہی کرنا چاہیے۔ میں نے بھی اگرچہ صرف تمھاری دلداری کے خیال سے تمھارے حکم میں ترمیم نہیں پسند کی تھی مگر جب خود تم کو اس معاملے میں بے نفس پایا تو فوراً اس خیال سے باز آ گیا۔ خیر اب کل سادی نقابوں کا اعلان کر دیا جائے اور ساتھ ہی یہ بھی شائع کر دیا جائے کہ آئندہ جمعہ کو بعد نماز جمعہ مینا بازار کا افتتاح ہوگا۔ اس کے متعلق جو اصلاحیں کی گئی تھیں وہ بھی پوری ہو گئیں۔ میں پرسوں دیکھ آیا کہ سب چیزیں تمھاری مرضی کے موافق مکمل ہو گئیں اور کسی بات کی کسر نہیں ہے۔ کل تم بھی سوار ہو کے دیکھ آنا۔ جمعہ کو چھ دن باقی ہیں۔ اگر تم کوئی معمولی رد و بدل چاہوگی تو وہ بھی ہو سکتا ہے۔
تاج محل: کل میں ضرور جاؤں گی اور جہاں آرا و روشن آرا کو بھی لیتی جاؤں گی۔
جہاں پناہ: جہاں آرا کو ضرور لے جانا۔ وہ زہد و عبادت اور ریاضت و نفس کشی میں اس قدر منہمک ہو گئی ہے کہ دنیوی کاموں میں اس کا بہت کم دل لگتا ہے۔ مگر شاہزادیوں کو دین کے ساتھ دنیا کی طرف بھی توجہ کرنی چاہیے۔
تاج محل: بے شک خانوادۂ چشت میں مرید ہو کر اس میں بہت بے نفسی آ گئی ہےمگر اتنا نہیں کہ جائز سیر و تفریح سے بھی پرہیز کرے۔
اس گفتگو کے بعد بادشاہ نماز عشا کے لیے موتی مسجد میں تشریف لے گئے اور صحبت ختم ہوئی۔
پانچواں باب
مینا بازار کا افتتاح
موسم بہار کا درمیانی زمانہ ہے اور جمعہ کا دن، صاحب قران ثانی حضرت شاہجہاں بادشاہ غازی اپنی نئی تعمیر کی ہوئی عدیم المثا ل جامع مسجد سے نماز پڑھ کے ایوان شہر یاری یا قلعۂ سُرخ میں واپس تشریف لائے ہیں۔ آج مسجد میں خلقت کا اتنا ہجوم تھا کہ اس سے پیشتر نہیں دیکھا گیا تھا۔ اس لیے کہ دور دور کے صوبوں اور گرد کے قصبات و نواح سے تمام معزز خاندانوں کی خاتونیں مینا بازار کی شرکت کے لیے جو شہر میں آ گئی ہیں تو ان کے ساتھ مردوں کا بھی اتنا انبوہ کثیر جمع ہوگیا ہے کہ شہر کی آبادی دونی تگنی معلوم ہوتی ہے۔
اگرچہ پیشتر سے برابر اعلان ہوتا رہا تھا، مگر آج نماز جمعہ کے بعد پھر جامع مسجد میں ایک مؤذن نے بیرونی منبر اذا ن پر کھڑے ہو کر اعلان کیا کہ آج ہی ہماری محذرۂ عظمیٰ ملکۂ زمانہ نواب ممتاز الزمانی بیگم صاحبہ اپنے مینا بازار کا افتتاح فرمائیں گی۔ تمام اعلیٰ و ادنیٰ خاندانوں کی عورتوں کو اُس میں شریک ہونا چاہیے۔ یہ زنانہ بازار عورتوں ہی کے فائدے اور اُن کی اخلاقی و معاشرتی اصلاح کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
نماز جمعہ کے بعد ہی باہر کے اور شہر کے تمام لوگ اُن سڑکوں پر جمع ہو گئے جدھر سے نواب ارجمند بانو بیگم اور اُن کی شاہزادیوں کی سواریاں بڑے شان و شکوہ اور کر و فر سے نکلنے والی تھیں۔ مینا بازار کی اہمیت ظاہر کرنے کے لیے آج سواری کے جلوس میں بھی بڑا اہتمام کیا گیا تھا۔ سواروں اور پیادوں نے نئی وردیاں پہنی تھیں اور خاص شاہی لشکر کے بعد صدہا زمیندار اپنی اپنی جمعیتوں اور اعزازی خصوصیتوں یعنی ہاتھیوں، میانوں اور ماہی مراتب وغیرہ کے ساتھ اپنے اپنے جھنڈے بلند کیے ہوئے جلو میں تھے۔
جس وقت تک وہ بازار میں پہنچی ہیں، سِوا خاص محل کی اہتمام کرنے والی عورتوں کے اور کوئی عورت سیر یا خریداری کے لیے اندر نہ جانے پائی۔ ہاں دکانیں سج گئی تھیں، اُن میں فروخت کے لیے مال تجارت مرتب ہوگیا تھا اور ماہ وَش بیچنے والیوں نے آ کے اس کو اپنے مذاق اور شوق کے مطابق آراستہ کر دیا تھا۔ پہر دن باقی ہوگا کہ ملکہ ممتاز الزمانی بیگم بازار میں داخل ہوئیں، تھوڑی دیر تک اپنی آراستہ و پیراستہ شاندار کوشک میں بیٹھ کے دم لیا۔ بلند اقبال دونوں شاہزادیاں بھی ان کے ساتھ تھیں۔ پھر اُٹھ کر انھوں نے کوشک کے گرد نہر کے حلقے اور پُلوں کو دیکھا۔ پھر بازار میں پھر کے ایک ایک دکان کی حالت و شان کو ملاحظہ کیا، حوضوں اور ان کے اوپر والے کلس دار بُرجوں کو دیکھا، بعد ازاں مرغزار میں تشریف لے گئیں اور متحیر تھیں کہ مہتممانِ تعمیر نے کتنی جلدی زمین کو مسطح کر کے اس پر ہری گھانس لگا دی اور اس تفرج گاہ کو کس خوش اسلوبی سے جنت اراضی بنا دیا ہے۔
خوبصورت و نازک اندام دکاندارنیوں میں سے اکثر ملکۂ زمانہ کے ہمراہِ رکاب تھیں۔ اسی تفرج گاہ کے ایک وسیع چبوترے پر صدر میں مسند بچھی تھی جس پر نواب ارجمند بانو بیگم بیٹھ گئیں اور ان کے داہنے بائیں دونوں شاہزادیاں جلوہ فرما ہوئیں۔ محتشم الیہا نے ان تمام عورتوں کو جو ساتھ تھیں بلا کے سامنے بٹھایا۔ بہت سی عورتوں نے ادب سے بڑھ کر نذریں دکھائیں مگر انھوں نے اُن بیویوں کی خوشی کے لیے نذر پر ہاتھ رکھ کے فرمایا: “خاتون یہ کوئی دربار نہیں، بلکہ ایک عام بازار ہے۔ یہاں ہم دکانداروں اور خریداروں کی حیثیت سے جمع ہوئے ہیں اور سب کا درجہ ایک ہے۔ محل میں آنا تو نذریں دکھانا، اس جگہ اس کی ضرورت نہیں۔ یہاں میں چاہتی ہوں کہ سب بیویاں آپس میں عزیزوں اور بہنوں کی طرح ملیں۔ درباروں میں یہ ہوتا ہے کہ امیروں کو غریبوں پر فوقیت ہوتی ہے مگر یہاں غریبوں کو امیروں پر فوقیت ہونی چاہیے۔ اس لیے یہاں امیر زادیوں کا فرض ہے کہ غریب بیویوں کا احترام کریں بجائے اس کے کہ اُن سے ادب و تعظیم کی امیدوار ہوں۔ میں روز دو گھڑی دن رہے یہاں آ کر بیٹھا کروں گی اور ادنیٰ و اعلیٰ عورتوں میں سے جو آئے گی اس سے بڑی خوشی اور مسرت سے ملوں گی اور اسی کی توقع آپ سب خاتونوں سے ہے کہ سب سے بہ لطف و محبت ملیں اور کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ میں نے اس بات کو خاص کر اس لیے بیان کیا کہ عورتوں خاص کر امیر زادیوں میں غرور و تبختر اور اِترا پن زیادہ ہوا کرتا ہے، تھوڑی عزت و دولت پر اترانے لگتی ہیں۔ یہ بہت بُری بات ہے اور اس بازار کا اصلی مقصد یہی ہے کہ یہ عیب عورتوں سے دور ہو اور بجائے اپنی عزت اپنے کپڑوں اور اپنے زیور پر اترانے کے دوسروں سے ملنا اور ایک دوسرے کی عزت کرنا سیکھیں۔ اب دیر ہوتی ہے اور ضرورت ہے کہ اسی وقت بازار کا افتتاح کیا جائے یعنی شہر کے خاص و عام کو اندر آنے کی اجازت دی جائے۔ میں اس رسم کے ادا کرنے کے لیے اپنے کوشک میں جاتی ہوں، اور آپ سب بیویاں اپنی اپنی دکانوں میں جا کے ٹھہریں اور جو عورتیں ان سے بہ اخلاق ملیں اپنا فروخت کا مال دکھائیں اور غریب و امیر کسی عورت کے ساتھ کوئی کج ادائی نہ کرے”۔
سب عورتوں نے ملکۂ جہاں کی عنایت کا شکریہ ادا کیا، وعدہ کیا کہ ان کے حکم کے خلاف نہ ہوگا اور وہ بازار کی تمام سیر کرنے والیوں سے بہ خندہ جبینی ملیں گی۔
اب ملکہ یہاں سے اُٹھ کر اپنی کوشک میں گئیں، تمام بیویاں جو موجود تھیں اپنی دکانوں میں گئیں اور فوراً حکم ہوا کہ بازار کا پھاٹک کھول دیا جائے اور جو خاتونیں آئیں ان کو آنے دیا جائے۔ پھاٹک پر ملکۂ جہاں کی بہت سی مصاحبیں اور وزرا و اُمرا کی بیویاں کھڑی ہو گئیں کہ جو عورتیں آئیں ان کو بہ اخلاق شاہی کوشک کی طرف سے لا کے بازار میں لے جائیں۔
دروازے پر ہزارہا عورتوں کا ہجوم تھا۔ مختلف سواریوں پر معزز اور امیر عورتیں منتظر کھڑی تھیں کہ پھاٹک کھلتے ہی اندر داخل ہوں۔ اگر مردوں کا آنا ہوتا تو یقیناً اتنی کشمکش اور بھیڑ ہوتی کہ گذرنا دشوار ہو جاتا۔ مگر عورتیں چونکہ سب سواریوں پر تھیں اس لیے ان کے اُتارنے کا انتظام ایسی خوش اسلوبی سے کیا گیا کہ تکلیف دہ بھیڑ نہ ہونے پائی۔ جو عورت اترتی اس کو کوئی نہ کوئی معزز بیوی اپنے ساتھ کوشک شاہی تک لے جاتی جہاں ملکۂ ممتاز الزمانی بیگم زینے کے پاس کھڑی تھیں اور خود اپنی زبان سے خیر مقدم ادا فرماتیں۔
اسی طرح شام تک برابر عورتوں کے آنے کا سلسلہ جاری رہا اور غروب آفتاب کے ساتھ ہی بازار کے ہر حصے میں نہایت ہی نفیس روشنی ہو گئی۔ جدھر دیکھیے فانوس اور کنول روشن تھے۔ ہر ہر حوض کے پاس مشعلچنیں مشعلیں روشن کیے کھڑی تھیں جو اکثر گذرنے والیوں کے ساتھ ہو کے بازار کی سیر کراتیں۔ دکانوں کے نہایت قیمتی جھاڑوں میں شمعیں روشن تھیں۔ یہ معلوم ہوتا تھا کہ سارے بازار میں دن ہوگیا ہے اور جدھر نظر اُٹھائیے عالم نور نظر آتا ہے۔ خاص کر شاہی کوشک میں جھاڑوں کے کنولوں میں کافوری شمعیں روشن تھیں جن کا جلوہ سب سے زیادہ پرلطف تھا۔
سارا بازار پرستان بنا ہوا تھا۔ اگر خریداری اور سیر کرنے والیاں خوب خوب بن سنور کے آئی تھیں تو دکاندارنوں کا حُسن و جمال اور بانکپن و انداز ان سے بڑھا چڑھا تھا۔ بازار نہ تھا، معلوم ہوتا کہ حُسن کی عظیم الشان نمائش گاہ ہے جس میں ہندوستان نے اپنا سارا حُسن و جمال لا کے جمع کر دیا ہے۔ گُل اندام نازنینیں ایسا بناؤ چناؤ کر کے آئی تھیں کہ دیکھنے والیاں محو حیرت ہو جاتیں۔ مشاطۂ فلک نے شاہدانِ فلک کے نکھار میں اور مشاطۂ بہار نے عروسانِ چمن کی زیب و زینت میں کبھی وہ کمال نہ دکھایا ہوگا جو زمین کی ہنرمند مشاطاؤں نے انسانی مہ جبینوں کا حُسن چمکانے میں یہاں دکھا دیا۔
بازار تو جواہر کا تھا مگر اس میں پُرشوق نگاہوں کے سامنے ایسا حُسن فروشی کا بازار قائم ہوگیا جس نے بازار مصر کو بے مزہ کر دیا، خوبصورت چہروں کی آب و تاب کے آگے قیمتی جواہرات جو بکنے آئے تھے ماند پڑ گئے اور کافوری شمعوں کے چہروں پر ہوائیاں اُڑنے لگیں۔ ایسا مجموعہ حسن آج تک کبھی نہیں دیکھا گیا تھا اور ایسی ایسی عدیم المثال مہ وَشیں خرام ناز میں مصروف تھیں یا دکانوں کے اندر جواہرات کو پیش کر رہی تھیں کہ ملکۂ جہاں اور شاہزادیاں عش عش کر رہی تھیں۔
جب بازار عورتوں سے خوب بھر گیا تو ملکۂ جہاں نے پھر ایک چکر لگایا۔ اس مرتبہ وہ ہر ہر دکان پر زیادہ ٹھہرتیں اور ماہ طلعت بیچنے والیوں، اُن کے فروخت کے مال اور پری جمال گاہکوں کو غور سے دیکھتیں اور دل میں حیران ہوتیں کہ ہندوستان دولت و حُسن دونوں چیزوں سے کس قدر مالا مال ہے۔بیچنے والیاں مسکرا کے موتی پیش کرتیں تو ملکہ اس پس و پیش میں پڑ جاتیں کہ اُن کے دُرِ دنداں کو دیکھیں یا دُرِ شاہوار کو۔ وہ لعل بے بہا کو دکھاتیں اور ملکہ کی متحیر نظر بجائے اس لعل کے اُن کے لعلِ لب پر جم جاتی۔ کوئی مرصع زیور نہ تھا جو ناز آفرینوں کے چہرے کی آب و تاب کے سامنے ماند نہ پڑ جاتا ہو۔
آخر ملکہ بازار کی خوب سیر کر کے اور ایک ایک دکاندار نازنین اور سیر کرنے والی پری وَش سے مل کے تھکی ہوئی اپنی کوشکِ ناز میں واپس آئیں۔ ساتھ والیوں نے دیکھا کہ کسی قدر خاموش ہیں مگر کسی کی مجال تھی کہ اس کا سبب پوچھتا۔ اُن کے دل پر اس بازار نے عجیب اثر ڈالا۔ وہ دل میں کہہ رہی تھیں کہ “اس بازار حُسن کو اُن کے صاحب تاج و سریر شوہر نے دیکھا تو خدا ہی ہے جو دل ہاتھ میں رہے اور نیت ڈانوا ڈول نہ ہو جائے۔ عورتیں جب ان خوبرو پری جمالوں کو دیکھ کے حیران ہیں تو مردوں کا دل کیسے قابو میں رہ سکتا ہے؟ پھر ان کے ساتھ تمام شاہزادے اور اُمرا اس جلوہ گاہ حُسن کی سیر کریں گے تو اُن کا کیا حال ہوگا۔ ایسا تو نہ ہوگا کہ یہ مینا بازار جس کو میں نے کھولا ہے، دنیا کے لیے ایک بڑا بھاری فتنہ و فساد بن جائے اور میں خواہ مخواہ کو گنہ گار ہوں۔ میرے باوفا شوہر نے مجھ سے عہد کیا ہے کہ اُن کے قدم کو لغزش نہ ہوگی۔ ممکن ہے کہ وہ اپنے اس عہد و پیمان کا خیال کریں۔ مگر اُن کے ساتھ جو شاہزادے اور اُمرا آئیں گے اُن میں سے کس نے پاک نگاہی کا اقرار کیا ہے؟ ان میں سے اکثر کی یہ حالت ہو جائے گی کہ اس بازار حُسن کے دیکھتے ہی اپنی بیویوں کو بھول جائیں گے۔
