ادبِ عالیہ
تعارف
اردو سے محبت کرنے والے وہ لوگ جو عصری تقاضوں سے بھی کماحقہٗ آگاہ ہیں، یہ ضرورت محسوس کرتے آئے ہیں کہ اردو کا ادبِ عالیہ انٹرنیٹ پر ٹائپ شدہ صورت میں موجود ہونا چاہیے۔ اس صورت میں ان شہ پاروں کی تلاش اور نمود غیرمعمولی طور پر آسان ہو جائے گی جو اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے نہایت مفید ہو گا۔ اس حوالے سے پہلے بھی کافی وقیع کوششیں ہوئی ہیں تاہم تسلسل سے کام بوجوہ نہیں ہو سکا۔ اب محبانِ اردو میں سے کچھ نے رضاکارانہ طور پر آگے آ کر ایک انجمن تشکیل دی ہے جو مجلسِ برقی اشاعتِ ادبیاتِ عالیہ کے نام سے موسوم ہوئی ہے۔اس کے اراکین زیادہ تر اردو کے سب سے بڑے آن لائن فورم اردو محفل سے تعلق رکھتے ہیں اور ان دنوں کلاسیکی ادب کو برقیانے میں نہایت سرگرمی سے کام کر رہے ہیں۔ خدا ان عاشقانِ پاک طینت کو استقلال عطا فرمائے۔
مجلس نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کا کام انٹرنیٹ پر متعدد جگہوں پر شائع کیا جائے تاکہ نہ صرف زیادہ سے زیادہ قارئین اس سے استفادہ کر سکیں بلکہ کسی ویب گاہ کو پیش آنے والے تکنیکی مسائل کی وجہ سے یہ سرمایہ ضائع یا ناقابلِ رسائی ہو جانے سے بھی محفوظ رہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ اراکینِ مجلس نے اس سلسلے میں جن ویب گاہوں کا انتخاب فرمایا ہے ان میں سے ایک اردو گاہ بھی ہے۔ مجلسِ برقی اشاعتِ ادبیاتِ عالیہ کی تمام پیشکشیں ان شاء اللہ تواتر سے اردو گاہ پر شائع ہوتی رہیں گی۔
اردو گاہ پر مجلس کے کام کے لیے شعبۂ ادبِ عالیہ قائم کر دیا گیا ہے جس تک آپ ہمارے مرکزی لائحہ (main menu) اور زیریں لائحہ (footer menu) کے اولین روابط سے پہنچ سکتے ہیں۔ ہر شائع شدہ کتاب ایک الگ مراسلے کی صورت میں ایک ہی صفحے پر مکمل پیش کر دی گئی ہے۔ ہر صفحے کے آغاز میں فہرست موجود ہے جس کے مندرجات کتاب کے مختلف ابواب سے مربوط ہیں اور آپ ایک کلک سے اپنی مرضی کے باب تک پہنچ سکتے ہیں۔ شعبۂ ادبِ عالیہ کا اپنا ذیلی لائحہ بھی تمام صفحات کے شروع میں موجود ہے جس کے ذریعے آپ کتب یا مصنفین کی فہرستوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