سوچتے سوچتے دل میں کہا: “کیا یہ مناسب نہ ہوگا کہ میں ان سب دکاندارنیوں کو ایک ایک سے مل کر تاکیدی حکم دے دوں کہ جس وقت جہاں پناہ اور اُن کے رفقا آئیں چہروں پر خوب اچھی طرح نقاب ڈال لیں اور کسی کو اپنی صورت نہ دکھائیں؟ مگر میں ہزار حکم دوں، اس پر عمل کوئی نہ کرے گا۔ برقع کی اجازت عام طور پر دے ہی دی گئی ہے مگر عورتوں کی عجیب حالت ہے۔ حسین عورت کو اپنا حُسن دکھانے کا شوق ہوتا ہے۔ پردہ شرعی چیز ہے اور اس حکم کی وجہ سے عورتیں گھروں کے باہر نہیں نکلتی ہیں۔ مگر اس شرعی حکم کی پابندی اُسی وقت تک ہوتی ہے جب تک عورتیں گھر کے اندر بند ہیں۔ باہر نکلنے میں ہمیشہ یہ عجیب تماشا نظر آتا ہے کہ اس شرعی حکم کی وجہ سے بوٖڑھی عورتیں تو خوب گہرا پردہ کرتی ہیں اور ممکن نہیں کہ کوئی ان کی صورت دیکھ لے، مگر جوان عورتیں اور کم سن لڑکیاں اپنی شوخ مزاجی اور چلبلے پن سے بے تاب ہو ہو کے ہر طرف جھانکتی اور اپنی صورت دکھاتی رہتی ہیں، اور کسی سے چار آنکھیں ہو کے جو مُنہ چھپاتی ہیں تو وہ چھپنا صورت دکھانے سے زیادہ کرشمہ خیز اور خطرناک ہوتا ہے۔ لہذا اگر پردے کا تاکیدی حکم ہوا بھی تو بُڑھیاں جو یہاں بہت ہی کم ہیں بے شک پورا پردہ کریں گی مگر جوانوں سے ممکن نہیں کہ کسی نہ کسی انداز سے اپنی صورت نہ دکھا دیں اور وہ مُنہ دکھانا بے نقاب رہنے سے زیادہ اندیشہ ناک ہوگا۔ علاوہ بریں ایسا حکم جاری کرنا حضرت جہاں پناہ کے خلاف بھی ہو گا۔ چاہے میرے خیال سے ظاہر نہ کریں مگر دل میں ضرور بُرا مانیں گے۔ مینا بازار خاص ان کی تحریک اور ان کے شوق سے کھولا گیا ہے اور اس میں عورتوں کا مالی و اخلاقی جو کچھ فائدہ ظاہر کیا جاتا ہے فقط بات بنانے اور دھوکا دینے کے لیے ہے۔ اصلی منشا ان کا یہی ہے کہ حسن و جمال کا تماشا دیکھیں اور اندازہ کریں کہ ملک میں کیسی کیسی حسین و نازنین عورتیں موجود ہیں”۔
غرض ملکہ نے ہر پہلو پر نظر ڈالی مگر اس مضرت سے بچنے کی کوئی صورت نہ نظر آئی۔ اسی اُدھیڑبن میں انھوں نے محل میں واپس جانے کا ارادہ کیا اور روانگی سے پہلے حکم جاری کر دیا کہ غالباً کل یا پرسوں حضرت ظل اللہ جہاں پناہ اپنے شاہزادوں اور اہل دربار کے ساتھ مینا بازار کی سیر کو رونق افروز ہوں گے۔ لہذا اُن کے ورود سے پیشتر کوئی بیوی کسی کے ہاتھ کوئی چیز نہ فروخت کرے۔ اُس وقت دُکاندار بیویوں کو اور نیز سیر کے لیے آنے والیوں کو اختیار ہے کہ چاہیں تو اپنے چہرے پر نقاب ڈال لیں۔
یہ حکم جاری کرانے کے بعد نواب ممتاز الزمانی بیگم اور شاہزادیاں سوار ہو کر محل کو تشریف لے گئیں اور بازار میں آدھی رات تک بڑی چہل پہل رہی۔ جس کے بعد تمام سیر کو آنے والیاں اور بہت سے دکاندار خاتونیں بھی اپنی دکانوں کی حفاظت کا انتظام کر کے اپنے گھروں کو گئیں اور جن دکان والیوں نے چاہا، دکانوں ہی میں رات گذاری۔ سواری گھر میں پہنچی تو شاہزادیاں اپنی اپنی محل سراؤں میں تشریف لے گئیں اور تاج محل بادشاہ جہاں پناہ کے برابر تخت پر جا کے بیٹھ گئیں۔ وہ انتظار ہی کر رہے تھے۔ صورت دیکھتے ہی کہنے لگے: “کہو دیکھ آئیں؟ مینا بازار کا افتتاح خیر و خوبی سے ہوگیا؟ میں اسی شوق میں بیٹھا تھا کہ تم آؤ تو پوچھوں۔ بتاؤ افتتاح کس شان سے ہوا؟ کتنی عورتیں آئیں؟ کیسی اور کس درجے کی تھیں؟ دُکانداروں کا کیا حال ہے؟ مال کتنا اور کس کس قسم کا ہے؟ دکان رکھنے والیوں کی شکلیں اور صورتیں کیسی ہیں؟ جو عورتیں سیر کو آئی ہیں وہ کیسی ہیں؟ اور تفصیل سے بیان کرو کہ تم نے وہاں پہنچ کے اول سے آخر تک کیا کیا؟”
تاج محل: پناہ! حضرت نے تو اکٹھا اتنے سوال کر دیے کہ مجھے یاد بھی نہیں رہ سکتے۔ اپنی منشیہ کو بُلا کے لکھوا لوں تو جواب دوں۔
جہاں پناہ (ہنس کر): ہاں میرا دل اس قدر لگا تھا کہ جو جو باتیں پوچھنا تھیں، سب کو ایک ہی رَو میں کہہ گیا۔ کسی لکھنے والی کے بلانے کی ضرورت نہیں، تم بیان کرنا شروع کرو۔ جو بات رہ جائے گی میں دوبارہ پوچھ لوں گا۔
تاج محل: مجھے تو سوالوں کی بھر مار نے سب بُھلا دیا۔ یہ بھی نہیں یاد آتا کہ جہاں پناہ نے پہلے کون سی بات پوچھی تھی۔ ہاں یاد آ گیا۔ حضرت نے پوچھا تھا کہ افتتاح کس شان سے ہوا، تو سنیے۔ میں جس وقت گئی ہوں، بازار پوری طرح آراستہ و پیراستہ ہوگیا تھا۔ سب دکانوں والیاں اپنی اپنی دکان میں پہنچ گئی تھیں مگر کوئی سیر کرنے والی اندر نہیں جانے پائی تھی۔ میں جاتے ہی پہلے سیدھی اپنی شاہی کوشک میں گئی۔ پھر اُٹھ کر بازار کی سیر کی۔ ایک ایک دُکان کو غور سے دیکھا اور نظر آیا کہ عورتوں نے اپنی دکانوں کے سجنے میں بہت اچھا سلیقہ دکھایا ہے۔ دکانوں کو بنا چنا کے دلہن آپ ہی نے بنا دیا تھا، اب انھوں نے اُن کو ایسے زیور سے سنوارا ہے کہ دیکھ کے میں حیران رہ گئی۔ بازار اور اُس کے تفرّج گاہ کو دیکھ لینے کے بعد میں پھر اپنی کوشک میں چلی آئی اور حکم دیا کہ بازار کا پھاٹک کھول دیا جائے اور جو عورتیں باہر جمع ہیں انھیں اندر داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ میری مصاحب بیویاں اور وہ سب جو محل میں ملازم ہیں اور اُن کے ساتھ اکثر امیروں کی خاتونیں خاص کر تمھارے وزیر سعد اللہ خان کی بیوی اور بیٹیاں میرے حکم سے بازار کے دروازے پر جا کھڑی ہوئیں۔ اور جو عورتیں سواریوں سے اُتریں اُن سے بہ اخلاق مل کے میرے پاس لے آئیں۔ اس طرح عورتیں اُترنا شروع ہوئیں اور میں نے کوشک کے زینے کے پاس کھڑے ہو کر ہر آنے والی کا خیر مقدم کیا۔
جہاں پناہ: واقعی تم نے میرے خیال سے بڑی بے نفسی سے کام لیا۔ ورنہ معمول تو یہ ہے کہ تم اپنی مسند پر رونق افروز رہو اور جو عورتیں آئیں تو نقیبہ کے نگاہ روشن کہنے پر تم اُس کی طرف نگاہ اُٹھاؤ۔
تاج محل: یہ تو میں نے پہلے ہی ظاہر کر دیا تھا کہ یہ دربار نہیں بازار ہے۔ اس میں بڑے چھوٹے سب کو برابری کے طریقے سے اور نہایت اخلاق کے ساتھ ملنا چاہیے۔ عام عورتوں پر اثر ڈالنے کے لیے میں نے یہ طریقہ اختیار کیا۔ ورنہ محل کے اندر بھلا یہ بات کیسے ممکن تھی؟
جہاں پناہ: اس پر مَیں تمھارا شکر گزار ہوں۔ خیر بتاؤ کہ پھر کیا ہوا؟
تاج محل: اور میرے اس طرح ملنے سے میں دیکھتی تھی کہ سب آنے والیاں نہایت خوش تھیں اور گو زبان سے بہت کم کسی کو بات کرنے کی جرأت ہوئی مگر اُن کے چشم و ابرو کہہ رہے تھےکہ نہایت شکر گزار ہیں۔
جہاں پناہ: ہونا ہی چاہیے۔ تمھیں کچھ اندازہ ہے کہ آج پہلے روز افتتاح میں کتنی عورتیں آئی ہوں گی؟
تاج محل: دکان رکھنے والیوں کی تعداد میرے نزدیک چار پانچ ہزار عورتوں کے درمیان ہوگی۔ بارہ سو دکانیں ہیں اور ہر معزز و دولت مند دکاندارنی دو تین عورتیں اپنے ساتھ ضرور لائی ہے، اسی سے اندازہ ہوتا ہے کہ پانچ ہزار کے قریب عورتیں ہوں گی۔ اور جو دیکھنے اور سیر کرنے والیاں آج آئیں، اُن کا شمار دو ہزار سے زیادہ نہ ہوگا۔ پھر میری طرف سے چار سو عورتیں اہتمام و انتظام کے لیے مقرر ہیں۔ غرض اچھا خاصا مجمع ہے اور بازار بڑی رونق پر ہے۔ شام ہوتے ہی روشنی ہوئی تو عجب عالم نور نظر آتا تھا اور ایسی بہار تھی کہ مجھ سے بیان نہیں ہو سکتی۔ اس کے بعد حضرت نے کیا پوچھا تھا؟ مجھے تو خاک نہیں یاد رہا۔
جہاں پناہ: میں نے شاید یہ پوچھا تھا کہ کیسی اور کس حیثیت اور درجے کی عورتیں تھیں۔
تاج محل: آج تو کوئی غریب اور کم درجے والی عورت وہاں نہیں دکھائی دی۔ بیچنے والیاں سب بڑے بڑے امیروں اور سرداروں کی بیویاں یا بیٹیاں ہیں۔ سیر کو آنے والیاں بھی آج سب بڑے بڑے مرتبے کی بیویاں اور اکثر اُنھیں دکاندارنیوں کی عزیز و قرابت دار تھیں۔ مجھے تو وہاں کوئی بھی معمولی عورت نہیں دکھائی دی۔
جہاں پناہ: اس کے بعد میرا یہ سوا ل تھا کہ دکاندارنوں کا کیا حال ہے اور اسی کے ساتھ یہ بھی پوچھا تھا کہ مال کتنا اور کس قسم کا ہے؟
تاج محل: دکاندارنوں کا حال کچھ تو میں بتا چکی۔ باقی یہ ہے کہ سب نہایت خوش ہیں اور اس طرح بن سنور کے اور ایسے بانکپن اور شانداری سے دکانوں میں بیٹھی ہیں کہ بجز ان کے چہروں کے کسی کی نظر ان کے مال یا دکان کی آرائش پر نہیں پڑتی۔ جی چاہتا ہے کہ انسان انھیں گھنٹوں کھڑا دیکھا کرے۔ پھر سیر کرنے والیاں بھی دیکھنے کے ساتھ اپنے دکھانے کا بھی شوق پورا کرنے کو آئی ہیں۔ دونوں نے مل کے بازار کو پرستان بنا دیا ہے اور معلوم ہوتا ہے کہ کوہ قاف کی ساری پریاں لا کے یہاں جمع کر دی گئی ہیں۔ مگر دکانوں میں مال بہ ظاہر اتنا نہیں معلوم ہوتا ہے۔ زیادہ تر عورتیں جواہرت بیچنے کو آئی ہیں جن سے ایسا نہیں ہو سکتا کہ دکان مال سے بھر جائے۔ مگر جو عورتیں اپنی صنعت و دستکاری کی چیزیں لائی ہیں، ان کی دکانیں البتہ خوب بھری اور رونق پر نظر آتی ہیں۔
جہاں پناہ: مگر جواہرات والیوں کی دکانوں کو خاص طور پر سجنا چاہیے۔ تم کل وہاں جا کے خاص طور پر اس کا اہتمام کرنا۔
تاج محل: ہاں میں اس کا بھی بندوبست کروں گی۔ مگر بغیر اس کے بھی وہ دکانیں اس قدر آباد اور رونق پر ہیں کہ جو دیکھتا ہے، عش عش کر جاتا ہے۔
جہاں پناہ: اب بتاؤ میں نے کیا پوچھا تھا؟
تاج محل: اس کے بعد جو کچھ حضرت نے پوچھا اس کو میں کبھی نہ بھولوں گی۔ پوچھا تھا کہ دکانیں رکھنے والیوں کی شکلیں اور صورتیں کیسی ہیں؟ بھلا یہ بھی بھولنے والی بات تھی؟ اگرچہ اس میں گذشتہ باتوں کے سلسلے میں بھی بیان کر چکی ہوں۔ مگر آپ کا شوق پورا کرنے کے لیے پھر بتاؤں گی۔ ایک سے ایک بڑھ کر پری جمال و حور خصال ہے۔ اسے مینا بازار یا جواہرات کا بازار نہ کہنا چاہیے، اصل میں وہ حُسن کا بازار ہے اور پُرشوق آنکھیں خریدار ہیں۔ اور میں سمجھتی ہوں کہ یہی حضرت کا اصلی مقصد بھی تھا جو بہت ہی اچھی طرح اور امید سے زیادہ پورا ہوا۔ جہاں پناہ دیکھیں گے تو حیرت میں رہ جائیں گے۔
جہاں پناہ: لیکن اگر میری یہی نیت ہو تو کیا اس میں کچھ مضائقہ ہے؟ کیا اچھی صورتیں دیکھنا گناہ ہے؟
تاج محل: گناہ تو دیکھنے والے کی نگاہ اور اس کے دل خیالات سے تعلق رکھتا ہے۔ جو بُری نگاہ سے دیکھے گا اور بری نیت رکھے گا گنہگار ہوگا اور جس کی نیت پاک ہو اس کے لیے کوئی گناہ نہیں۔ مگر غور کرنے کی یہ بات ہے کہ ایسے حسینوں کے مجمع اور پری جمالوں کے جھرمٹ میں انسان کہاں تک اپنے دل پر قابو رکھ سکتا ہے۔
جہاں پناہ: تو کیا تم کو مجھ پر کسی قسم کی بد گمانی ہے؟
تاج محل: حضرت تو صاف لفظوں میں اقرار کر چکی ہوں کہ کسی عورت پر بُری نگاہ نہ ڈالیں گے اور یہ سب کے اطمینان کے لیے بخوبی کافی ہے۔ مگر یہ ارشاد ہو کہ حضور کے ساتھ جو نوجوان شاہزادے اور تمام اُمرا و امیر زادے اس بازار حُسن میں جائیں گے، اُن کا کیا حال ہوگا؟ ان سبھوں نے تو کوئی عہد و پیمان نہیں کیا ہے۔ مجھے اندیشہ ہے کہ حضرت کی پہلی ہی سیر خریداری میں سیکڑوں آفتیں اُٹھ کھڑی ہوں گی۔ میں نے اس بات کو خوب غور کر کے دیکھا کہ اُن آفت روزگار ماہ وَ شوں پر نگاہ پڑنے کے بعد بہت کم ایسے ہیں جن کی نیت ڈانوا ڈول نہ ہو جائے۔
جہاں پناہ: ان شاء اللہ نہ ہوگی۔ میں ان کی خوب نگرانی رکھوں گا اور جاتے وقت سب کو سمجھا دوں گا اور سب سے اقرار لے لوں گا کہ میرے ساتھ جو کوئی اندر جائے کسی عورت کو بُری نگاہ سے نہ دیکھے، اور جس کو اپنے نفس پر قدرت نہ ہو اندر قدم نہ رکھے۔ کیا تم سمجھتی ہو کہ میرے اس حکم اور اقرار لے لینے کا کوئی اثر نہ ہوگا؟
تاج محل: ضرور ہوگا۔ میں اس پر اطمینان کیے لیتی ہوں اور بجز اس کے اور ہو ہی کیا سکتا ہے؟ اگر خدانخواستہ اس بازار کی وجہ سے کوئی فتنہ اُٹھ کھڑا ہوا تو میں منہ دکھانے کے قابل نہ رہوں گی اور حضرت کو بھی لوگ پیٹھ پیچھے اچھا نہ کہیں گے۔ اسی لیے میری عرض ہے کہ حضرت اس کا خاص طور پر اطمینان کر لیں اور ہر وقت اس کی نگرانی فرماتے رہیں۔
جہاں پناہ: میں نگرانی میں کوئی بات اُٹھا نہ رکھوں گا۔ خیر تم نے سب حالات تو بیان کر دیے مگر ایک بار پھر کہو کہ تم نے آج وہاں جا کے اول سے آخر تک کیا کیا۔ اس طرح شاید کوئی بات رہ گئی ہو تو وہ بھی مجھے معلوم ہو جائے گی۔
تاج محل: مَیں جاتے ہی دم بھر کو اپنی کوشک میں ٹھہری۔ پھر ساتھ والیوں کو ہمرا ہ لے کر بازار کا چکر لگا کے دیکھا کہ دکانوں اور دکاندارنوں کی کیا حالت ہے۔ اکثر دکان والیاں جن کی دکان کو میں دیکھ چکتی میرے ساتھ ہو جاتیں۔ اس طرح عورتوں کا ایک بڑا بھاری گروہ میرے ہمراہ ہوگیا جس کو لے کر میں تفرج گاہ کے مرغزار میں پہنچی۔ وہاں جا کے مسند پر بیٹھ گئی، جہاں آرا و روشن آرا میرے داہنے بائیں بیٹھ گئیں اور جتنی عورتیں ساتھ تھیں ان سب کو بھی میں نے بلا کے پاس بٹھا لیا۔ بعض عورتوں نے بڑھ کے نذریں دکھائیں، میں نے اُن پر ہاتھ رکھ دیا اور سب سے کہا یہ دربار نہیں بازار ہے۔ یہاں ہم سب برابر کا درجہ رکھتے ہیں اور محبت و شفقت کے ساتھ ایک دوسرے سے ملنے کو آئے ہیں۔ درباروں میں امیروں کی عزت زیادہ ہوتی ہے مگر یہاں غریبوں کا مرتبہ بڑا ہے۔ اس لیے سب امیرزادیوں کو چاہیے کہ غریب بیویوں سے اپنے مرتبے کے موافق آداب و تعظیم کی امید رکھنے کے عوض خود اُن کی تعظیم و تکریم کریں اور کسی کی دل شکنی نہ ہونے پائے۔ میرے اس کہنے کا بڑا اثر ہوا۔ غریب عورتوں کے چہرے تو شکر گزاری کی جلا سے چمک اُٹھے ہی، معزز اور امیر عورتوں کو بھی میں دیکھتی تھی کہ خوش ہیں اور انھیں ناگوار نہیں ہوا۔
جہاں پناہ: ہاں اس وقت تو خوش ہو گئی ہوں گی اور دل سے خوش ہوں گی۔ مگر جب اس اصول پر عمل کرنا پڑے گا تو امیر زادیاں خوش نہیں رہ سکتیں۔ ان کو اس میں اپنی بے عزتی نظر آئے گی۔ لیکن انھیں چاہے جیسا نظر آئے تم نے آج وہاں پورا شاہی فن اور ملکۂ جہاں ہونے کا حق ادا کر دیا۔ سلطنت دنیا میں صرف اس لیے ہے کہ اُمرا ذی اثر اور دولتمند لوگ ماتحتوں اور غریبوں پر کوئی زیادتی نہ کرنے پائیں۔ یہ دنیا میں ممکن نہیں کہ سب لوگ ایک ہی مرتبے اور درجے کے رہیں۔ اپنی محنت، لیاقت، بہادری اور عہدوں اور خدمتوں کے لحاظ سے بعض لوگ بڑھ ہی جاتے ہیں اور پھر وہ اپنے اقتدار اور اثر سے مغرور بن کے دوسروں پر زیادتی اور غریبوں کی توہین کرنے لگتے ہیں، اور تمام لوگوں پر ظلم ہونے لگتا ہے۔ انھیں مظلوموں کی داد رسی کے لیے خدا نے سلطنت کو بنایا ہے۔ خارجیوں اور بہت سے پُرانے گروہوں نے غلطی سے فرض کر لیا کہ سلطنت میں کوئی شخص بادشاہ بن کے سب سے بڑھ جاتا ہے اور یہ انسانی مساوات کے خلاف ہے۔ چنانچہ وہ سلطنت ہی کے دشمن بن گئے اور ہر بادشاہ سے بغاوت کرنے لگے، مگر یہ نہ خیال کیا کہ بادشاہ محض اس لیے پیدا کیا گیا ہے کہ نوع انسان میں مساوات پیدا کرے۔ اگر کوئی بادشاہ ظالم و مغرور ہو جائے اور اپنا اصلی فرض ادا نہ کرے تو رعایا کو شرعاً و اخلاقاً حق ہے کہ بغاوت کر کے اُسے تخت سے اتار دے اور دوسرا عادل و حق آگاہ بادشاہ منتخب کر لے۔ بہر حال تم نے آج جہاں بانی کا اصلی حق ادا کر دیا۔
تاج محل: میں حق اور فرض کیا جانوں اور نہ اتنی عقل ہے کہ حضرت کی طرح ایسی علمی باتیں میرے ذہن میں گذریں۔ مگر ہاں جو بات اچھی اور مصلحت کی معلوم ہوتی ہے اس پر عمل کرنے کو تیار ہو جاتی ہوں۔ خیر عورتوں کو یہ باتیں سمجھانے کے بعد میں نے اپنی کوشک میں آ کر مینا بازار کو کھولا اور جیسا کہہ چکی ہوں آنے والیوں کا خیر مقدم کیا۔ شام کو جب بہت سی سیر کرنے والیاں آ گئیں تو میں نے پھر بازار کا ایک چکر لگایا۔ دکانداروں اور آنے والیوں کے باہمی برتاؤ اور اُن کی حالت اور مال وغیرہ کو دیکھ کے کوشک میں واپس آئی۔ پھر اعلان کرا دیا کہ کل یا پرسوں حضرت جہاں پناہ مع اُمرا اور شاہزادوں کے اس بازار میں رونق افروز ہوں گے اور بہ نفس نفیس خریداری فرمائیں گے۔ پھر چلی آئی۔
جہاں پناہ: تو تم نے اس کی بھی لوگوں کو اطلاع دے دی۔ خیر تو کل تم جا کے دیکھنا کہ عام عورتوں پر اس کا کیا اثر ہوا اور تم نے جو کل یا پرسوں کہا، یہ بہت اچھا ہوا۔ سب کو خیال ہوگیا ہوگا کہ ممکن ہے میں کل ہی آ جاؤں۔ لہذا جو عورتیں اس کو بے پردگی سمجھیں گی، کل نہ آئیں گی۔ کل تم وہاں پہنچ کے سب سے پہلے اس کا اندازہ کرنا کہ آج عورتوں کا مجمع کم ہے یا زیادہ۔ زیادہ ہو تو جانو کہ سب کو میرا آنا خوشی سے منظور ہے اور اس میں اپنے بے پردگی یا بے حرمتی نہیں تصور کرتی ہیں، اور کم ہو تو سمجھ لو کہ وہ اپنے دل سے میرے آنے کے خلاف ہیں۔ تم اگر زیادہ مجمع دیکھنا تو بلا تامل اعلان کر دینا کہ میں آج کے چوتھے دن یعنی دو شنبہ کو مینا بازار کی سیر کروں گا، اور اگر کم دیکھنا تو کسی بات کا اعلان نہ کرنا۔ جب ہم تم مل کے بخوبی غور کر لیں گے کہ کیا کیا جائے اور کیونکر عورتوں کو اطمینان دلایا جائے، اس کے بعد میں اپنے جانے کے متعلق جو طرز عمل مناسب جانوں گا اختیار کروں گا۔
اسی قرارداد پر یہ کارروائی ختم ہوئی اور بادشاہ کو ان باتوں میں اس درجہ محویت تھی کہ روز کے مقابل آج دیر کو عشا کے لیے موتی مسجد میں تشریف لے گئے۔
چھٹا باب
بادشاہ مینا بازار میں
دوسرے دن نواب ممتاز الزمانی تاج محل صاحبہ پہر دن چڑھے ہی سوار ہو کے مینا بازار میں تشریف لے گئیں۔ پہنچتے ہی شاہزادیوں کو بُلوایا۔ شاہی خاندان کی اور جتنی خاتونیں تھیں، سب کی دعوت کی۔ مگر اُن کے تشریف لے جانے سے پہلے ہی شہر کی ہزارہا بیویاں پہنچ چکی تھیں اور دوپہر سے پہلے ہی بازار عورتوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ خاتونان خاندان شہر یاری کے علاوہ تمام دکاندار عورتوں کو بھی تاج محل صاحبہ کے باورچی خانے سے کھانا گیا اور بہت سی سیر کو آنے والیاں بھی جن کی محل میں رسائی تھی دسترخوان پر مدعو کی گئیں۔
تاج محل صاحبہ برابر اندازہ کرتی تھیں کہ آج سیر کرنے والیوں کی تعداد کتنی ہے۔ دروازے پر لکھنے والی کئی عورتیں بٹھا دی تھیں جو ہر آنے والی کا نام لکھتی جاتیں اور تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد ملکۂ جہاں کو خبر ہوتی رہتی تھی کہ اس وقت تک اتنی عورتیں آئیں ہیں۔ تیسرا پہر تھا کہ معلوم ہوا آنے والیوں کی تعداد دس ہزار سے بڑھ گئی اور انھیں نہایت حیرت تھی کیونکہ اُن کے خیال میں تھا کہ حضور جہاں پناہ اور اُن کے ساتھ بہت سے غیر مردوں کے آنے کے اندیشے سے کم بیویاں آئیں گی۔
یہ سُن کر وہ اپنی کوشک سے اُٹھ کے بازار میں گئیں۔ اگرچہ آگے آگے خواصیں اور قلماقنیں ہٹو بچو کہہ کے راستہ نکالتی جاتی تھیں، مگر عورتوں کی اس قدر بھیڑ تھی کہ گذرنا دشوار تھا۔ اس سیر میں وہ ہر ہر دکان پر جا کے ٹھہرتیں اور دیکھتیں کہ دکاندارنیوں کا تماشائیوں کے ساتھ کیا برتاؤ ہے اور کوئی کسی کے ساتھ بداخلاقی تو نہیں کرتا۔ بازار میں پھر کے مرغزار میں رونق افروز ہوئیں اور اعلان کرا دیا کہ تمام عورتیں جو بازار میں موجود ہیں، وہ تمام دکاندارنیں بھی اور سیر کو آنے والیاں بھی تفرج گاہ میں حاضر ہوں۔ حضرت ملکۂ جہاں ان سے کچھ فرمانا چاہتی ہیں۔
تھوڑی ہی دیر میں سارا میدان عورتوں سے بھر گیا اور چونکہ چبوترے پر اتنی جگہ نہ تھی کہ سب اُس پر آ سکیں لہذا ان کے بیٹھنے کے لیے نیچے زمین پر فرش بچھوا دیا گیا۔ سب عورتوں کے جمع ہو جانے کے بعد نواب ممتاز محل نے ان تمام بیویوں کی نسبت اپنی خوشنودی ظاہر کی جو آج کے دن مینا بازار کی سیر کو آئی تھیں۔ پھر فرمایا: “کل بازار کے افتتاح کے دن جتنی بیویاں آئیں ان سے میر ا خیال تھا کہ بعد والے دنوں میں سیر کرنے والیوں کی تعداد کم رہے گی، مگر آج آپ کی کثرت دیکھ کر مجھے بڑا اطمینان ہوا اور یقین ہوگیا کہ خاتونان ملک کی فلاح بہبود اور اخلاقی فائدہ رسانی کے لیے جو یہ بازار کھولا گیا تو اسے آپ بھی پسند کرتی ہیں اور اس کی ترقی میں سچے دلی ذوق و شوق سے حصہ لیتی ہیں۔ حضرت شاہنشاہ جہاں پناہ کو آپ ہی کے فائدے کے خیال سے اس مینا بازار میں بڑی دلچسپی ہے۔ وہ روز روز کے حالات دریافت کرتے اور آپ کو اس بازار کی سیر سے خوش ہوتے سُن کر بہت مسرور ہوتے ہیں۔
میں نے کل امید دلائی تھی کہ حضور شہریار جہاں غالباً آج یا کل اس بازار کی سیر فرمائیں گے مگر بعض عالموں کی مخالفت کے باعث انھوں نے خیال فرمایا کہ شاید مسلمان شریف و معزز خاتونیں اپنی پردہ دری کے اندیشے سے یہاں آنے میں تامل کریں اور گو کہ حاکمان شرع کے منشا کے مطابق چہروں پر ہر قسم کی نقابیں ڈالنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ مگر پھر بھی مرضی مبارک یہ ہوئی کہ آپ کی آزادی میں فرق نہ ڈالیں اور کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جو کسی خاتون کے بھی خلاف مزاج ہو۔ میرا بھی خیال تھا کہ حضرت قدر قدرت کی آمد کے خیال سے شاید آج یہاں کم بیویاں آئیں، مگر اُس اندیشے کے خلاف آج بہت زیادہ سیر کرنے والیاں آئیں، جس سے مجھے اطمینان ہوگیا کہ ہماری بیویوں کو اپنے محافظ ناموس شہنشاہ پر پورا بھروسا ہے اور جب میں یہ حال حضرت سے بیان کروں گی تو وہ بہت خوش ہوں گے، اور اب میں عام طور پر اعلان کرتی ہوں کہ پرسوں سہ پہر کو حضرت ظل سبحانی اس مینا بازار کو اپنے ورود مسعود سے سرفراز فرمائیں گے اور بہ نفس نفیس ہر ہر دکان پر تشریف لے جا کے خریداری فرمائیں گے۔ مجھے آپ کی مستعدی اور عام دلچسپی سے امید ہے کہ اُس روز سب بیویاں ضرور آئیں گی تاکہ حضرت ہمارے اس بازار کو نہایت رونق پر دیکھ کے محظوظ و مسرور ہوں”۔
حضرت ملکۂ جہاں نے جیسے ہی اپنی تقریر ختم کی، ایک معزز وزیر کی فارسی نژاد تعلیم یافتہ خاتون نے کھڑے ہو کر سب عورتوں کی طرف سے شہنشاہ بیگم کی شفقت و مرحمت کا شکریہ ادا کیا اور کہا: “ہم سب کو شریعت کی پابندی اور اپنے ناموس کی حفاظت کا پورا خیال ہے مگر اُس کے سچے محافظ حضور شہنشاہ ہی ہیں۔ پھر ایسے نیک نفس و فرشتہ خصال حامی و محافظ پر ہم میں سے کسی کو بھلا کیسے بد گمانی ہو سکتی ہے؟ ہم سب حضرت جہاں پناہ کی لونڈیاں ہیں اور لونڈی کو آقا سے پردہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ حضرت نے اپنی شفقتوں اور عنایتوں سے اپنےآپ کو ہمارا مہربان باپ ثابت کر دیا۔ اس صورت میں بھی ہم کو ان کی بیٹیاں ہونے کا شرف حاصل ہوگیا اور ایسا ہے تو باپ بیٹی کا پردہ ہی کیا؟ بہرحال جہاں پناہ ہر طرح ہمارے بہترین محرم ہیں اور خدا نہ کرے کہ کسی کو بھی اُن کی نسبت کسی قسم کی بدنگاہی کا وہم ہو۔ علاوہ بریں جب ہمیں چہروں پر نقاب ڈال لینے کی اجازت عطا ہو گئی تو پھر کس بات کا اندیشہ رہا؟ حضرت ملکۂ عالم کی شفقتوں سے فائدہ اُٹھانے کے لیے ہم سب روز اس بازار کی سیر کو آیا کریں گے اور پرسوں چونکہ حضرت شہنشاہ بیگم دام اقبالہا کے ساتھ حضور جہاں پناہ کی رونق افروزی کا مژدہ سُن چکے ہیں، لہذا ہم سب اپنی خوش نصیبی تصور کر کے زیادہ شوق سے آئیں گے۔ سارا مینا بازار خاتونوں سے بھرا پُرا ہوگیا اور ہماری پوری کوشش یہی رہے گی کہ جہاں پناہ ہم سے خوش تشریف لے جائیں”۔
اس کے بعد ایک شریف و معزز ہندو رانی نے بھی اُٹھ کر ملکۂ عالم کو اپنی قوم والیوں کی طرف سے اطمینان دلایا اور کہا: “ہم کو تو حضرت جہاں پناہ سے رشتہ داری کا حق حاصل ہے۔ وہ ہر طرح ہمارے محرم ہیں اور ایسے عالی مرتبہ محرم جن کی وفاداری میں جل کے مرجانا اور جانیں دینا قدیم الایام سے ہمارا شعار چلا آتا ہے۔ ہم میں اتنا سخت پردہ نہیں جتنا مسلمانوں میں ہے مگر اپنے رشتہ دار خاندانوں کے ساتھ وفاداری کرنے میں ہم ان سے بڑھے ہوئے ہیں۔ جہاں پناہ یا ہمارے شفیق باپ ہیں یا محبت والے بھائی یا سعادت مند فرزند، اور یہ تینوں عزیز وہ ہیں جن کی وفاداری میں ہم ہمیشہ اپنی جانوں کو تج دیا کرتے رہے ہیں”۔
ان جوابی تقریروں کو سُن کر نواب ممتاز الزمانی تاج محل صاحبہ بہت خوش ہوئیں اور فرمایا: “میں گھر جاتے ہے سب سے پہلے آپ سب کے اس خلوص، عقیدت و جوشِ اطاعت کو حضور شہنشاہ پر ظاہر کر دوں گی”۔
اس کے بعد جتنی عورتیں جمع تھیں، دکاندارنیں ہوں یا سیر کو آنے والیاں سب کی ضیافت کا سامان کیا گیا اور اس سے فارغ ہونے کے بعد بازار میں روشنی ہونا شروع ہوئی تھی کہ ملکۂ جہاں مغرب کی نماز پڑھ کے سوار ہو گئیں اور شاہزادیاں جو ساتھ آئی تھیں، وہ بھی اپنے مکانوں کو واپس گئیں۔
آج بازار میں خاص چہل پہل تھی اور شام کو وہ چہل پہل بہت زیادہ ہو گئی جب مشہور ہوا کہ کل حضرت پناہ جہاں و شہنشاہ زماں بازار میں رونق افروز ہوں گے۔ دُکاندارنیں اس لیے خوش تھیں کہ ان کا سب مال فروخت ہو جائے گا اور اس شوق میں اسی وقت سے انھوں نے اپنی دکانوں کے سجنے کا اور خود اپنے بناؤ سنگھار کا سامان شروع کر دیا۔ سیر کو آنے والیاں اس شوق میں تھیں کہ کل اسی زنانے بازار کی سیر کے بہانے حضرت جہاں پناہ کی زیارت نصیب ہو جائے گی اور اُن کو اس میں اپنی خوش نصیبی نظر آتی تھی کہ اُن کے عزیزوں اور گھر والوں نے مینا بازار میں آنے کی اجازت دے دی۔
اس مجمع میں چند ایسی عورتیں ضرور تھیں جن کو نامحرم لوگوں کے سامنے آنا ناگوار تھا۔ دل میں کہتی تھیں کہ ہم سے غیروں کے سامنے کیسے آیا جائے گا لیکن اُن کے لیے بھی یہ بہانہ کافی تھا کہ چہرے پر نقاب ڈال لے سکتے ہیں اور چونکہ مردوں نے آنے کی اجازت دے دی اس لیے کوئی الزام دینے والا نہیں ہے۔
صبح ہی سے دکانوں، سڑکوں اور تفرج گاہ کی صفائی اعلیٰ پیمانے پر ہونے لگی۔ جھاڑ فانوس صاف کیے جانے لگے، گذر گاہوں اور سڑکوں پر مخمل و اطلس کا فرش بچھنے لگا اور دوپہر سے پہلے نواب ممتاز الزمانی بیگم معائنے کے لیے تشریف لائیں تو بازار کی کچھ شان ہی اور تھی، اور اسی کے ساتھ دُکاندارنوں کا نکھار اور سنگھار بھی بلا کا تھا۔ ہر عورت سر سے پاؤں تک مرصع زیور سے آراستہ ہو کر اور بھاری جوڑا پہن کے دلہن بنی ہوئی تھی۔
سارے بازار میں پھر کے اور ہر چیز کو معائنہ فرما کے وہ واپس چلی گئیں، اس لیے کہ اب حضرت جہاں پناہ کی تشریف آوری کا وقت قریب آ گیا تھا اور چونکہ اُن کے ہمراہ اُمرائے دربار بھی آنے والے تھے لہذا اُن سے کے سامنے نواب تاج محل کا بازار میں موجود رہنا غیر ممکن تھا۔ چنانچہ وہ اپنی شاہزادیوں اور خاندان شاہی کی تمام عورتوں کو ہمراہ لے کر مینا بازار سے سوار ہو گئیں۔
محل میں داخل ہوتے ہی اپنے صاحب تاج و سریر شوہر کے پاس گئیں اور کہا: “لے اب آپ تشریف لے جائیں، میں مینا بازار کو دیکھ آئی۔ تمام عورتوں نے ایسا سنگار کیا ہے کہ ہر ایک پرستان کی پری معلوم ہوتی ہے۔ جو رونق و شان بازار میں آج ہے نہ کل تھی نہ پرسوں۔ یہ میں نے بتا ہی دیا تھا کہ کل پرسوں کی بہ نسبت تگنی چوگنی عورتیں آئی تھیں، آج کل سے بھی بہت زیادہ ہیں۔ اور اسی سے اندازہ ہوتا ہے کہ جو اندیشہ تھا کہ بے پردگی کے خیال سے بہت کم عورتیں آئیں گی وہ بالکل غلط تھا”۔
یہ سُن کر حضرت جہاں پناہ بہت خوش ہوئے اور دریافت کرایا کہ تمام اُمرائے دولت و اعزائے شاہی جمع ہو گئے؟ فوراً اُردابیگنی نے عرض کیا کہ سب حاضر ہیں، فقط جہاں پناہ کے برآمد ہونے کی دیر ہے۔ یہ معلوم ہوتے ہی جہاں پناہ ہوا دار پر سوار محل سے باہر نکلے اور امرائے دربار بڑھ بڑھ کے آداب بجا لائے۔ جس طرح مینا بازار کے افتتاح کے دن علیا حضرت ملکۂ زماں نواب ممتاز الزمانی بیگم صاحبہ کی سواری کے لیے جلوس کا خاص اہتمام ہوا تھا، آج اس سے زیادہ حضرت شہنشاہ جہاں پناہ کی سواری کے لیے کیا گیا تھا۔ شاہی فوج کے بہت سے رسالے سب کے آگے تھے۔ اُن کے بعد بہت سی پلٹنیں تھیں، صدہا جھنڈے اور علم ہوا میں لہرا رہے تھے، بیرقیں اُڑ رہی تھیں، ماہی مراتب، نشانِ آفتاب و ہلال اپنی آب و تاب کا جلوہ دکھا رہے تھے۔ ہاتھیوں اور اُونٹوں پر نقارے تھے جن پر چوٹیں پڑتی تھیں، قرنا پھنک رہا تھا اور نقیب قدم قدم پر نعرے لگاتے جاتے تھے۔ صدہا اُمرائے دولت اپنے درجے اور رتبے کی سواریوں پر شان و شکوہ سے بیٹھے تھے۔ اس جلوس کے درمیان خسرو جہاں صاحب قران ثانی ایک سب سے بلند اور شاندار ہاتھی پر گنگا جمنی عماری میں رونق افروز تھے اور مصاحبین و اُمرائے دربار ہمراہ رکاب تھے۔
مینا بازار میں ہرکارے اور سوار دوڑ دوڑ کے خبر پہنچا رہے تھے کہ اب سواری بادبہاری فلاں مقام پر پہنچی اور اب فلاں بازار میں ہے۔ یہاں تک کہ نقارۂ شاہی کی آواز آئی اور ساری عورتوں کے جسم میں ایک جُھرجُھری سی پیدا ہو گئی۔ اکثر دہشت و رعب شاہی سے ادھر اُدھر بھاگنے لگیں اور جو دل کی مضبوط تھیں نہایت ادب سے کسی مقام پر خاموش کھڑی ہو گئیں۔ اتنے میں محل کی نقیب عورت نے “جہاں پناہ سلامت” کا نعرہ بلند کیا اور حضرت جم جاہ عماری سے اُتر کے ہوادار پر سوار ہوئے۔ تقریباً چار پانچ سو اُمرا نے ہوا دار کو گھیر لیا اور سواری مبارک اس معزز و عالی مرتبہ جلوس کے ساتھ مینا بازار میں داخل ہوئی۔ ہر طرف خوبصورت اور بانکی ترچھی پری جمالوں کا جُھرمٹ تھا اور وہ بار بار اپنی سُریلی آوازوں میں “جہاں پناہ سلامت” کے نعرے لگا رہی تھیں۔
اس شان سے سواری شاہی کوشک کے دروازے پر پہنچی۔ ہمراہی اُمرا و وزرا کوشک کے باہر ٹھہر گئے اور حضرت جہاں پناہ نے زینے پر قدم رکھا۔ کوشک میں داخل ہوئے ہی تھے کہ ایک معزز وزیر کی بیوی نے با آواز بلند کہا “اے آمدنت باعث آبادی ما” اور جب شاہ جمجاہ مسند پر رونق افروز ہوئے تو ایک عجمی امیر کی تعلیم یافتہ خاتون نے ادب سے سامنے کھڑے ہو کر ایک مدحیہ قصیدہ عجمی موسیقی کی لے اور دھن میں سنایا جو اسی وقت کے لیے نیا موزوں کیا گیا تھا۔ قصیدے کے ختم ہوتے ہی چند شوخ ادا نازنینوں نے جو ڈومنیوں میں سے منتخب کر لی گئی تھیں، اپنی زاہد فریب آواز اور گلو سوز سُروں میں نغمۂ مبارکباد گانا شروع کیا۔
بادشاہ نے اس سارے پرستان میں سے ہر ہر گل اندام نازنین کے چہرے پر ایک نگاہ غلط انداز ڈالی اور اظہار خوشنودی فرمایا۔ پھر سعد اللہ خان کی محترم بیوی کی طرف متوجہ ہو کر جو سب عورتوں میں زیادہ پیش پیش تھیں اپنی مسرت ظاہر فرما کے ارشاد کیا: “ممتاز الزمانی بیگم کی تو خواہش ہے کہ تمھارا مینا بازار بازار ہی رہے جس میں بڑے چھوٹے اعلی و ادنیٰ کا امتیاز نہ نظر آئے مگر تم سب نے اس کو آخر دربار بنا دیا”۔
بیگم سعد اللہ خان: ہم سب اپنے جہاں پناہ محافظ ننگ و ناموس کی لونڈیاں ہیں اور سب کی تمنا ہے کہ اس رونق افروزی کے وقت اپنا حق عقیدت ادا کریں، مگر افسوس ہماری بدقسمتی سے حضور عالیہ منظور نہیں فرماتیں۔ ورنہ ہم میں سے ہر ایک کی دلی تمنا تو یہ ہے کہ بارگاہ خسروی میں نذریں پیش کر کے حق عبودیت ادا کر دیں۔
جہاں پناہ: میں نذروں سے زیادہ اس سے خوش ہوا کہ ممتاز محل کی خوشی پوری کرنے کے لیے تم ایسے ذوق و شوق سے یہاں جمع ہو گئیں اور اس کو گوارا کیا کہ میں مع اپنے امرائے دربار اور شاہزادوں کے اندر چلا آؤں، اور تعجب ہے کہ اگرچہ نقاب کی عام اجازت ہے مگر میں اس وقت کسی خاتون کے چہرے پر نقاب نہیں دیکھتا”۔
اس کے جواب میں ایک اور امیر زادی نے زمین بوس ہو کے عرض کیا: “ہم سب حضرت جمجاہ کی لونڈیاں ہیں اور لونڈیوں کا آقا سے پردہ ہی کیا۔ حضرت علیا حضرت ملکہ نے تو کمال شفقت و مرحمت اور رواج قدیم کی حفاظت کے لیے نقابوں کی اجازت دے دی۔ مگر ہم میں سے تمام عورتوں نے باہم عہد کر لیا ہے کہ اگر چہرے کو نقاب میں چھپانا ہوگا تو سامنے نہ آئیں گے اور آئیں گے تو بے نقاب ہو کر آئیں گے”۔
جہاں پناہ: تمھاری اس سعادت و اظہار عبودیت کو سُن کر میں بہت خوش ہوا۔ مگر کیا کچھ ایسی عورتیں بھی یہاں ہیں جو میرے سامنے آنا نا پسند کرتی ہوں اور ادھر اُدھر کونوں میں چھپ رہی ہوں؟
وہی خاتون: مینا بازار میں ایسی کوئی عورت نہیں ہے اور شاید شہر بھر میں نہ ہو۔ مگر ہم عورتوں میں یہ قرار داد طے پا گئی تھی جس کو ہم نے سب آنے والیوں اور سیر کرنے والیوں پر ظاہر کر دیا تھا۔ لیکن ہمیں کوئی ایسی عورت نہیں نظر آتی ہے جو کل یا پرسوں مینا بازار میں آئی ہو اور آج موجود نہ ہو۔
جہاں پناہ: تم سب نے اس بازار کو پسند کیا؟
کئی آوازیں: بہت زیادہ پسند کیا اور حضور عالیہ کی اس مرحمت کو زندگی بھر یاد رکھیں گے۔
جہاں پناہ: اور انھوں نے یہ بازار محض اپنا شوق پورا کرنے کے لیے نہیں بلکہ خاص تمھارے فائدے کے واسطے قائم کیا ہے۔ یہ فائدہ کہ خاتونوں کا مال اچھے داموں بک جائے گا، بالکل سامنے کا اور ظاہری بات ہے۔ اصلی فائدہ یہ ہوگا کہ گھروں کی بیٹھنے والی عورتیں دنیا کو دیکھیں گی، آپس میں میل جول بڑھائیں گی، محبت و اخلاق سے ملنا سیکھیں گی، آداب مجلس سے واقف ہوں گی اور پھر باہم مل کے اپنی صنف کے مقاصد و فوائد پر غور کریں گی۔
ایک خاتون: بے شک ہماری ترقی اور ہمارے مہذب و شائستہ بنانے کے لیے یہ بہترین مدرسہ ہے جس کو ہم علیا حضرت کی ایک پائدار برکت مانتے ہیں۔
جہاں پناہ: اور اسی خیال سے بیگم کا ارادہ ہے کہ ہر سال موسم بہار میں ایک مہینے تک یہ بازار قائم رہا کرے۔ یہی سوچ کر انھوں نے اس بازار کے لیے یہ مستقل عمارت تعمیر کرا دی جو روز بروز بہت زیادہ بارونق ہوتی جائے گی اور اسی بہانے میں ہر سال ایک دن تمھارے دیدار سے مسرت حاصل کیا کروں گا۔
بہت سی آوازیں: اس سے ہمیں فخر و وقار حاصل ہوگا۔
جہاں پناہ: بعض علما اور شاید اَور لوگوں کو بھی میرے اندر چلنے آنے پر اعتراض ہو۔ اگرچہ میں از روئے شریعت اس مسئلہ پر غور کر چکا ہوں اور اطمینان ہوگیا ہے کہ اس میں شرعاً کوئی مضائقہ نہیں۔ تاہم میں اپنی رعایا کے قدیم رواج کا بہت احترام کرتا ہوں اور نہیں پسند کرتا کہ کسی کے دل میں شکایت پیدا ہو۔ لیکن اس سے زیادہ خیال مجھے عورتوں کی ترقی و بہبود کا اور ان کی اصلاح و ترقی کا ہے۔
اب حضرت جہاں پناہ اُٹھ کر کوشک کے نیچے تشریف لائے اور پا پیادہ بازار کا رُخ کیا۔ کہاروں نے ہوا دار کے بڑھانے کا ارادہ کیا تو فرمایا “میں پیدل چلوں گا”۔ پھر مسکرا کے ارشاد ہوا “بیگم نے سارے راستے میں نفیس اور پُر تکلف فرش بچھوا دیا ہے، لہذا اگر میں پیدل پھر کے سیر نہ کروں تو ناشکری ہوگی اور پھر مجھے ہر دکان کو دیکھنا ہے، پیدل ہی چلوں گا”۔ فوراً نقیب عورتیں اور قلماقنیں آگے بڑھیں اور عورتوں کی بھیڑ کو ادھر اُدھر ہٹاتی ہوئی جہاں پناہ کے آگے ہو لیں۔ شاہزادے اور اُمرا و معززین دربار پیچھے تھے۔ عورتوں کے اتنے بڑے مجمع اور اُن کی رعنائی و زیبائی کو دیکھ کے خود حضرت ظل اللہ اور کل رفقائے رکاب دولت دم بخود تھے۔ چونکہ سب سے حلف لے لی گئی تھی کہ کوئی کسی پر بُری نگاہ نہ ڈالے گا، لہذا کسی کی مجال نہ تھی کہ کسی مہ جبین کو آنکھ بھر کے دیکھے۔ سب کی آنکھیں جھکی ہوئی تھیں اور احکام قرآنی یَغُضُّوا مِن اَبصَارِہِم وَ یَغضُضنَ مِن اَبصَارِہِنَّ کی اتنی پابندی ہندوستان میں شاید کبھی نہ ہوئی ہوگی جتنی اُس وقت ہو رہی تھی۔
اب بادشاہ جہاں پناہ نے ایک سرے سے دکانوں کو دیکھنا شروع کیا تو ہر ہر دکان میں تشریف لے جاتے، ہر چیز کو ملاحظہ فرماتے، بیچنے والی سے گفتگو کرتے، معاملۂ بیع میں لطف پیدا کرنے کے لیے دام چکاتے اور دیر تک باتیں کرتے رہتے، اور جو مال پیش کیا جاتا اُس کا زیادہ قیمتی حصہ خرید لیتے۔ اس میں شک نہیں کہ ہر عورت کے مذاق و انداز گفتگومیں فرق تھا، کوئی شوخ ادا چلبلی تھی، اُس کی یہ حالت تھی کہ جس طرح بادشاہ اُس کی باتوں سے لُطف اُٹھاتے وہ حضرت جہاں پناہ کی باتوں سے مزہ لیتی۔ کوئی ایسی طرار و بے باک تھی جو اُلٹے بادشاہ کو چھیڑنا چاہتی اور بادشاہ دل ہی دل میں اُس کی بے باکیوں سے لطف اٹھاتے اور زبان سے کچھ کہتے نہ بنتی۔ کوئی ایسی شرمیلی تھی کہ اُس سے چار آنکھیں نہ کی جاتیں اور زبان سے کوئی لفظ بھی نہ نکل سکتا، مگر اُس کی شرم و ندامت کی ادائیں دل رُبائی میں سب سے بڑھ جاتیں۔ کوئی ایسی معتدل طبیعت کی متین و ضابط نازنین بھی جس میں نہ شرم تھی نہ شوخی، وہ ہر بات کا جواب نہایت ہی ضبط و سکون سے دیتی؛ جہاں پناہ چھیڑتے بھی تو اُس کی متانت میں فرق نہ آتا۔ پھر اُن میں بھی مختلف قسموں کی شانیں تھیں۔ کسی کی کوئی ادا دلفریب تھی اور کسی کی کوئی گفتگو، کسی کی بے باکی اور طرح کی تھی اور کسی کی شوخی اور وضع کی۔ کسی کے شرمانے میں ایک انداز تھا اور دوسری میں دوسرا۔
غرض بادشاہ ہر دکان سے پُر شوق دل پر ایک نیا نقش لے کر آگے بڑھتے اور اس بازار حُسن کی سیر کرتے چلے جاتے۔ اس سیر اور خریداری میں اتنی دیر لگی کہ بازار کی چار سڑکوں میں سے ایک ہی کا معائنہ کیا تھا کہ شام ہو گئی اور روشنی ہونے لگی۔ چنانچہ تفرج گاہ کے چبوترے پر جہاں پناہ نے جا کے نماز مغرب ادا فرمائی۔ بعد مغرب دوسری سڑک پر پہنچے اور پھر سیر و خریداری میں مصروف ہو گئے۔
اب بازار میں خوب روشنی ہو گئی تھی جس نے لطف بڑھا دیا تھا اور جس طرح سڑکوں، دکانوں اور ان کی آرائش کی آب و تاب رات کی روشنی میں بڑھ گئی تھی، اُسی طرح دکاندارنوں اور اُن کے مال کی رونق و خوبی بھی ترقی پر نظر آتی تھی۔ پری جمالیں جھاڑوں، کنولوں اور مشعلوں کی روشنی میں اگر جنت کی حوریں نظر آتی تھیں تو اُن کے فروخت کے جواہرات دن سے بدرجہا زیادہ ضَو دیتے تھے۔
حضرت جہاں پناہ کے معائنہ کی اب بھی وہی شان تھی؛ ہر دکان پر گھڑیوں ٹھہرتے، ماہ پیکر دکاندارنیوں کی دلرُبا صورتیں دیکھتے، ان کی دکانوں کی آرائش اور اُن کی دکانوں کے سجنے اور مال کو قرینے سے رکھنے پر غور فرماتے، اُن سے باتیں کرتے، ان کے انداز کلام اور اُن کی اداؤں سے لطف اُٹھاتے اور جی بھر کے دیکھ سُن لیتے تو آگے بڑھتے۔
اسی سیر میں پہر رات گذر گئی اور ابھی آدھا بازار دیکھنا باقی تھا۔ آج چونکہ بادشاہ جم جاہ کو معمول سے بہت زیادہ چلنا پڑا، لہذا بہت تھک گئے اور فرمایا: “جی تو یہ چاہتا ہے کہ چاہے ساری رات اسی سیر میں صرف ہو جائے، مگر سارے بازار کی آج ہی سیر کر لوں۔ مگر اب میں بھی تھک گیا ہوں اور بازار والیاں بھی اکتا گئی ہوں گی۔ لہذا باقی ماندہ دو سڑکوں کی کل سیر کروں گا اور جس وقت آج آیا تھا اسی وقت کل بھی آؤں گا”۔ یہ فرما کے جہاں پناہ شاہی کوشک میں تشریف لائے۔ تھوڑی دیر وہاں آرام فرمایا اور فریضۂ عشا ادا کر کے اسی اگلے کر و فر اور جاہ و جلال سے محل کی طرف روانہ ہو گئے۔
ساتواں باب
ایک شوخ ادا دُکاندارن
جہاں پناہ محل میں رونق افروز ہوئے تو نواب ممتاز الزمانی بیگم انتظار ہی کر رہی تھیں۔ صاحب تاج و دیہیم شوہر کے آتے ہی دوڑتی ہوئی آئیں اور پاس بیٹھ کے کہنے لگیں: “حضرت کو بازار کی سیر میں بڑی دیر ہو گئی”۔
جہاں پناہ: اور اس دیر ہونے پر بھی آدھے بازار کی سیر کر سکا۔ وہ کوئی معمولی سیر کی جگہ نہیں ہے۔ ہر قدم پر یہ حالت تھی کہ کرشمہ دامن دل می کشد کہ جا اینجا ست۔ ہر دکان اور ہر بیچنے والی میں ایسی دلربائی و دلکشی تھی کہ بڑے جبر سے قدم آگے بڑھایا جاتا تھا۔ وہ تو ایسا مقام ہے کہ جس دکان میں جائیے بس وہیں کے ہو جائیے۔
تاج محل: اور سارے گھر بار کو چھوڑ دیجیے۔
جہاں پناہ (ہنس کر): میرا منشا یہ نہ تھا۔ بلکہ یہ کہنا مقصود تھا کہ جس دکان میں جائیے، دن بھر وہیں کی خوبیاں دیکھتے رہیے اور دوسری دکان میں جانے کا نام نہ لیجیے۔ یعنی دن بھر میں انسان ایک کے سوا دوسری دُکان کی سیر نہیں کر سکتا۔
تاج محل: تو پھر کیا ہے۔ بارہ سو دکانیں ہیں اور سال میں کتنے دن ہوتے ہیں؟ ہاں تین سو ساٹھ دن۔ تو کچھ کم اڑھائی برس تک ان دکانوں کی سیر میں مصروف رہیے۔ سلطنت اور گھر بار کا خدا حافظ ہے۔
جہاں پناہ: کیوں؟ کیا رات کو بھی گھر نہ آؤں گا؟
تاج محل: تو یہ میرے حال پر مہربانی ہوئی۔ سلطنت کا انتظام کیسے چلے گا؟
جہاں پناہ: اس کام کو وزرائے سلطنت انجام دیں گے۔ میں کہتا ہوں تمھیں بات بات پر بد گمانی کیوں ہوتی ہے؟ ایک بات کہی تھی کہ تمھاری کوشش سے یہ بازار ایسا پُرلطف اور دلکش ہوگیا ہے کہ جہاں ٹھہر جائیے وہاں سے ہٹنے کو جی نہیں چاہتا۔
تاج محل: حضرت فرماتے ہیں کہ بازار پُرلطف اور دلکش ہوگیا ہے۔ پُرلطف ہونے میں مضائقہ نہیں، حضرت کے لیے ہر چیز کو پُرلطف ہونا چاہیے۔ مگر دلکش نہ کہیے۔ یہ بڑا خطرناک لفظ ہے۔
جہاں پناہ: اس لفظ کو میں نے اُن معنوں میں نہیں کہا تھا جن میں تم لیتی ہو۔ اس لیے کہ میرے خیال میں پُرلطف اور دلکش کا ایک ہی مطلب ہے۔ لیکن اگر تم کو یہ لفظ ناپسند ہے تو لو میں اسے چھوڑے دیتا ہوں۔
تاج محل: بس میرے اطمینان کے لیے یہ کافی ہے۔ خیر اب یہ بتائیے کہ آج حضرت کو اُن تمام مہ جبینوں میں سے جو وہاں جمع ہیں کون زیادہ پسند آئی؟
جہاں پناہ: یہ بڑا مشکل سوال ہے۔ فقط اتنا کہہ سکتا ہوں کہ سب ہی زیادہ پسند آئیں اور کوئی نہیں ہے جو کم پسند آئی ہو۔
تاج محل: یہ بڑے اطمینان کی بات ہے۔
جہاں پناہ: کیوں؟
تاج محل: خطرہ جب ہی ہوتا ہے کہ سب کے مقابل میں کوئی ایک پسند آئے اور جب ہزارہا عورتیں ایک ہی درجہ تک پسند آئیں اور یکساں نظر آئیں تو کوئی اندیشہ کی بات نہیں ہو سکتی۔
جہاں پناہ: تم نے بڑی معقول بات کہی اور واقعی اب میں تمھارے کہنے سے غور کرتا ہوں تو نظر آتا ہے کہ اگرچہ وہاں ایک سے ایک بڑھ کے گل رخسار و پری جمال مہ وَشیں جمع تھیں مگر میں کسی کی صورت کا نقش اپنے دل پر نہیں لایا۔ بہ ظاہر اس کی وجہ یہ بیان کی جا سکتی ہے کہ سب عورتیں ایسی خوبصورت تھیں کہ دل پر ایک کا جو اثر پڑتا اس کو دوسری حور وَش کی صورت مٹا دیتی اور کسی کا بھی خیال دل میں جم کر نہ بیٹھتا۔ مگر میں تو اس کا اصلی سبب اس کو خیال کرتا ہوں کہ تمھاری محبت اور تمھاری خوبیوں کا ایسا گہرا نقش میرے دل میں موجود ہے کہ کوئی اعلیٰ سے اعلیٰ حسن و جمال بھی اس کی جگہ نہیں لے سکتا۔
بادشاہ کا یہ فقرہ سُن کے ملکۂ زمانہ کے خوبصورت چہرے پر شرم و ندامت ملے فخر و ناز کے آثار نمودار ہوئے۔ پھر اُن جذبات کو دبا کے بولیں: “حضرت کی اس محبت و مرحمت پر مجھے فخر و ناز ہے اور یہی اطمینان ہے جس نے شوق دلایا کہ آپ کا شوق پورا کرنے کے لیے اس مینا بازار کو حُسن و جمال کا بہترین خزانہ بنا دوں۔ پہلے دن بازار کو سجا ہوا دیکھ کر آئی ہوں تو بعض اُمرا کی بیویوں نے مشورہ دیا کہ فلاں فلاں عورتوں کو جو حُسن و خوبی میں جواب نہیں رکھتیں، اس بازار میں نہ آنے دوں۔ اُن کا خیال تھا کہ حضرت ظل سبحانی ان کی صورت دیکھتے ہی سب کو بھول جائیں گے۔ مگر میں نے یہی کہا کہ مجھے حضرت کی پاکبازی و نیک نفسی پر اتنا اطمینان ہے کہ ایسی احتیاطوں کی ضرورت نہیں۔ بلکہ اُن کے مشورے کے خلاف کوششیں کیں کہ جن جن عورتوں کی خوبصورتی کی شہرت ہے وہ سب سے پہلے بلائی جائیں اور کوئی عورت جو جمیلہ و شکیلہ سمجھی جاتی ہو اس بازار میں دکاندار بننے سے رہ نہ جائے”۔
جہاں پناہ: میں تمھارے اس ایثار نفس کا بہت ہی شکر گزار ہوں اور ہمیشہ سے جانتا ہوں کہ میرے لیے اپنے مٹا دینے میں تم کو تامل نہیں ہوتا۔
بادشاہ بیگم: دکاندارنوں کے علاوہ یقین ہے کہ غالباً سیر کو آنے والیوں کا بھی بڑا مجمع ہوگا۔ اُن کی کیا حالت تھی؟
جہاں پناہ: وہ بھی ایسی خوبی سے اور ایسے ایسے انداز سے بن سنور کے آئی تھیں کہ ہر ایک دلہن بنی ہوئی تھی۔ مگر میں اجمالی نظر ڈالنے کے سوا انھیں اچھی طرح نہیں دیکھ سکا۔ بعض ایسی خوبرو و شوخ ادا نظر آتی تھیں کہ جی چاہتا تھا اُن سے کچھ باتیں کروں، مگر خلاف مصلحت نظر آیا۔
تاج محل: افسوس اُمرائے دربار کے ساتھ ہونے کی وجہ سےمیں حضرت کے ہمراہ نہ جا سکی۔ ورنہ جہاں پناہ کے اس شوق کو بھی پورا کر دیتی۔ میں انھیں بُلا کے پاس کھڑا کر دیتی اور جب تک جی چاہتا حضرت اُن سے باتیں کرتے۔
جہاں پناہ: مگر تمھاری موجودگی میں غیر ممکن تھا کہ میں انھیں آنکھ بھر کے دیکھتا۔
تاج محل: تو یہ بہت اچھا ہوا کہ میں نہ تھی اور حضرت نے جسے دل چاہا جی بھر کے دیکھا اور خوش ہوئے۔
جہاں پناہ: تمھارے اس فقرے میں بھی طعنے کی بو آتی ہے۔
تاج محل: نہیں۔ میں نے طعن و تشنیع سے نہیں کہا بلکہ دل سے یہی چاہتی ہوں کہ حضرت مینا بازار کی سیر جی بھر کے اور نہایت آزادی سے کریں۔ خیر اب ارشاد ہو کہ بازار کا جتنا حصہ دیکھنے کو باقی رہ گیا ہے وہ کب ملاحظہ ہوگا؟
جہاں پناہ: کل ہی۔ میں نے اس کا آنے سے پہلے ہی اعلان کر دیا اور کل آنے کا اقرار کر کے آیا ہوں۔ بھلا یہ کیسے ممکن تھا کہ ایسی شوق و دلچسپی کی چیز کو زیادہ زمانے تک اٹھا رکھتا؟
تاج محل: میں سمجھی تھی کہ اب حضرت دو تین دن کا وقفہ دے کر تشریف لے جائیں گے۔
جہاں پناہ: نہیں، اس بازار کی سیر میں ایسا لطف آیا کہ جو حصہ دیکھنے سے رہ گیا اس کے دیکھنے کے شوق کو میں ایک دن سے زیادہ زمانے تک نہیں ٹال سکتا۔ اگرچہ میں تھک گیا تھا مگر شوق اس قدر حد سے گذرا ہوا تھا کہ اگر بازار والی نازنینوں کی تکلیف کا خیال نہ ہوتا تو میں رات بھر بازار ہی کی سیر کرتا رہتا۔
تاج محل: اسی شوق کو دیکھ کے میں دل ہی دل میں دعا کرتی رہتی ہوں کہ خدا اس بازار اور اُس کی سیر کو خیر خوبی سے گذران دے۔
اب رات زیادہ آ چکی تھی اور حضرت جہاں پناہ تھکے ہوئے تھے، لہذا مسہری پر لیٹ کے آرام فرمایا۔
صبح کو اٹھ کر نماز سے فارغ ہوتے ہی بادشاہ نے ناشتے کے وقت تاج محل سے پھر مینا بازار کا تذکرہ چھیڑا اور فرمایا: “آج رات بھر میں اسی بازار کے خواب دیکھتا رہا۔ بار بار آنکھ کھلتی تھی اور پھر اُسی میں پہنچ جاتا تھا”۔
تاج محل: تو یوں فرمائیے کہ حضرت رات بھر اُسی مینا بازار میں رہے۔
جہاں پناہ: بے شک وہیں رہا اور خوب خوب سیریں کیں۔
تاج محل: تو اس رات کی سیر کا دلچسپ حال بھی پورا پورا ارشاد ہو۔ دن کی سیر میں تو کوئی اندیشے کی بات نہیں پیش آئی۔ بلکہ اگر کسی قدر اندیشہ تھا بھی تو حضرت کے بیان سے جاتا رہا۔ اس لیے کہ اتنی پری جمال عورتوں کے مجمع میں جانے پر بھی کسی کا خیال دل میں نہ جم سکا۔ ممکن ہے کہ رات کی سیر میں کوئی ایسی حور طلعت نظر آ گئی ہو جو بھولتی نہ ہو۔
جہاں پناہ: اب تمھیں خواب کی باتوں پر بھی بد گمانی ہے؟ فرض کیجیے کہ خواب میں کوئی ایسی دلربا نظر سے گذری بھی جس کا خیال سامنے سے نہ ہٹتا ہو تو اُس سے کس بات کا اندیشہ ہو سکتا ہے؟ نہ زندگی میں وہ کبھی اور کہیں ملے گی اور نہ تم کو اُس کی رقابت کا دھڑکا ہو سکتا ہے۔
تاج محل: کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ خواب میں ایک دلفریب صورت دیکھی اور صبح کو وہ کہیں نظر بھی آ گئی تو پھر بات سب سے زیادہ اندیشہ ناک ہو جاتی ہے۔ ممکن ہے کہ حضرت جہاں پناہ نے رات کے خواب میں کسی مہ جبین معشوقہ کو دل دے دیا ہو اور مینا بازار کی سیر میں آج اُس پر نظر پڑ جائے۔ ایسا ہوا تو قیامت ہی ہو جائے گی۔ اس لیے مجھے فقط اتنا بتا دیجیے کہ جس طرح دن کی سیر میں کسی کی صورت دل میں نہیں قائم ہوئی تھی، ویسا ہی رات کو بھی ہوا۔ یا خواب میں کسی ایسی پری جمال کو دیکھ لیا جس کی پیاری شکل کو آنکھیں اس وقت تک ڈھونڈھ رہی ہیں۔
جہاں پناہ: جو کچھ دیکھا سب ہی آنکھوں کے سامنے پھر رہا ہے۔ ایسا کچھ دیکھا کہ آنکھوں کو تمنا رہ گئی۔
تاج محل: تو کوئی فکر کی بات نہیں ہے۔ یہی میں بھی چاہتی ہوں کہ حضرت جو کچھ دیکھیں خواب میں ہو یا بیداری میں سب کا سب آنکھوں کے سامنے رہے۔ یہ نہ ہو کہ کوئی ایک صورت خیال میں بس جائے اور سب چیزیں بھول جائیں۔ یہ کتنی بڑی بات ہے کہ رات کی دیکھی شکلوں میں سے کوئی ایسی نہیں ہے جسے دن کو حضور کی آنکھیں ڈھونڈتی ہوں۔
جہاں پناہ: لیکن بیگم! میری آنکھیں کسی شکل کو ڈھونڈھیں یا نہ ڈھونڈھیں، مگر تمھیں ہر وقت اس کا دھڑکا نہ لگا رہنا چاہیے۔ خصوصاً جبکہ میں عہد و پیمان کر چکا ہوں کہ کسی کو بُری نگاہ سے نہ دیکھوں گا۔
تاج محل: حضرت جو چاہیں فرمائیں، جب تک یہ بازار قائم ہے اُس وقت تک تو یہ دھڑکا میرے دل سے نہیں جا سکتا۔ خیر اس کو جانے دیجیے اور یہ ارشاد ہو کہ مینا بازار میں سواری کب جائے گی؟ دیر ہو رہی ہے اور میں نہیں چاہتی کہ حضرت کا شوق پورا ہونے میں خلل انداز ہوں۔
جہاں پناہ: تیسرے پہر کو جاؤں گا جس وقت کل گیا تھا۔ یہی وہاں کہہ بھی آیا ہوں۔
تاج محل: تو حضرت نے دل پر بڑا جبر کیا۔ شوق کا تقاضا تو یہ تھا کہ صبح ہوتے ہی روانہ ہو جاتے۔
جہاں پناہ: میں شوق کے پیچھے اپنے فرائض کو نہیں بھولتا۔ ابھی مجھے دربار کرنا ہے۔ دربار سے واپس آ کے کچھ دیر سوؤں گا، پھر اطمینان سے مینا بازار جاؤں گا۔
تاج محل: بہت مبارک۔ اچھا تو میں حضور کے تشریف لے جانے سے پہلے جا کے دیکھ آؤں گی کہ سب چیزیں قرینے سے ہیں اور کوئی ایسی بات تو نہیں جو حضرت کو ناپسند ہو۔
جہاں پناہ: ضرور جاؤ اور اس کا بھی پتہ لگانا کہ کل میرے جانے کا بازار والیوں پر کیا اثر ہوا۔ خاص کر جن کی دکانوں میں مَیں گیا تھا، اُن کو کسی قسم کی شکایت تو نہیں ہے؟
تاج محل: دراصل میں اسی غرض کے لیے جانا چاہتی تھی۔ میں ان باتوں کو بخوبی دریافت کر کے حضرت سے بیان کر دوں گی۔
اس کے بعد جہاں پناہ باہر دربار میں تشریف لے گئے اور نواب ممتاز الزمانی بیگم مع شہزادیوں اور مصاحب عورتوں کے سوار ہو کر مینا بازار میں تشریف لے گئیں۔ آج وہاں پہر دن چڑھے ہی بڑا مجمع ہوگیا تھا اور چونکہ سب کو یقین تھا کہ آج بھی جہاں پناہ تشریف لائیں گے لہذا تمام اُمرائے دربار اور معززین شہر کی خاتونیں جمع تھیں۔ جو فرش سڑکوں اور گذرگاہوں پر بچھا تھا بدلا جا رہا تھا اور کوشش ہو رہی تھی کہ بازار کی رونق آج کل سے کچھ زیادہ ہی ہو۔
ممتاز محل صاحبہ اُن سڑکوں پر جن کا حضرت جہاں پناہ کل معائنہ فرما چکے تھے تشریف لے گئیں اور ہر ہر دکان پر جا کے دکان رکھنے والیوں سے پوچھا کہ کل جہاں پناہ سے ان سے کیا کیا باتیں ہوئیں، اُن کا مال کس قدر بکا اور انھیں اپنی امید کے مطابق اس سودے میں فائدہ ہوا یا نہیں۔ سب نے خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کیا، بادشاہ سے جو کچھ گفتگو ہوئی تھی بیان کی۔ غرض سب کو خوش و خرم پایا اور معلوم ہوا کہ جہاں پناہ کی شفقت و مرحمت نے سب کو نہال کر دیا ہے اور سب شاہی عنایت و توجہ کا کلمہ پڑھ رہی ہیں۔
پھر نواب تاج محل اُن دو سڑکوں پر تشریف لے گئیں جہاں کی حضرت ظل سبحانی آج سیر کرنے والے تھے۔ غور سے ملاحظہ کیا کہ ان دکانوں والیاں کس شکل و شمائل کی ہیں، ان کے لباس اور انداز کیسے ہیں، ان کے پاس مال کتنا اور کس قسم کا ہے۔ ان دکاندارنوں کو سمجھایا: “آج جہاں پناہ تمھاری دکان میں تشریف لائیں گے، ان کے سامنے کسی کی زبان سے کوئی بدتمیزی کا کلمہ نہ نکلے۔ اپنے ناز و انداز اور اپنی زیبائی و رعنائی دکھانے میں کوتاہی نہ کرنا۔ اس کے ساتھ تمھاری متانت اور سنجیدگی میں فرق نہ آئے۔ ممکن ہے کہ حضرت کسی کے ساتھ کوئی شوخی کریں، تم بھی اُسی کے مناسب شوخ جواب دینا۔ مگر ایسا نہ ہو کہ شوخی میں بے باکی اور بے حیائی پیدا ہو جائے”۔
سب کو مناسب نصیحتیں کر کے تھوڑی دیر اپنی کوشک میں ٹھہریں اور بارہ بجے سے پہلے محل میں داخل ہو گئیں۔ اندر قدم رکھتے ہی معلوم ہوا کہ جہاں پناہ دربار سے فارغ ہو کر محل میں تشریف لا چکے۔ فوراً پاس جا بیٹھیں اور پوچھا “حضرت خاصہ تناول فرما چکے؟”
جہاں پناہ: نہیں۔ تمھارے آنے کا انتظار کر رہا تھا۔ دسترخوان بچھانے کا حکم دو اور بتاؤ کہ تم مینا بازار کو دیکھ آئیں؟
تاج محل: جی ہاں دیکھ آئی۔ ہر چیز اپنی اعلیٰ بہار دکھانے کے لیے حضور کا انتظار کر رہی ہے۔
جہاں پناہ: میرے کل کے طرز عمل سے کوئی شاکی تو نہیں ہے؟
تاج محل: کوئی نہیں۔ بلکہ ہر دکان والی اور ہر سیر کرنے والی شکر گزار ہے کہ حضرت نے ان کی عزت افزائی فرمائی اور ہر عورت کی زبان پر ہے کہ رعایا کی عزت و آبرو کے نگہبان تاجدار کو ایسا ہی ہونا چاہیے جیسے کہ حضرت ظل سبحانی ہیں۔
جہاں پناہ: اور سچ بتاؤ تم نے وہاں کوئی ایسی بات تو نہیں سُنی کہ تمھارے دل میں مجھ سے شکایت پیدا ہوئی ہو؟
تاج محل: ایسی کوئی بات نہیں سُنی اور سنتی بھی تو مجھے شکایت نہ ہوتی۔
جہاں پناہ: میں تمھاری اس محبت کا شکر گزار ہوں اور تم سی ملکہ ملنے پر اکثر خدا کا شکر کیا کرتا ہوں۔ مگر یہ بتاؤ کہ میرے ساتھ جو بہت سے امرا و معزز اہل دربار اندر گئے تھے، عورتوں کو اُن کا سامنے ہونے کی شکایت تو نہیں ہے؟ یا اُن میں سے کسی نے کوئی ایسی حرکت تو نہیں کی جو کسی خاتون کو ناگوار گذری ہو؟ اگرچہ میں اُن کی وضع و حالت کو غور سے دیکھتا رہتا تھا۔ مگر اکثر یہ ہوا کہ میں دکانوں کے اندر جا کے دکان والیوں میں مشغول ہوا اور وہ سب باہر کھڑے رہے یا کسی دوسری دکان میں چلے گئے۔ میری نظر سے باہر ہونے کے بعد ممکن ہے کہ کسی سے کوئی نالائق حرکت سرزد ہو گئی ہو۔
تاج محل: اس کی بھی کسی نے شکایت نہیں کی۔ میں نے کُرید کُرید کے ایک ایک سے پوچھا اور کسی کو بھی شاکی نہیں پایا۔ جب آپ سارے ہمراہیوں کو تاکیدی حکم فرما چکے تھے کہ کوئی کسی عورت کو ناجائز شوق کی نگاہ سے نہ دیکھے تو بھلا کس کی مجال تھی کہ کسی کی طرف آنکھ اُٹھا کے بھی دیکھتا؟ بعض عورتوں کا بیان ہے کہ وہ لوگ اس طرح نظریں نیچی کیے ہوئے تھے کہ اس میں شک ہے کہ انھوں نے کسی عورت کو غور سے دیکھا بھی یا نہیں۔
جہاں پناہ: تم نے مجھے خوش کر دیا اور الحمد للہ کہ میں اس کوشش میں کامیاب ہوا۔
اب دسترخوان بچھ چکا تھا۔ حضرت صاحب قران ثانی اور ملکہ ممتاز الزمانی بیگم صاحبہ نے کھانا کھایا اور ہاتھ دھوتے ہی جہاں پناہ ہوا دار پر بیٹھ کے برآمد ہوئے۔ امرائے دربار و معززین باریاب حاضر تھے۔ فوراً جہاں پناہ عماری میں رونق افروز ہو کر اُسی کل کے کر و فر اور شان و شکوہ سے مینا بازار کی طرف روانہ ہوئے۔ اُسی شوکت اور دبدبے سے اندر داخل ہو کے چند منٹ کوشکِ شاہی میں قیام فرمایا اور پھر پاپیادہ بازار کی سیر میں مصروف ہو گئے۔
سہ پہر کے آغاز میں سیر شروع کی تھی اور دو گھڑی دن رہے تیسری سڑک کو ختم کر کے چوتھی سڑک میں قدم رکھا۔ اس سڑک کے شروع ہی پر ایک دکان نظر آئی جو سب دکانوں سے زیادہ سجی ہوئی تھی۔ جہاں پناہ نے اندر قدم رکھا تو ایک ماہ وَش، آفت روز گار، گل اندام ایسے ناز و انداز اور ادائے معشوقانہ سے جھک کےآداب بجا لائی کہ بادشاہ حیران رہ گئے۔ اُس کی وضع دیکھی تو ایسے بانکپن کی سجاوٹ کبھی نہ دیکھی تھی۔ صورت دیکھی تو ایسی ماہرو گلبدن کبھی نظر سے نہ گذری تھی۔ پھر اس کی میز کی طرف نظر دوڑائی تو اس میں بغیر کسی سامان کے ایسی بلا کی صفائی اور سادگی تھی کہ ہزار زینتیں اس پر قربان ہیں۔ یہ مہ جبین بجُز کانوں میں دو زمرد کے آویزوں اور گلے میں ایک نہایت نفیس جڑاؤ چمپا کلی کے کوئی زیور نہیں پہنے تھی۔ بلکہ معلوم ہوتا کہ اپنا سارا زیور اتار کے میز پر خوبصورتی سے آراستہ کر دیا ہے۔
جہاں پناہ نے اُس کی وضع و لباس، شکل و شمائل اور بانکی اداؤں کو بے مثال پایا تو جی چاہا کہ اُس کے انداز گفتگو کو بھی ملاحظہ فرمائیں۔ میز پر جو زیور رکھا تھا اس کی طرف اشارہ کر کے فرمایا: “یہ زیور بجائے میز کے تمھارے جسم پر ہوتا تو اس سے زیادہ خوبصورت نظر آتا”۔
نازنین: کیا میری صورت کو اس کی ضرورت ہے؟
جہاں پناہ: ضرورت تو نہیں، مگر اس کی رونق بڑھ جاتی۔
نازنین: مجھ سے تو کہا گیا تھا کہ چہرے کی آب و تاب کے آگے اس کی جلا ماند پڑھ جائے گی اور جہاں پناہ کو پسند نہ آئے گا۔
جہاں پناہ: اس میں شک نہیں۔ مگر میں تو جب ہی اس کی قدر کروں گا جب تمھارے پنڈے پر ہو۔
نازنین: مجھے پہن کے دکھانے میں عذر نہیں، مگر اس زیور کے ساتھ لونڈی بھی پسند آ گئی تو قیامت ہو جائے گی۔
جہاں پناہ (سوچ کر): بے شک قیامت آ جائے گی، مگر صرف اس کے لیے جو تمھیں اس زیور میں دیکھے گا، تمھارے واسطے کوئی اندیشہ کی بات نہیں۔
نازنین: حضرت کی یہی مرضی ہے تو کیا عذر ہو سکتا ہے؟ اتنی اجازت ہو کہ اس زیور کو اُدھر پردے میں جا کے پہن آؤں۔
جہاں پناہ نے اجازت دے دی اور وہ سارا زیور چلمن کے اُدھر لے جا کے پہننے لگی اور جب تک وہ غائب رہی ایک دوسری خاتون جو اس کے قرابت داروں میں تھی بادشاہ کے سامنے مؤدب و دست بستہ کھڑی رہی مگر جہاں پناہ نے اس سے کوئی بات نہیں کی۔ چند ہی منٹ بادشاہ کو انتظار کرنا پڑا ہوگا کہ وہ حور وَش نازنین عروس چہاردہ سالہ کی طرح اس انداز سے چمک کر چلمن سے برآمد ہوئی کہ گویا چودھویں رات کا چاند یکایک پردۂ ابر میں سے نکل آیا۔ رخِ زیبا کے ساتھ جواہرات نے ایک ساتھ کچھ ایسی چمک دمک دکھائی کہ بادشاہ کی نظر جھلملا گئی۔ پھر اس پر سر سے پاؤں تک نظر ڈال کے فرمایا: “اب بے شک یہ زیور نہایت قیمتی ہے اور اس سے اچھا محل اس کے لیے دنیا بھر میں نہیں ہو سکتا”۔
نازنین: یہ زیور تو لونڈی کو عطا ہوگیا۔ اب میرے پاس کیا رہا ہے جو حضرت کی نذر کروں؟
جہاں پناہ: اس کو تمھارے جسم پر دیکھنے کی قیمت خود اس کی قیمت سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ اور کوئی چیز بھی تمھارے پاس فروخت کے لیے ہے؟
نازنین: ایک الماس کا نہایت ہی قیمتی نگینہ اور ہے، بشرطیکہ کہ حضور کو پسند آئے۔
جہاں پناہ: لاؤ دکھاؤ۔ تمھاری نظر میں قیمتی ہے تو بے بہا ہوگا۔
یہ سنتے ہی نازنین بجلی کی طرح چمک کے چلمن کے پیچھے سے ایک سونے کی ڈبیا اٹھا لائی۔ اُسے کھول کے بڑی احتیاط سے ایک الماس کا سا بڑا کنول نکالا اور ہتھیلی پر رکھ کے نذر کے انداز سے حضرت شاہنشاہ عالی جاہ کے سامنے پیش کیا۔ بادشاہ نے اُس کو اُٹھا کے غور سے دیکھا، پھر دکان کے باہر آ کے روشنی میں ملاحظہ فرماما۔ اس کے بعد مسکراتے ہوئے ہوئے اندر آئے اور فرمایا: “بے شک بے مثل نگینہ ہے۔ ایسا الماس کسی نے نہ دیکھا ہوگا اور لطف یہ کہ تمھارے لبِ شیریں اور ادائے شیریں کی پوری صفتیں اس میں جمع ہو گئی ہیں۔ قیمت کیا ہے؟”
نازنین (مسکرا کر): ایک لاکھ روپیہ۔
جہاں پناہ: بہت سستا ہے، میں نے خوشی سے لیا۔
اور پلٹ کے خزانچی کو بلا کے دکھایا، پھر واپس لے کر جیب میں رکھ لیا اور حکم فرمایا کہ اسی وقت اس خاتون کو دو لاکھ روپیہ دے دو۔ پھر اُس نازنین کی طرف متوجہ ہو کر ارشاد کیا: “ایک لاکھ روپیہ اس کی قیمت ہے کہ اس زیور کو تمھارے جسم پر دیکھا اور ایک لاکھ روپیہ اس نگینہ کی”۔ نازنین جھک کے آداب بجا لائی، اور بادشاہ اُس سے کچھ اور کہنے کو تھے کہ خزانچی نے بڑھ کے کان میں عرض کیا: “حضور یہ تو مصری کی ڈلی ہے جس کو کسی ہوشیار نگینہ تراش نے الماس کا کنول بنا دیا ہے”۔ سنتے ہی بادشاہ نے بے اختیار قہقہہ مار کے کہا: “تم اتنے بڑے جوہری ہو اور آج تک جواہرات کا پہچاننا نہ آیا۔ یہ سب سے زیادہ قیمتی ہیرا ہے جو تمھاری نظر سے کبھی نہیں گذرا۔ جاؤ ابھی روپیہ ادا کرو، نگینوں کا پہچاننا سیکھو اور پھر ایسی غلطی نہ کرنا”۔
اس کے جانے کے بعد جہاں پناہ نے اس نازنین کی طرف پھر توجہ کی۔ اس کے چہرے اور اُس کی وضع و لباس کو غور سے دیکھا اور اُس کا ہاتھ پکڑ کے فرمایا: “میری تم سے ایک درخوست ہے، اُمید ہے کہ قبول کرو گی”۔
نازنین: لونڈی کو بھلا کسی حکم کے بجا لانےمیں عذر ہو سکتا ہے؟
جہاں پناہ: تمھاری باتوں سے ابھی جی نہیں بھرا۔ چاہتا ہوں کہ پاس بیٹھ کے ذرا اطمینان سے باتیں کروں۔ اس لیے آج شب کو میرے ساتھ کھانا کھاؤ اور میری دعوت قبول کرو۔
نازنین: لونڈی کی کمال عزت افزائی ہے اور خوشی سے حاضر ہوگی۔
جہاں پناہ: میں سواری کا حکم دیے دیتا ہوں۔ میرے سوار ہونے کے دو گھڑی بعد روانہ ہو کے محل میں پہنچ جانا۔
نازنین: لونڈی ضرور حاضر ہوگی۔
اب جہاں پناہ اور دکانوں کی سیر میں مصروف ہوئے۔ مگر دل کی یہ حالت تھی کہ کسی دکان میں دل نہ لگتا۔ اس نازنین کی صورت دل میں بسی ہوئی تھی اور جس دکان میں تشریف لے جاتے، آنکھوں کے سامنے آ کے اپنی طرف متوجہ کر لیتی۔ جس طرح بنا جلد جلد دکانوں میں پھر کے اور وضعداری کے لیے سب جگہ خریداری کر کے مغرب سے پہلے ہی سوار ہو کے محل کی طرف روانہ ہو گئے۔
آٹھواں باب
بندگی بیچارگی
جہاں پناہ اس نازنین کی دکان سے نکل کے تشریف لے گئے تو اس کی عجیب حالت تھی۔ ہوش و حواس بجا نہ تھے۔ دم بخود تھی اور فکروں کے دریا میں غوطے کھا رہی تھی۔ آخر اُٹھ کے خلوت کے کمرے میں جا کے اپنی اس عزیز خاتون کو بلایا جو اس کی بچپن کی سہیلی اور ہم دم و ہم راز تھی۔ وہ جیسے ہی پاس آ کے بیٹھی، کہا: “شوکت آرا! بڑا غضب ہوا۔ جہاں پناہ چلتے وقت اپنے یہاں دعوت دے گئے ہیں۔ رعب شاہی سے میں انکار نہ کر سکی اور آنے کا اقرار کر لیا۔ اب تھوڑی ہی دیر میں مجھے لے جانے کو فنس آتی ہوگی”۔
شوکت آرا (ہنس کر): تو پھر فکر کس بات کی؟ جاؤ، مزے کرو۔ ہمیں نہ بھول جانا۔ میں پہلے ہی کہا کرتی تھی کہ تمھارا حُسن شاہی محلوں کے قابل ہے۔ خدا نے میری وہ تمنا پوری کر دی۔
نازنین: یہ بنانے اور چٹکیوں میں اُڑانے کی بات نہیں ہے۔ میں پوچھتی ہوں کہ میرا حشر کیا ہوگا؟ بادشاہ کے یہاں نہ جاؤں مجال نہیں۔ چھپنے والی بات ہے نہیں کہ گھر میں خبر نہ ہو۔ آج ہی سارے بازار میں مشہور ہو جائے گا۔ اُدھر میرے میاں اس مزاج کے آدمی ہیں کہ میرے یہاں آنے کے بھی روادار نہ تھے۔ کچھ بادشاہ کے حکم سے کچھ اپنی ماں بہنوں کے اصرار سے اس کو جبراً منظور کر لیا اور اس میں بھی یہ شرط لگا دی کہ تم میرے ساتھ رہو اور ہر وقت دیکھتی رہو کہ میں کسی سے بات اور اشارے تو نہیں کرتی۔ اب میرے محل میں جانے کا حال سنیں نے تو کیا ہوگا؟ سپاہی آدمی ہیں۔ دربار کے بڑے معزز امیروں میں شمار کیے جاتے ہیں اور عزت و ناموس کا اس قدر خیال ہے کہ میری ناک کاٹ لیں، چوٹی کاٹ لیں، مار ڈالیں جو نہ کر گذریں تعجب ہے۔
یہ نازنین دربار شاہجہانی کے پنج ہزاری منصب دار اور نامی رسالدار جمال خان کی بیوی تھی۔ اصلی نام گلرخ بیگم تھا۔ ایک معزز دولت مند گھرانے کی بیٹی تھی اور جمال خان اس کی صورت کا ایسا عاشق زار تھا کہ جس دن بیاہ کے آئی اسی روز اس کا نام “جمال آرا” قرار دے دیا۔ اس فریفتگی کے ساتھ غیرت و حسد اس درجہ بڑھا ہوا تھا کہ بیوی کو کسی امیر کے یہاں نہ جانے دیتا۔ مینا بازار کے آنے کے بھی خلاف تھا۔ مگر نواب سعد اللہ خان وزیر سلطنت نے باہر اور خود اس کی ماں نے اندر سمجھایا کہ یہ بالکل نامناسب ہے۔ بادشاہ سے پردہ ہی کیا اور پھر وہاں تو چہروں پر نقاب ڈالنے کی عام اجازت ہے۔ اس اجازت پر بھی تم نے بیوی کو مینا بازار میں نہ بھیجا تو نواب ممتاز الزمانی بیگم کو ملال ہوگا اور پھر حضرت جہاں پناہ کے دل میں بھی میل آ جائے گا”۔ وزیر سلطنت کے کہنے کا تو اُس پر کچھ اثر نہ ہوا مگر ماں کے کہنے سے مان گیا، اور بیوی کو چلتے چلاتے تاکید کر دی کہ تم بغیر نقاب کے بادشاہ کا سامنا نہ کرنا۔ مگر یہاں آنے پر تمام امیروں کی بیویوں نے جو بازار میں موجود تھیں اور خود اس کی چچیری بہن شوکت آرا نے اسے مجبور کیا کہ بادشاہ سے پردہ نہ کرنا چاہیے اور جب ساری عورتوں میں اکیلی تم ہی نقاب دار ہوگی تو بادشاہ خواہ مخواہ نقاب اُلٹوانے کا حکم دیں گے۔ رہا میاں کا حکم تو ان سے کہنے کون جائے گا۔ غرض سب کے کہنے سے غریب گلرخ بادشاہ سے بے نقاب ملی اور اب محل میں حاضر ہونے کا حکم ہوا تو حواس جاتے رہے۔
شوکت آرا اُس کی گفتگو سُن کر دیر تک کچھ جواب نہ دے سکی۔ پھر بولی: “ہے تو حقیقت میں بڑے غضب کی بات، مگر اب اس کا علاج ہی کیا ہو سکتا ہے؟ تمھیں جانا ضرور پڑے گا اور اب اتنا وقت نہیں ہے کہ نواب جمال خان کو خبر کی جائے”۔
گلرخ بیگم: پھر میں تو کہیں کی نہ رہی؟ اگر جھوٹوں بھی سُن لیا کہ میں محل میں گئی تھی تو بے جان لیے نہ رہیں گے۔
شوکت آرا: مگر اس میں تمھارا قصور ہی کیا ہے؟
گلرخ بیگم: یہ قصور نہیں ہے کہ بے نقاب بادشاہ کے سامنے ہو گئی؟ تم ہی نے مجھے خراب کیا۔
شوکت آرا: جب تک انھیں خبر ہو، تم محل میں پہنچ چکو گی۔ میرے نزدیک تو جس طرح انُ کی بغیر اجازت کے بادشاہ کا سامنا کیا، محل میں بھی چلی جاؤ اور جہاں تک بنے بہت جلد واپس چلی آنا۔ اگر نواب جمال خان کو خبر ہو گئی تو اپنی مجبوری کو ظاہر کر دینا اور نہ خبر ہوئی تو جانو کہ بلا ٹل گئی۔
یہ باتیں ہو ہی رہی تھیں کہ ایک شاہی محل دار فنس لے کے آ گئی اور تقاضا کرنےلگی کہ جلدی سوار ہو۔ جہاں پناہ محل میں پہنچتے ہی تم کو پوچھیں گے اور موجود نہ ہوئیں تو ہم سب پر قیامت آ جائے گی۔
اب گلرخ بیگم عرف جمال آرا کے اور ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ شوکت آرا کو پشت کے کمرے میں لے جا کے کہا: “میں تو قیدیوں کی طرح جاتی ہوں۔ مگر تم اتنا کرو کہ اسی وقت گھر میں آدمی بھیج کے انھیں خبر کر دو۔ یہ چھپنے والی بات نہیں ہے، صبح تک سارے شہر میں مشہور ہو جائے گا اور انھیں دوسروں سے معلوم ہوگا تو میرے لیے عذر خواہی اور مجبوری ظاہر کرنے کی بھی گنجائش نہ رہے گی۔ میری اچھی بہن! اس میں دیر نہ لگانا۔ اگر ذرا بھی دیر ہوئی تو میں جانوں گی کہ تم بہن نہیں، میری دشمن ہو”۔ اتنا کہا اور بغیر جواب کا انتظار کیے دوڑ کے فنس میں سوار ہو گئی۔
جہاں پناہ جو محل میں پہنچے تو فوراً نواب ممتاز الزمانی بیگم کو بُلوا کے پاس بٹھایا پھر سب کو ہٹا دیا اور کہا: “آج میں نے ایک ایسی حرکت کی کہ تم سے معافی مانگنے کی ضرورت ہے”۔
تاج محل: وہ کیا؟ حضرت ارشاد تو فرمائیں اور مجھ سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں کیونکہ جو حضرت کی مرضی اور خوشی ہو وہی میری ہے۔
جہاں پناہ: آج مینا بازار میں ایک ایسی پری جمال ماہ وَش نظر سے گذری کہ بے اختیار دل ہاتھ سے جاتا رہا۔ میں نے اپنی طبیعت کو بہت روکنا چاہا مگر دل قابو سے باہر تھا۔ حیرت و فریفتگی سے اُس کا رخ زیبا دیکھا اور باتیں کرنے لگا۔ اس کے بعد جہاں پناہ نے وہ تمام باتیں بیان کیں جو اس نازنین سے ہوئی تھیں اور جو جو واقعات پیش آئے تھے سب بلا کم و کاست ظاہر کر دیے۔ پھر آخر میں جب یہ بیان کیا کہ “میں اُسے اسی وقت رات کو اپنے ساتھ دسترخوان پر کھانا کھانے کے لیے بُلا آیا ہوں” تو نواب ممتاز محل حیران رہ گئیں اور گھبرا کے پوچھا: “اور حضرت نے یہ بھی دریافت کر لیا کہ وہ کون ہے؟ کس خاندان کی ہے؟ کسی کی جورو ہے یا بیٹی ہے؟”
جہاں پناہ: وفور شوق میں اس کے پوچھنے کی نوبت ہی نہیں آئی۔ اُس کی دکان سے نکلا تو اُس کی خیالی تصویر اس طرح آنکھوں کے سامنے پھرتی اور اپنے کرشموں میں لبھا رہی تھی کہ راہ میں مجھے کسی اور سے بھی دریافت کرنے کا موقع نہ ملا۔
تاج محل: لیکن حضرت نے یہ بڑی بے احتیاطی کی، خدا جانے وہ کون ہے؟ اگر کسی کی جورو ہوئی تو بڑے غضب کی بات ہوگی۔ ممکن ہے کہ اس کا شوہر غیرت کے جوش میں خودکشی کر لے یا اور کوئی ایسی حرکت کر گذرے جس میں بدنامی ہو۔
جہاں پناہ: مگر میں نے اسے کسی بُرے ارادے سے نہیں بلایا ہے۔ دعوت کے بہانے فقط اتنا چاہتا ہوں کہ دو گھڑی اُس سے اطمینان کے ساتھ باتیں کروں۔ کیا کسی کی دعوت کرنا بھی گناہ ہے؟
تاج محل: کسی غیر کی جورو کو دعوت میں اپنے یہاں بلا لینا حضرت کے نزدیک چاہے معمولی بات ہو مگر اُس کے شوہر کے لیے تو ڈوب مرنے کا مقام ہے۔
جہاں پناہ: تمھارے لیے کوئی بد گمانی کا محل نہیں ہے۔ تمھارے اطمینان ہی کے واسطے میں نے اس کو یہیں بلوایا ہے تاکہ پہلے تم اس سے ملو اور اپنے ساتھ میرے پاس لے آؤ۔ اس میں یہ بھی مصلحت ہے کہ جب وہ ہر وقت تمھارے پاس رہے گی اور بغیر تمھاری موجودگی کے میں اُس سے نہ ملوں گا تو جس تمھیں بد گمان ہونے کا حق نہیں ہے، اُسی طرح اُس کے شوہر کو بھی کسی طرح کی بد گمانی نہ کرنی چاہیے۔
تاج محل: مجھے تو کسی حال میں بد گمانی نہ ہوگی چاہے حضور میرے سامنے ملیں یا اکیلے میں، مگر اس کے شوہر کو اطمینان ہو یہ مشکل ہے۔ اُس کی رسوائی کے لیے تو اتنا ہی کافی ہے کہ اس کی جورو حضور کے محل میں آئی۔
جہاں پناہ: تمام وزیروں اور امیروں کی بیویاں برابر یہاں آتی اور مجھ سے ملتی ہیں۔ کسی کی بے حرمتی نہیں ہوتی۔ صرف اُسی شخص کی عزت جاتی رہے گی؟
اتنے میں محل دار نے آ کے اطلاع کی کہ جن بیوی کو حضرت نے مہمان بلایا ہے وہ آ گئیں۔ سنتے ہی جہاں پناہ نے نواب ممتاز الزمانی بیگم سے فرمایا: “تم پہلے اپنے سامنے بلا کے اس عورت سے ملو۔ اس کو بھی دریافت کر لو کہ کون ہے اور کس درجے کی ہے اور گو کہ شوق کے ہاتھوں بے تاب ہو کر اُسے محل میں بُلوا لیا، لیکن تم کو اختیار دیتا ہوں کہ چاہو مجھ سے ملاؤ یا نہ ملاؤ”۔
تاج محل: جو چیز حضرت کے شوق کی ہو اس کو پورا کرنا میرا فرض ہے۔ میں جاتی ہوں، اُس سے سب باتیں پوچھ کر لے آؤں گی اور لا کے حضرت کے پاس دسترخوان پر بٹھا دوں گی۔ جہاں پناہ نے جو وعدہ کر کے بلایا ہے اس کو ضرور پورا ہونا چاہیے۔
یہ کہہ کے نواب ممتاز الزمانی بیگم اُٹھ کے اپنے خاص دیوان خانے میں گئیں اور محل دار کو حکم دیا کہ اُسے لے آئے۔ سامنے آتے ہی جمال آرا گلرخ بیگم آداب بجا لائی اور ملکہ ٔ جہان نے بلا کے اپنے قریب بٹھا لیا اور باتیں کرنے لگیں۔ مگر دیکھا کہ وہ نہایت خوف زدہ اور سہمی ہوئی سی ہے۔ پوچھا: تم گھبراتی کیوں ہو؟ جہاں پناہ کو تمھاری باتیں اچھی معلوم ہوئیں، اس لیے بلا لیا۔ اس میں کوئی اندیشے کی بات نہیں ہے۔
گلرخ بیگم: حضرت ظل سبحانی کی عنایت و مرحمت سے مجھے کسی بات کا اندیشہ نہیں ہے۔ مگر اپنے شوہر سے ڈرتی ہوں جن کی اجازت کے بغیر یہاں چلی آئی۔
تاج محل: کیا تمھارے شوہر تمھارے یہاں آنے کو پسند نہیں کرتے؟
گلرخ بیگم: کیا جانوں کہ وہ اس کو پسند کریں گے یا نہیں؟ مگر ہیں بڑے بد گمان اور وہمی طبیعت کے آدمی۔ میں تو سمجھتی ہوں کہ حضور تک رسائی ہونے اور حضرت شہنشاہ کی خدمت میں باریاب ہونے سے میری عزت ہو گئی اور سر افتخار آسمان پر پہنچ گیا۔ مگر نہیں جانتی کہ وہ کیاخیال کریں گے، خاص کر جب کہ میں نے آج تک کبھی کوئی کام بغیر اُن سے پوچھے اور اُن کی مرضی لیے نہیں کیا ہے۔
تاج محل: اُن کا نام تو بتاؤ۔ شاید میں جانتی ہوں۔
گلرخ بیگم: حضور ہی کے غلاموں میں ہیں، ملکۂ جہاں نے ضرور اُن کا نام سنا ہوگا۔ (پھر شرما کے اور آنکھیں نیچی کر کے کہا) دربار کے اعلیٰ منصب داروں میں ایک پنج ہزاری امیر ہیں جمال خان جو رسالداری کے عہدے پر بھی سرفراز ہیں۔
تاج محل: ہاں جانتی ہوں۔ تم گھبراؤ نہیں۔ میں اُن کے پاس کہلا بھیجوں گی کہ مینا بازار میں تم سے خوش ہو کر جہاں پناہ نے تمھیں دو گھڑی باتیں کرنے کے لیے محل میں بلا لیا اور اپنے ساتھ خاصے پر بٹھا کے تمھیں اور تمھاری بیوی کو سرفراز کیا۔
گلرخ بیگم: جو حضور کی مرضی ہو۔ خدا کرے اس سے اُن کا اطمینان ہو جائے اور اب تو جو ہونا ہے ہوئے ہی گا۔
تاج محل: اس کی فکر نہ کرو، جو کچھ ہوگا بہتر ہوگا اور جمال خان کی اتنی مجال نہیں کہ جہاں پناہ کے پاس آنے پر تمھیں الزام دیں۔ اگر یہ باتیں انھیں گوارا نہ تھیں تو مینا بازار میں کیوں بھیجا تھا؟ اور تمھارا نام کیا ہے؟
گلرخ بیگم: میرا گھر کا نام تو گلرخ ہے مگر سسرال میں جمال آرا کے لقب سے مشہور ہوں۔
تاج محل: معلوم ہوتا ہے تمھارے میاں کو تم سے بڑی محبت ہے۔ اس محبت ہی کی وجہ سے انھوں نے اپنا اور تمھارا نام ایک ہی کر لیا۔
گلرخ بیگم: تھا تو ایسا ہی۔ مگر اب دیکھیے کیاہوتا ہے؟
تاج محل: کچھ نہ ہوگا اور جیسی محبت تم میں آج تک رہی بعد بھی رہے گی۔ خیر اب چل کے حضرت جہاں پناہ کے پاس بیٹھو۔
یہ کہتے ہی نواب تاج محل گلرخ بیگم کو ساتھ لے کے جہاں پناہ کے پاس تشریف لے گئیں اور گلرخ بیگم کو پیش کیا، جو سامنا ہوتے ہی نقیبہ کی صدائے تادیب سُن کر بہت جھک کے آداب بجا لائی۔ اور جہاں پناہ نے فرمایا: “تم آ گئیں؟ میں منتظر تھا۔ آؤ بیٹھو” کہہ کے اپنے قریب بٹھا لیا اور نواب تاج محل نے کہا: “یہ آپ کے پنج ہزاری منصب دار اور بہادر سپہ سالار جمال خان کی بیوی گلرخ بیگم ہیں مگر ان کے میاں ان کو جمال آرا کے لقب سے یاد کرتےہیں”۔
جہاں پناہ: جمال خان کی بیوی ہیں! اُن کا اصلی نام یوسف خان تھا، میں نے جمال خان کا خطاب دیا۔
تاج محل: اور انھوں نے اپنے ساتھ ان کو جمال آرا بنا کے حضرت کی سرفرازی میں شریک کر لیا۔
جہاں پناہ: اور یہ ہر طرح اس خطاب کی اہل تھیں۔ ان کے میاں بھی بڑے خوبصورت آدمی ہیں۔ دربار کے امرا میں کوئی اتنا خوش رُو اور وجیہ نہیں ہے اور یہی دیکھ کر میں نے انھیں جمال خان کا خطاب دیا۔ مگر یہ اب معلوم ہوا کہ جیسے خوبصورت وہ ہیں ویسی ہی پری جمال بیوی بھی انھیں مل گئی۔
اب نواب ممتاز الزمانی بیگم نے یہ خیال کر کے کہ جب تک میں یہاں ہوں، جہاں پناہ اس حور وَش خاتون کے ساتھ آزادی اور بے تکلفی سے باتیں نہ کر سکیں گے، اُٹھ جانے کا ارادہ کیا۔ یہ دیکھ کر بادشاہ نے روکا اور کہا: “بیگم کہاں چلیں؟ تم سے مجھ سے اقرار ہے کہ ان سے جو کچھ باتیں کروں گا تمھارے سامنے کروں گا”۔
تاج محل: ابھی آئی، ایک ضروری کام کو جاتی ہوں۔
یہ کہہ کے نواب تاج محل اٹھ کے چلی گئیں اور جہاں پناہ نے گلرخ بیگم کی طرف متوجہ ہو کر کہا: “مجھے تمھارا انتظار تھا اور تمھارے آنے سے بڑی خوشی ہوئی۔ آج مینا بازار میں تمھاری باتوں اور اداؤں نے میرے دل پر کچھ ایسا اثر کیا کہ بغیر تمھارے کھانے میں مزہ نہ آتا”۔
گلرخ بیگم: حضرت کی عنایت و شفقت کا شکریہ ادا ہونا غیر ممکن ہے اور لونڈی کی یہ بڑی خوش نصیبی ہے۔ مگر لونڈی کی قسمت اس کے قابل نہیں ہے۔
جہاں پناہ: تم تو بڑی خوش نصیب ہو۔ اس حُسن و جمال پر خدا کا شکر کرو جس کی بدولت تم سے زیادہ خوش نصیب دنیا بھر میں کوئی نہیں ہے۔
گلرخ بیگم: اور اس آستان دولت تک باریاب ہونا اس سے بھی بڑی خوش نصیبی ہوتی مگر۔۔۔۔۔
مگر کہہ کے چپ ہو گئی اور چہرے پر حسرت برسنے لگی۔ جہاں پناہ پہلے ہی دل میں کہہ رہے تھے کہ یہاں اس نازنین میں وہ شوخ ادائی نہیں ہے جو مینا بازار میں دیکھتی تھی اور اب جو اُس کا حسرت بھرا چہرہ دیکھا تو فرمایا: “شاید تمھیں اندیشہ ہے کہ جمال خان کو تمھارا یہاں چلا آنا ناگوار ہوگا۔ ایسا نہیں ہو سکتا۔ اس کی اتنی مجال نہیں کہ میرے ساتھ کھانا کھانے پر ناراض ہو۔ میں نے تم کو کسی بُری نیت سے نہیں بلایا ہے۔ فقط اتنا چاہتا ہوں کہ دو تین دن تم کو محل میں روک کے تمھاری باتوں سے لطف اٹھاؤں اور تمھاری پیاری صورت ملکۂ جہاں ممتاز الزمانی بیگم کو دکھاؤں۔ تم سمجھ سکتی ہو کہ ذرا بھی بُرائی خیال میں ہوتی تو تم کو ممتاز الزمانی بیگم سے نہ ملاتا۔
گلرخ بیگم: بے شک مجھے حضرت کی نیک نفسی و پاکبازی پر پورا بھروسا ہے۔ مگر خدا کرتا اسے بھی اطمینان ہوتا جس سے میرا سابقہ ہے۔
جہاں پناہ: اس کی اتنی مجال نہیں کہ مجھ پر یا تم پر کسی قسم کی بد گمانی کرے۔
اتنے میں نواب تاج محل نے آ کے دسترخوان بچھانے کا حکم دیا، اور اُس پر تمام الوان نعمت چنے جا چکے تھے کہ ایک محل دار دوڑتی ہوئی آئی اور عرض کیا: “حضور شاہزادی جہاں آرا بیگم کی طبیعت کچھ ناساز ہو گئی ہےا ور حضرت ملکۂ جہاں کو یاد فرماتی ہیں”۔ یہ سنتے ہی نواب تاج محل نے جہاں پناہ سے عرض کیا کہ حضور خاصہ نوش فرمائیں، میں دم بھر کو اُس سے جا کے مل آؤں۔
جہاں پناہ: تو کھانا کھا کے جانا۔
تاج محل: نہیں اس وقت میں نہ کھاؤں گی۔
جہاں پناہ: تو وہاں پہنچتے ہی خیریت کہلا بھیجنا اور جو حال ہو اُس کی خبر کر دینا۔
تاج محل: میں ابھی کہلائے بھیجتی ہوں۔ یہ کہہ کے وہ اُٹھ کے چلی گئیں۔ اصل میں شاہزادی کو کسی قسم کی شکایت نہ تھی مگر تاج محل صاحبہ خود ہی یہ بہانہ پیدا کر کے چلی گئیں تاکہ جہاں پناہ آزادی سے اپنی نئی محبوبہ گلرخ کے ساتھ باتیں کریں اور ملیں اور اُسے بھی آزادی سے باتیں کرنے کی جرأت ہو۔ بادشاہ اس کو بخوبی سمجھ گئے مگر مصلحت جان کر زبردستی نہیں روکا۔بلکہ دل ہی دل میں چلے جانے پر اُن کے شکر گزار ہوئے۔
خاصے پر آخر تک یہ حالت رہی کہ جہاں پناہ چھیڑ چھیڑ کے گلرخ بیگم سے باتیں کرتے اور اُسے بے باک و بے تکلف بنانا چاہتے مگر وہ خاموش تھی اور ہر بات کا سیدھا سادہ جواب دے دینے کے سوا اور کوئی بات نہ کرتی۔ آخر جہاں پناہ نے فرمایا: “رات کو تم نے جو الماس میرے ہاتھ بیچا تھا وہ مجھے بہت عزیز ہے۔ مگر اب تمھاری بے رُخیاں یہ غضب نہ ڈھائیں کہ کسی سے اس کے کھا لینے کے سوا کوئی تدبیر نہ بن پڑے۔
گلرخ بیگم: وہ الماس حضور کو ایسی شکر گزار و پاکدامن لونڈی کے ہاتھ سے ملا ہے کہ بجائے (خدانخواستہ) زہر کا اثر دکھانے کے نوش جان بن جائے گا۔
جہاں پناہ: اس میں اگر زہر کا اثر نہ ہو تو بھی تمھاری کج ادائیاں پیدا کر دیں گی۔
اس جواب پر گلرخ بیگم کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے اور جہاں پناہ نے گھبرا کے کہا: “یہ کیوں؟ یہ کیوں؟ کیا میں نے کوئی ایسی بات کی جو تمھیں ناگوار گذرے؟ یا اُس سے تمھاری عزت و آبرو میں فرق آئے؟
گلرخ بیگم: حضور کی بھلا کیا شکایت ہو سکتی ہے؟ رونا فقط اپنی قسمت کا ہے۔ ایک طرف تو میں اتنی بڑی خوش نصیب ہوں کہ کوئی عورت نہ ہوگی۔ اس درگاہ تک باریابی ہوئی، حکومت و دولت اور عزت سب لونڈیوں کی طرح سامنے ہاتھ باندھے کھڑی ہیں اور شہر کی کوئی امیر زادی نہیں ہے جو حسد نہ کر رہی ہو۔ دوسری طرف خدا نے اس قدر نالائق و نا اہل پیدا کیا ہے کہ ان عزتوں میں سے کوئی مجھے نفع نہیں بخش سکتی۔
جہاں پناہ: کیوں نہیں نفع بخش سکتی؟
گلرخ بیگم: اس لیے کہ دوسرے کے لیے پیدا کی گئی ہوں اور دوسرے کے بس میں ہوں۔
جہاں پناہ: تو میں کب تمھیں اُس شخص کے بس سے باہر نکالنا چاہتا ہوں۔ میں نے تمھیں فقط دو گھڑی دل بہلانے اور باتیں کرنے کے لیے بلایا ہے۔
گلرخ بیگم: مگر میرے شوہر کو میرا کسی دوسرے کے پاس بیٹھنا اور باتیں کرنا بھی گوارا نہیں ہے۔ محبت والا شوہر تھا اور مجھے ہر قسم کا آرام پہنچاتا تھا۔ مگر افسوس میں اس قابل بھی نہ تھی۔ اب میرے یہاں آنے کو سُنے گا تو خدا جانے دل میں کیا کہے گا اور کیا کرے گا۔
جہاں پناہ: اگر تمھارے ساتھ اُس نے بُرا سلوک کیا تو سخت ترین سزا پائے گا۔ تمھارا میرے یہاں آنا، مجھ سے ملنا اور میرے پاس بیٹھنا نہ شرعاً گناہ ہے، نہ اخلاقی جرم ہے۔ پھر تمھیں وہ کس بات کا الزام دے سکتا ہے۔ نہیں، اس کی مطلق پروا نہ کرو اور اطمینان کے ساتھ بیٹھ کے ہنسو بولو۔ اس کا میں ذمہ دار ہوں کہ وہ تم پر کوئی بد گمانی نہ کرے گا اور اگر ایسا بد گمان شخص ہے کہ میرے کہنے سے بھی اُس کا اطمینان نہ ہوگا تو بے شک وہ سخت سزا کا مستوجب ہے۔
گلرخ بیگم: اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ بڑے غیور بلکہ اس بارے میں وہمی ہونے کے درجے تک پہنچ گئے ہیں۔ مگر مجھے یہ ہر گز نہیں گوارا ہو سکتا کہ میری وجہ سے انھیں آزار پہنچے۔
جہاں پناہ: بہر حال اب تو تم یہاں آ چکیں اور میرے کہنے سے آئیں۔ لہذا یہ بات تو کسی طرح نہیں مٹ سکتی۔ مگر کل صبح کو میں دربار میں پہلا یہ کام کروں گا کہ جمال خان کو بلا کے کہہ دوں گا کہ میرے کہنے سے لوگ تمھاری بیوی کو ملکۂ زماں نواب ممتاز الزمانی بیگم کے پاس لے آئے اور میں بھی اُن سے ملا مگر تمھاری عزت و آبرو کو اپنی آبرو تصور کر کے اُن کی عصمت و پاکدامنی کا پورا احترام کیا ہے، اور یہ کہہ کے ان سے اقرار کرا لوں گا کہ اُن کے دل میں کسی قسم کی بد گمانی نہیں رہی۔ اور تم سے میری خواہش ہے کہ آئی ہو تو تین روز تک ممتاز الزمانی بیگم کے پاس رہو اور دونوں وقت دسترخوان پر ساتھ کھانا کھایا کرو۔
گلرخ بیگم: میری عزت افزائی کے لیے یہ کافی ہے۔
جہاں پناہ: تو پھر اب شگفتگی کے ساتھ باتیں کرو۔
گلرخ بیگم: مینا بازار میں حضور سے جو دو باتیں کیں اُن کا تو یہ اثر ہوا کہ یہاں کھینچ بلائی گئی۔ زیادہ باتیں کیں تو خدا جانے حضور ظل سبحانی مجھے کیا حکم دیں گے؟
جہاں پناہ: اُن باتوں سے میرا دل بے قرار ہوگیا تھا اور اب ان باتوں سے اس کو قرار آئے گا اور تسکین ہوگی۔
گلرخ بیگم: کسی ایک ہی چیز میں ایسی دو خاصیتیں کیسے ہو سکتی ہیں جو ایک دوسرے کی ضد ہیں؟
جہاں پناہ (مسکرا کر): یہی تو تمھارےحُسن اور تمھاری اداؤں کا معجزہ ہے۔
گلرخ بیگم: اور مجھے اس کا دھڑکا ہے کہ پہلی گفتگو نے تو میرے شوہر کو بد گمان کر دیا ہوگا۔ یہ دوسری باتیں حضور ملکۂ آفاق کو بھی بد گمان نہ کر دیں کہ پھر دین و دنیا میں کہیں میرا ٹھکانہ نہ لگے۔
جہاں پناہ: اس کا مطلق اندیشہ نہیں۔ میری انیس و ہمدم ملکہ تمھارے شوہر کی طرح وہمی اور بد گمان نہیں ہیں۔
غرض خاصے کے ختم تک یہی باتیں رہیں اور اس کے بعد بھی آدھی رات تک انھیں کا سلسلہ جاری رہا۔ گلرخ بیگم جبر کر کے اپنے آپ کو شگفتہ اور بشاش بناتی تھی اور آورد کی شوخیاں کرتی تھی۔ جہاں پناہ بار بار کوئی چھیڑ کا فقرہ کہہ کے اس کی اس کوشش کو اُبھار دیتے۔ مگر باوجودیکہ وہ بہ ظاہر شوخیاں کرتی، دل خون ہو رہا تھا جس کے جذبات بعض اوقات چہرے پر بھی نمایاں ہو جاتے اور ان کی جھلک پر جہاں پناہ کی نظر پڑ جاتی۔ اب رات زیادہ آ چکی تھی۔ جہاں پناہ نے آرام فرمایا اور گلرخ بیگم فوراً نواب تاج محل کے کمرے میں پہنچا دی گئی جہاں اس کے سونے کا انتظام کر دیا گیا تھا۔تاج محل صاحبہ اس وقت تک جاگتی تھیں مگر عاقلانہ احتیاط سے کام لے کر انھوں نے گلرخ بیگم سے اشارۃً بھی اس کو نہیں پوچھا کہ جہاں پناہ سے کیا باتیں ہوئیں۔ صبح کو جہاں پناہ نے گلرخ بیگم کو ناشتہ پر بلوایا۔ نواب تاج محل خلاف معمول خود ناشتہ پر نہیں گئیں، فقط گلرخ بیگم کو خواصوں کے ساتھ بھیج دیا۔ کچھ دیر انتظار کر کے بادشاہ نے پوچھا: “بیگم نہیں آئیں؟ رات کو واپس آئیں یا جہاں آرا کے یہاں رہی تھیں؟”
ایک خواص: حضور رات ہی کو آ گئی تھیں مگر اس وقت حضرت آرام فرما چکے تھے۔ ساتھ ہی ایک خواص دوڑتی ہوئی گئی اور نواب تاج محل کو بلا لائی۔ سامنا ہوتے ہی جہاں پناہ نے پوچھا: جہاں آرا کیسی ہے؟ تاج محل نے اطمینان دلایا کہ اچھی ہے۔ رات کو طبیعت ذرا سست ہو گئی تھی، مجھے زیادہ ٹھہرنے کی ضرورت بھی نہ تھی مگر باتوں میں دیر ہو گئی۔
جہاں پناہ: خیر آؤ بیٹھو، تم نے اس وقت آنے میں کیوں دیر لگائی؟
تاج محل: دیر میں آنکھ کھلی۔
جہاں پناہ: یہ تو نہیں ہے کہ تم گلرخ بیگم کے سامنے میرے پاس آنے میں تامل کرتی ہو؟ اگر ایسا ہے تو یہ تمھاری غلطی ہے۔ میں تم سے کہے دیتا ہوں کہ میں نے گلرخ بیگم کو زیادہ تر تمھاری دلچسپی کے لیے بلایا ہے کہ ان کی وضع و صورت اور ان کی باتوں سے جو لطف میں نے مینا بازار میں اٹھایا تھا تم بھی محل کے اندر میرے سامنے اُٹھاؤ اور اسی سبب سے تم سے کہہ دیا تھا کہ جب تک یہ میرے پاس رہیں، تم بھی موجود رہا کرو۔ رات کو اتفاقاً ایسا واقعہ پیش آیا کہ تم کو مجبوراً چلا جانا پڑا، مگر اس وقت تمھارے دیر میں آنے سے مجھے شُبہ ہوتا ہے کہ شاید تم ان کی موجودگی میں میرے پاس بیٹھنے سے گریز کرتی ہو۔
تاج محل (ہنس کر): حضرت کا گمان ایک حد تک صحیح بھی ہے مگر ایسا تو اِن کے آنے کے بعد بھی اس وقت تک کبھی نہیں ہوا کہ حضرت نے یاد فرمایا ہو اور میں نہ آئی ہوں۔
جہاں پناہ: مگر میں چاہتا ہوں کہ بے بلائے اپنے معمول کے مطابق چلی آیا کرو۔ تمھارا آنا دو باتوں سے خالی نہیں ہے، یا تو تم میری نسبت بُرا گمان رکھتی ہو اور یا اِن کو تنہار چھوڑ کے ان کے شوہر جمال خان کو ان سے بد گمان کرنا چاہتی ہو۔
تاج محل: دونوں باتیں نہیں ہیں، لیکن ہاں یہ ضرور چاہتی ہوں کہ گلرخ بیگم سے باتیں کرنے میں حضرت آزاد رہیں۔ کیونکہ میرے سامنے ممکن ہے کوئی بات حضرت جہاں پناہ کے دل میں آئے اور اُس کا زبان سے نکالنا نامناسب ہو۔
جہاں پناہ: یہ تمھیں کیونکر معلوم ہوا کہ کوئی ایسی بات میرے خیال میں آئے گی؟ اسی کو میں بد گمانی کہتا ہوں۔ اگر اس قسم کے جذبات میرے دل میں ہوتے تو میں ان کو محل میں بُلا کے تم سے نہ ملاتا بلکہ کہیں اور مل لیتا۔ اصل یہ ہے کہ میں نے انھیں بلایا ہی تم سے ملانے کو ہے۔
تاج محل: جہاں پناہ کی اس مرحمت کی شکر گزار ہوں۔
اب نواب تاج محل بھی بادشاہ کے پاس بیٹھ گئیں اور باہم لطف و محبت کی باتیں ہونے لگیں۔ ممتاز الزمانی اگرچہ نہایت ہی متین اور خاموش بیوی تھیں مگر شوہر کی دلچسپی کے لیے شوخی اور مذاق کی باتیں کرتیں تاکہ گلرخ بیگم کو بھی ویسی ہی باتیں کرنی پڑیں اور جہاں پناہ اس کی باتوں سے لطف حاصل کریں۔
اس کے بعد نواب تاج محل ہر وقت بادشاہ اور گلرخ بیگم کی باتوں میں شریک رہیں۔
نواں باب
جمال آرا کا شوہر جمال خان
اس کے بعد جہاں پناہ نے برآمد ہو کے دربار کیا تو تمام اُمرائے دربار پر بار بار نظر ڈالتے کہ جمال خان بھی ہے یا نہیں مگر اُسے نہ دیکھا۔ کچھ دیر تک دل ہی دل میں اُس کی حاضری کا انتظار کیا مگر جب دیر ہو گئی اور اُس کی صورت نہ نظر آئی تو فرمایا: جمال خان رسالدار نہیں آیا؟ وزیر اعظم نے ہر طرف نظر دوڑا کے عرض کیا کہ وہ تو معلوم ہوتا ہے نہیں حاضر ہوئے۔ ساتھ ہی چوبداروں اور ہرکاروں نے دوڑ کے جمال خان کو خبر کی کہ تمھاری یاد ہوئی ہے۔
اُسے رات ہی کو اپنی بیوی کے محل میں جانے کی اطلاع ہو چکی تھی کیونکہ شوکت آرا نے گلرخ بیگم کی تاکید کے بموجب اُسی وقت گھر میں آدمی دوڑا کے اس کی اطلاع کر دی تھی۔ سُنتے ہی غیرت کی آگ میں جلنے لگا اور رات بھر پلنگ پر لوٹتے ا